جامعۃ المبشرین گھانا کی سرگرمیاں
مقابلہ پیدل چلنا
خدا تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین گھانا میں مورخہ 25؍فروری 2021ء پیدل چلنے کا مقابلہ ہواجس میں کل 64طلباء نے حصہ لیا۔ طلباء کو زیادہ سے زیادہ اڑھائی گھنٹے میں جامعۃ المبشرین کے فٹ بال گراؤنڈ کے چالیس چکر لگانے تھے۔ ریس کو کامیاب بنانے کے لیے درج ذیل شعبہ جات متحرک تھے: ڈسپلن، عمومی نگرانی، آب رسانی، طبی امداد، ریکارڈ و نتائج اور ریفریشمنٹ۔ ان تمام شعبہ جات کی نگرانی اساتذہ جامعہ نے کی۔
خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا) نے وِسل بجا کر مقابلہ شروع کروایا۔
اس مقابلہ کے نتائج حیران کن طور پر بہترین رہے۔ تمام طلباء ما سوائے ایک اپنا ہدف دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں حاصل کرنےمیں کامیاب رہے۔
مقابلہ میں پہلےنمبر پر آنے والے طالب علم عزیزم ظفراللہ خان (گھانا )نے ایک گھنٹہ چودہ منٹ، دوسرے نمبر پر آنے والے طالب علم عزیزم محمد احمد (گھانا ) نے ایک گھنٹہ چودہ منٹ اور سینتالیس سیکنڈز ، تیسرے نمبر پر آنے والے طالب علم یونس کمال دین (گھانا )نے ایک گھنٹہ پندرہ منٹ جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والے طالب علم عزیزم عبد اللہ کوبنا (گھانا)نے ایک گھنٹہ پندرہ منٹ اور سینتالیس سیکنڈز میں اپنا ہدف پورا کیا۔ پانچویں نمبر پر بھی گھانا کے طالب علم عزیزم بانچے عبدالوارث صاحب رہے جن کا وقت ایک گھنٹہ سولہ منٹ رہا۔ مجموعی طور پر امانت گروپ پہلے نمبر پر رہا۔ ریس کے دوران طلباء کو ریفریشمنٹ مہیا کی گئی۔
اللہ تعالیٰ تمام طلباء کے علم و صحت میں برکت دے اور اسی طرح تمام اساتذہ کو بھی بھرپور توانائی اور صحت کے ساتھ خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین
یوم آزادی گھانا کی تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 6؍مارچ 2021ء بروز ہفتہ جامعۃ المبشرین میں گھانا کا یوم آزادی منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز تہجد باجماعت سے کیا گیا۔ یوم آزادی کی تقریب جامعہ ہال میں صبح آٹھ بجے شروع ہوئی۔ تقریب کی صدارت خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا) نے کی۔ تقریب کے آغاز میں عزیزم ناصر یحیٰ صاحب نے تلاوت کی۔ اس کے بعد گھانا کے طالب علم عزیزم حسین بواٹنگ صاحب نے ترجمہ پیش کیا۔ گھانا کا قومی عہد عزیزم فردوس اسمانی صاحب نے دہرایا جس کے بعد عزیزم اسماعیل سینئر صاحب نے ساتھیوں کے ہمراہ گھانا کاقومی ترانہ پیش کیا۔
قومی ترانے کے بعد ’وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے‘ کے عنوان پر مکرم سعید آکوا صاحب نے تقریر کی جس کا اردو ترجمہ عزیزم ظفراللہ خان صاحب جبکہ عربی ترجمہ عزیزم عمر عبدالمالک صاحب نے پیش کیا۔
جامعۃ المبشرین میں گیارہ ممالک کے طلباء ہیں۔ گھانا کے یوم آزادی کے موقع پر سب ممالک کے طلباء کو اپنے قومی ترانے پیش کرنے کا کہا گیا تا کہ سب اپنے اپنے محبت کے جذبہ کے ساتھ پروان چڑھیں۔ لہٰذا اس موقع پر جامعۃ المبشرین میں زیر تعلیم دس مملک کے طلباء نے اپنے اپنے قومی ترانے پیش کیے جن میں آئیوری کوسٹ، لائبیریا، مڈغاسکر، مالی، نائیجر، سینیگال، ساؤتومے، گیمبیا، ٹوگو اور زمبابوے شامل ہیں۔
اس کے بعد پاکستانی اساتذہ جامعۃ المبشرین نے پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا۔ لیبیا سے تعلق رکھنے والے ایک استاد نے اپنے ملک کا قومی ترانہ پڑھا۔ ان مختلف ممالک کے ترانوں نے اس یوم آزادی کی تقریب میں خوب سماں باندھا۔
مدرسۃ الحفظ کے طلباء نے حمدیہ گیت پیش کیے جس کےبعد پرچم کشائی کی تقریب میں خاکسار نے لوائے احمدیت لہرایا اور مکرم معلم علی مجید صاحب نے گھانا کاجھنڈا لہرایا۔
پرچم کشائی کے بعد طلباء نے جامعہ ٹریک پر روٹ مارچ کیا۔ طلباء روٹ مارچ کے دوران ملکی قومی و حمدیہ گیت گاتے رہے۔ اس مارچ میں اساتذہ نے بھی حصہ لیا۔ مارچ کے اختتام پر طلباء اور اساتذہ کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)