حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(22؍اپریل ۔08:00 GMT)

کل مریض: 144,484,099

صحت یاب ہونے والے: 122,685,672

وفات یافتگان: 3,072,685

٭…برطانوی اخبار نے سعودی عرب اور ایران کے عہدیداران کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے ملاقات کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایران اور سعودی دونوں اطراف سے اس خبر پر تصدیق یا تردید کسی بھی صورت میں رد عمل سامنے نہیں آیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا معمول کی بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے مابین ہونے والی بات چیت کے بارے میں میڈیا رپورٹس کو دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ ڈائیلاگ کا خیرمقدم کرتا ہے اور اسے دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے طور پر دیکھنا ہے۔دوسری جانب عراق میں تعینات ایرانی سفیر ارج مسجدی نے خلیجی ریاستوں کے ساتھ ایران کے تعلقات بہتر بنانے میں عراق کی ثالثی کا خیرمقدم کیاہے۔

٭… پاکستانی وفاقی وزیر برائے امورِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 16 ایم پی او کے تحت تحریک لبیک کے گرفتار 733 میں سے 669 افراد کو رہا کردیا گیاہے جبکہ سعد رضوی پر مقدمے سمیت 210 ایف آئی آرز قانونی عمل سے گزریں گی ۔پنجاب میں تیسری بڑی سیاسی جماعت تحریک لبیک کالعدم قرار دیے جانے کے خلاف تیس دن میں اپیل کرسکتی ہےجس پر ایک کمیٹی بنے گی جو کیس کا فیصلہ کرے گی۔ ریاست کسی کے دباؤ میں نہیں ہے۔ بین الاقوامی تعلقات اور ریاست کا معاملہ ہیں۔ وزیراعظم ناموس رسالت کے معاملے پر مغربی ملکوں کو اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیس اپریل کو قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا گیا، قرارداد میں فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے پر بحث بھی شامل تھی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات ریاست کا معاملہ ہیں، ناموس رسالت پروزیراعظم مغربی ملکوں کو اعتماد میں لیں گے، عمران خان دنیا کے حکمرانوں کو ناموس رسالت کی اہمیت سے آگاہ کرنے جارہے ہیں۔

٭…یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے (JCPOA) کے جوائنٹ کمیشن نے ویانا میں طویل عرصے کے بعد دوبارہ کام شروع کیا ہے۔ جوائنٹ کمیشن کے اجلاس میں چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور ایران کے نمائندوں نے شرکت کی اورامریکہ کی اس معاہدے میں واپسی اور اس کے مکمل اور موثر نفاذ کے لیے پابندیوں کو اٹھانے اور جوہری عملدرآمد کے ضمن میں مخصوص اقدامات کے بارے میں جاری گفتگو کا جائزہ لیا۔

٭…ترکی میں 24؍اپریل سے 4؍مئی تک ہونے والی افغان امن کانفرنس عید الفطر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش (Mevlüt Çavuşoğlu)کا کہنا ہے کہ افغانستان سے متعلق عالمی امن کانفرنس مئی کے وسط تک ملتوی کردی گئی ہے۔ جس کی وجہ طالبان کی اس میں شرکت کا غیر یقینی ہونا بھی ہے۔ دوسری جانب امریکہ سمیت متعدد ممالک کی جانب سے طالبان کو اس کانفرنس میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ یاد رہے کہ طالبان افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء تک کسی بھی طرح کے امن مذاکرات میں شرکت سے انکار کرچکے ہیں۔

٭…افریقی ملک چاڈ کے دارالحکومت انجامینا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 30 سال سے برسر اقتدار 68 سالہ صدر ادریس دیبی ساحلی کاؤنٹی میں باغیوں سے جنگ کے دوران فرنٹ لائن کے دورے میں شدید زخمی ہو جانے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پاگئے۔ صدر دیبی 1990ء میں فوجی بغاوت کے بعد اقتدار میں آئے تھے جبکہ وفات سے ایک روز قبل 11؍ اپریل کو ہونے والے الیکشن میں 79.3 فیصد ووٹ حاصل کر کے چھٹی بار ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

٭… سپین کی پولیس نے چھاپہ مار کر ایک غیر قانونی ورکشاپ کو تباہ کر دیا ہے جہاں تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے اسلحے تیار کیے جا رہے تھے۔کینیری جزائر کے سانتا کروز ڈی ٹینری کی تلاشی میں ملنے والی اشیاء میں دو تھری ڈی پرنٹرز کے ساتھ بندوق کے پرزے، ایک اسالٹ رائفل کی نقل، دو ٹیزر اور ایک مشیٹے یعنی بڑے خنجر شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں دہشت گردی اور شہری علاقوں میں گوریلا جنگ کے بارے میں کتابچوں کے علاوہ سفید فام بالادستی والے مواد بھی ملے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سپین میں دریافت ہونے والی یہ اس قسم کی پہلی ورکشاپ ہے۔

٭…سابق امریکی نائب صدر والٹر مونڈیل 20؍اپریل 2021ء کو بعمر 93 سال روزمینیاپولس میں انتقال کرگئے۔ وہ 1976ء سے 1980ء تک صدر جمی کارٹر کے نائب صدر تھے۔ سابق صدر جمی کارٹر نے کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ والٹر مونڈیل امریکی تاریخ کے بہترین نائب صدر تھے۔

٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث اپنا دورۂ بھارت منسوخ کردیا۔ اب وہ اس سال کے آخر میں بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب جاپان کے وزیر اعظم یوشیہ دے سوگا نے بھی اسی صورتحال کے پیشِ نظر اپنا دورہ منسوخ کردیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کی صورتحال کافی خراب ہوچکی ہے۔ گزشتہ دو ہفتے کے دوران وہاں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 16 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ علاوہ ازیں دلی میں ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

