جامعۃ المبشرین سیرالیون میں سیمینار
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین سیرالیون میں مورخہ8؍اپریل 2021ء کو بعد نماز مغرب و عشاء ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیرو مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت عزیزم مرتضیٰ بینڈو صاحب کو حاصل ہوئی۔ جامعہ کے طلباء کے ایک گروپ نے حضرت مصلح موعودؓ کی نظم نونہالانِ جماعت مجھے کچھ کہنا ہے ترنم کے ساتھ پیش کی اور اس کا انگریزی ترجمہ پڑھ کے سنایا۔
اس کے بعد آخری سال کے طلباء نے باآواز بلند وقف زندگی کا عہد پڑھ کر سنایا۔ پروگرام کی پہلی تقریر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عشقِ رسولﷺ کے بارے میں تھی۔ عزیزم حسن نوحا نے واقعات و تحریرات کی رو سے حضرت مسیحِ موعودؑ کا عشقِ رسول ﷺ بیان کیا۔
جامعہ کے طلباء کے ایک گروپ نے قصیدہ یاعین فیض اللّٰہ والعرفان پیش کیا جس کے ساتھ اس کا اردو اور انگریزی ترجمہ بھی ترنم کے ساتھ پیش کیا گیا۔
دوسری تقریر مکرم حامد علی بنگورا صاحب استاذ جامعہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ اسلام کے احیائے نو کے بارہ میں پیش کی اور بتایا کہ کس طرح ایک چیمپئن کی طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے پیشگوئیوں کے عین مطابق وقت پر آکر اسلام کی تجدید کی اور اسے دوسرے ادیان پر فاتح کیا۔
مکرم امیرصاحب نے طلباء سے اپنے خطاب میں انہیں بتایا کہ وقفِ زندگی کا عہد کوئی عام بات نہیں اور یہ وہ عہد ہے جو کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیلؑ نے اپنے رب سے کیا تھا اور اسے احسن طور پر پورا کیا۔ اور آپ کو ہر حال میں اللہ تعالیٰ سے کئے گئے اپنے اس عہد کو نبھانا چاہیے۔ اور کوئی دنیاوی آسائش یا تکلیف انہیں ان کے عہد کو پورا کرنےسے روکنے والی نہ ہو۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت پروگرام کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)