گیمبیا میں بانجل کے علاقے کے متاثرین آتشزدگی میں امداد کی تقسیم
اللہ کے فضل وکرم سے مورخہ 29؍اپریل 2021ء کو بانجل ایریا، گیمبیا میں آتشزدگی سے متاثرہ فیمیلز میں دو مختلف مقامات پر امدادی اشیا تقسیم کی گئیں۔
Tabokoto: ان دو مقامات میں سے پہلا مقام Tabokoto ہے، جہاں آتشزدگی سے متاثرہ چار خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کی گئی۔
اس موقع پر مکرم امیر صاحب نے متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ جماعت احمدیہ ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہےاور یہی رمضان المبارک کا سبق ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی کریں اور ایک دوسرے کے غم کو کم کرنے کی کوشش کریں۔ امیر صاحب نے مزید کہا کہ ہمیں بہت دکھ ہے کہ ان متاثرین کے گھر مکمل طور پر جل گئے ہیں۔ ہم دعا کرتے ہیں اللہ ان کے لئے بہتر کرے۔
Mr Ngange، میونسپل ڈیزاسٹر کے کوآرڈینیٹر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمدیہ جماعت اس ملک میں اجنبی نہیں ہے۔ جب بھی قوم پر کڑا وقت آیا جماعت احمدیہ امداد کے لئے سب سے پہلے پہنچی ہے۔ اور بالخصوص ان کی میونسپیلٹی میں ہر موقع پر جماعت نے امداد کی ہے۔
اسی طرح کے خیالات کا اظہار کونسلر نے بھی کیا اور کہا کہ یہ حقیقی اسلام ہے کہ بے سہارا لوگوں کی مدد کی جائے۔ اور وہ بہت خوش ہیں کہ عین ضرورت کے وقت مدد کی گئی۔
آتشزدگی سے متاثرہ ایک خاندان کے سربراہ نے کہا کہ رمضان کے اس موسم میں جب چیزیں بہت مشکل سے میسر آتی ہیں اس طرح کی امداد غیبی مدد کے برابر ہے۔
ٹیلنڈنگ ایسٹ: ٹیلنڈنگ ایسٹ میں آتشزدگی کا خوف ناک واقعہ پیش أیا جس میں دومکان آتشزدگی سے مکمل جل گئے اور دو قیمتی جانیں صائع ہو گئیں۔ ان میں دو بہنیں (بعمر بارہ و سولہ سال) بھی شامل ہیں، جو تیز آگ کی وجہ سے کمرے سے نکل نہ سکیں اور اندر ہی جاں بحق ھو گئیں۔
مکرم امیر صاحب نے خاندان کے سربراہ سے افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ جماعت ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ اللہ تعالیٰ ان دونوں بچیوں کی مغفرت فرمائے۔ انہوں نے حاضرین کو رمضان کے بابرکت مہینے میں صدقہ و خیرات، تلاوت قران کریم اور عبادات کی طرف توجہ دلائی۔
اس موقع پر متوفیات کے والد نے مکرم امیر صاحب اور جماعت کا امداد کرنے اور تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ علاقے کے کونسلر کی سیکرٹری نے جماعت کا نہایت اعلیٰ الفاظ میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ احمدی بہترین ہمسائے ہیں جو ہمیشہ ہمارا خیال رکھتے ہیں۔ زلزلہ زدگان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر نے بھی جماعت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس جگہ دو خاندانوں کے نو افراد کے علاوہ اردگرد کے بیس افراد میں امداد تقسیم کی گئی۔ امداد میں چاول، پیاز، چینی کوکنگ آئل اور نقدی وغیرہ شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ دی گیمبیا کو خدمتِ خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈالنے کی توفیق عطا فرمائے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا تھا؎
مرا مقصود و مطلوب و تمنّا خدمتِ خلق است
٭…٭…٭