٭…بھارتی کانگریس پارٹی کے 88 سالہ رہنما اور معروف ماہر معاشیات سابق بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ موصوف 19؍ اپریل سے آل انڈیا انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسسز دہلی میں زیرِ علاج ہیں۔

٭…امریکی صدر جوزف بائیڈن نے کہا ہے کہ منظم نسل پرستی امریکی قوم پر دھبہ ہے۔ جارج فلائیڈ قتل کیس کا فیصلہ تبدیلی کی جانب ایک قدم ہے۔ پولیسنگ اور کریمنل جسٹس سسٹم میں موجود نسلی امتیاز کے عنصر کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بحیثیت امریکی متحد ہونے کا وقت ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں سیاہ فام جارج فلائیڈ قتل کیس میں 12 رکنی جیوری نے 45 سالہ سابق پولیس آفیسر ڈیرک چاون کو ان پر لگائے گئے تینوں الزامات میں مجرم قرار دیا جس پر اہلکار چاون کو تحویل میں لے لیا گیا۔ اسے اس جرم کی پاداش میں کئی دہائیوں تک قید کاٹنا پڑ سکتی ہے۔ جارج فلائیڈ کے حامیوں نےعدالت کے باہر جشن منایا جبکہ اس کے خاندان کے وکیل نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصلے کو تاریخ کا اہم موڑ قرار دیا۔

٭…یورپین اسائلم سپورٹ آفس (EASO) کی جانب سے جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام، افغانستان، پاکستان، عراق اور نائجیریا ایسے پانچ بڑے ممالک میں شامل ہیں جہاں کے رہائشی یورپ میں اسائلم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صرف فروری 2021ء میں یورپ میں اسائلم کی 38,300 درخواستیں جمع کروائی گئیں۔

٭…ایران کے صوبے بوشہر میں 5.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث ساحلی شہر بندر گنا میں بھگدڑ سے5 افراد زخمی ہوگئے۔ ایرانی حکام کے مطابق شہر میں دیواریں گرنے، دراڑیں پڑنے اور لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

٭…مصر کے دارلحکومت قاہرہ کے شمال میں واقع صوبے قلیوبیہ میں ٹرین حادثے میں متعدد بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے باعث کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ ایک سو کے قریب زخمی ہو گئے۔

٭…فرانسیسی دار الحکومت پیرس کے مشرقی علاقے میں ایک چھوٹا طیارہ گر کرتباہ ہونے سے اس میں سوار 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ ایک تربیتی پرواز تھی۔

٭… البانیہ کےدارالحکومت تیرانہ (Tirana) کی مسجد میں ایک چونتیس سالہ شخص کے چاقو حملہ سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ حملہ آور پولیس کو مارچ میں کیے گئے چاقو حملے میں بھی مطلوب تھا۔

٭…عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے کیس لگاتار 8 ہفتوں سے خطرناک شرح سے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے 5.2 ملین سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، یہ کورونا وائرس شروع ہونے کے بعد اب تک ایک ہفتے میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ شرح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب کورونا کی زد میں نوجوان بھی آرہے ہیں، 25 سے 59 سال کی عمر کے افراد میں انفیکشن اور ہسپتال میں داخل ہونے کی شرح ’خطرناک حد تک‘ بڑھ رہی ہے۔

٭…ترجمان وزارت صحت و سماجی تحفظ کے مطابق برطانیہ میں قرنطینہ کی سہولت فراہم کرنے والے ہوٹل لوگوں میں سے اکثریت کی ضروریات پوری کرتے ہوئے مہمانوں کو دن میں تین مرتبہ کھانا ، وائی فائی اور صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

٭…برطانیہ نے کورونا وائرس میں اضافہ کی وجہ سے بھارت کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کردیا ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ کسی ملک کو لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ جوائنٹ بائیوسیکورٹی سینٹر کرے گا۔ بھارت کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ قانونی طور پر چیلنج کردیا گیا ہے اور برطانیہ سے پاکستان گئے ہوئے خاندان کی درخواست پر قانونی کارروائی شروع ہوگئی ہے۔

٭…وزیراعظم بورس جانسن نے ڈاکٹر نکی کنانی کے ہمراہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ لندن میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائنسدان کورونا کی نئی لہر کے خدشے کا اظہار کررہے ہیں۔ ہمیں اب اس مرض کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔ سائنسی شواہد کے مطابق روڈ میپ کے تحت لاک ڈاؤن میں نرمی ہوگی۔ موسم خزاں میں کورونا پھیلنے سے روکنے کیلئے کیپسول دیئے جائیں گے۔

٭…ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں نوجوانوں کو ویکسین لگانا ترجیح ہے جبکہ ترقی پذیر ممالک میں عمررسیدہ افراد اس کے زیادہ مستحق ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ بنیادی وسائل کی منصفانہ تقسیم کےذریعے کورونا کی عالمی وبا پر چند ماہ میں قابو پایا جاسکتا ہے۔

٭…سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے متعلق افواہ پھیلانے پر ایک سے دس لاکھ ریال جرمانہ اور 5 سال قید یا بیک وقت دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

٭… پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 21؍ اپریل کو ہرارے میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دے دی۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 82 رنز محمد رضوان نے بنائے جبکہ عثمان قادر نے 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے 150 رنز کے ہدف کے مقابل زمبابوے کی ٹیم تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 138 رنز بناپائی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 15 انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں پاکستان نے فتح حاصل کی ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button