سینیگال میں آتش زدگی سے متاثرہ دیہاتوں میں ہیومینٹی فرسٹ کی امدادی سرگرمیاں
ماہ مارچ میںسینیگال کے ریجن تانبا کنڈا میں متعدد گاؤں میں آتش زدگی کے واقعات ہوئے۔ چونکہ اس ریجن کے دیہاتوں میں زیادہ تر گھر گھاس پھوس سے بنے ہوئے ہیں اس لیے کسی بھی بے احتیاطی کی وجہ سے آگ بھڑکنےکی صورت میں آگ جلد ہی سارے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔ اس طرح ان واقعات میں نا صرف لوگوں کے گھر بلکہ ان کا سال بھر کا راشن، جانور بلکہ نقدی بھی جل کر خاکستر ہوگئی۔ اور اچانک ہی ایک لمحے میں نا صرف یہ غریب لوگ بےگھر ہوگئے بلکہ اپنے مال و اسباب بلکہ بستروں سے بھی محروم ہوگئے۔
اس صورت حال میں حکومتی انتظامیہ نے اور بعض دیہاتوں کے لوگوں نے جماعت احمدیہ سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے رابطہ کیا۔ چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ سینیگال نے ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کو بغرض تعاون تمام صورت حال سے آگاہ کیا تو انہوں نے گراں قدر امداد کی جس کی بدولت سینیگال کے ریجن تانباکنڈا کے متعدد دیہاتوں میں جلنے والے گھروں کے متاثرہ خاندانوں میں کھانے کا سامان مثلاً چاول، کوکنگ آئل، میکرونی، نیز سونے کے لیے گدیلے، کھانے کے لئے برتن، پانی کے لئے بالٹیاں اور مگ، پہننے کے لیے عورتوں اور بچوں کے کپڑے وغیرہ حسب استطاعت خرید کر دینے کی توفیق ملی۔ نیز متعدد خاندانوں کی بصورت نقدی بھی مدد کی گئی۔
اس طرح 7دیہاتوں کے 29خاندانوں کے 236 افراد میں 3000 ڈالرز کی مدد کی گئی۔ الحمد للہ
میئر تانبا کنڈا نے جماعت کو6 ایسے خاندانوں کی فہرست مہیا کی جن کے مکان جل گئے تھے۔ ان کے علاوہ قریبی دو دیہاتوں کے چار متاثرہ خاندانوں کو میئر تانبا کنڈا کی خواہش پر میری (Mairie) میں بلا کر ایک تقریب کی جس میں گورنر کی موجودگی میں جماعت احمدیہ کی سماجی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ اس تقریب میں مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت سینیگال، میئر تانبا کنڈا کی خصوصی دعوت پر شامل ہوئے۔ امیر صاحب نے حکومتی انتظامیہ کو جماعتی خدمات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں گورنر تانبا کنڈا، میئر تانباکنڈا اور دیگر عہدیداران کی موجودگی میں متاثرین میں امداد تقسیم کی گئی۔
بعض جگہوں پر حکومتی انتظامیہ کے تحت میئر اور گورنر کی موجودگی میں اور بصورت دیگر دور دراز دیہاتوں مثلاً پکی سڑک سے 50 کلو میٹر دور گاؤں میں خود پہنچ کر ان کے دکھ بانٹنے کے ساتھ ساتھ ان میں اشیائے خورو نوش تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ دیگر دیہاتوں میں خود جا کر متاثرہ خاندانوں میں امداد تقسیم کی گئی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کی ان خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)