مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے زیر اہتمام نیشنل Fasting Challenge کا انعقاد
ہر سال جب رمضان کا مبارک مہینہ لوٹ کر آتا ہے تو روزہ کے بارہ میں غیر مسلموں کی جانب سے بعض سوالات اٹھتے ہیں۔ مسلمانوں سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا وجہ ہے کہ وہ اتنا مشکل چیلنج اختیار کرتے ہیں؟ اس کا جواب در اصل یہ ہے کہ ہم بطور مسلمان یہ یقین رکھتے ہیں کہ روزہ طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک ترکِ غذا کے علاوہ ایک قسم کی عبادت بھی ہے جس کے ذریعہ گناہ معاف ہوتے ہیں اور روحانیت میں ترقی ہوتی ہے۔
رمضان کے مقصد کو سمجھنے کا بہترین ذریعہ خود اس میں حصہ لینا ہے۔ اسی کی تعمیل کرتے ہوئے مجلس خدام الاحمدیہ یوکے نے Surrey Police Force کے ہمراہ مورخہ 28؍اپریل 2021ء کوایک نیشنل Fasting Challenge منعقد کیا تاکہ غیر مسلم احباب کو اس کے ذریعہ رمضان المبارک سے روشناس کرایا جائے۔ آیت
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الصِّیَامُ کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیۡنَ مِنۡ قَبۡلِکُمۡ لَعَلَّکُمۡ تَتَّقُوۡنَ
کی روشنی میں رمضان کے بارہ میں معلومات حاصل کرنے کے بعد Surrey Police کو روزہ رکھنے کے حوالہ سے ہدایات دی گئیں۔
اس پروگرام میں Surrey Police کے 72ممبران نے خود رمضان کا تجربہ کرنے کی خاطر اور اس سلسلہ میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر اس چیلنج میں حصہ لیا۔ اس چیز کا خاص خیال رکھا گیا تھا کہ جو بھی اس چیلنج میں حصہ لے، اس کو اس کی ضرورت کے مطابق مدد بھی دی جائے۔ Virtual سحری کے موقع پر شاملین کو روزہ رکھنے کے حوالہ سے ہدایات دی گئیں اور ان کو بتایا گیا کہ کس چیز کی اجازت ہے اور کونسی چیز ممنوع ہے۔ مسلمان رمضان المبارک کے ذریعہ اپنے اخلاق میں ترقی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پس رمضان المبارک ترکِ غذا کے علاوہ دوسرے اعلیٰ مقاصد بھی رکھتا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ دن کے دوران شاملین کو بھوک اور پیاس بھی لگی تھی۔ اس احساس کے باعث ان کو بھی خود یہ تجربہ کرنے کی توفیق ملی کہ مسلمانوں کو ماہِ رمضان کے دوران کن کن چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہےاور اس طرح ان کو اسلامی روزہ کے سلسلہ میں بصیرت بھی حاصل ہوئی۔ چیلنج کے شاملین نے اپنے اس تجربہ کو سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ FastingCollective# کے تحت شیئر بھی کیا۔
مجلس خدام الاحمدیہ یوکے نے شاملین کے لیے افطار کے لیے کھانے کے پارسلز کا بھی انتظام کیا تھا جس میں کھجور، بریانی اور میٹھا شامل تھا۔ پھر گزرے ہوئے دن پر غور کرنے، اپنے خیالات کا تبادلہ اور اس تجربہ کا جائزہ لینے کی خاطر ایک Virtual افطار بھی منعقد کیا گیا۔
خدا تعالیٰ کے فضل سے National Fasting Challenge بہت کامیاب اور غیر مسلم دوستوں کے لیے ایک بصیرت افروز تجربہ رہا۔ یہ علم کے حصول اور غور و فکر کرنے کا، اور متاثر کرنے والا دن رہا۔ خدا تعالیٰ چیلنج کے شاملین کو ان کی کوششوں اور محنت کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: ندیم احمد۔ معاون صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے)