سویڈن میں سیمینار بعنوان مذہب اور آزادیٔ اظہار
17؍مارچ2021ءبروزبدھ جماعت احمدیہ مالموسویڈن نے ’’مذہب اور آزادی اظہار‘‘ کے عنوان سے ایک آن لائن سیمینار کا اہتمام کیا۔ یہ پروگرام حالیہ واقعات کی روشنی میں منعقد ہوا تھا جس میں عوامی مباحثے میں قرآن مجید کی کاپیاں جلانے، فرانس میں ایک انتہا پسند کا ایک سکول ٹیچر کو قتل کرنا جیسے واقعات کا ذکر ہونا اور آزادئ اظہار کوان واقعات کے ساتھ جوڑنا شامل ہے۔
آزادئ رائے کو سویڈن میں بہت اہم سمجھا جاتا ہے اور سویڈن کوآزادئ اظہار کے قوانین کے اطلاق میں ابتدائی اور بنیادی کردار ادا کرنے والا سمجھا جاتا ہے۔ 1766ء میں سویڈن میں دنیا کے پہلے آزادی صحافت قوانین میں سے ایک کو لاگو کیا گیا۔
اس سیمینار میں عیسائیت کی نمائندگی میں سویڈش چرچ کے پادری Per Kristiansson اور بدھ مذہب کی نمائندگی میں بدھست مُنک Dharmavajra نےشمولیت اختیار کی۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ مالمو، سویڈن) نے اسلام کی نمائندگی میں جماعت کی طرف سے شامل ہونے کی توفیق پائی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تمام مقررین نے اپنی تقاریر میں اس بات پر اتفاق کیا کہ آزادئ اظہار کرتے ہوئے دوسروں کے جذبات کا خیال رکھنا چاہیے۔ آزادی بے مہار نہیں ہونی چاہیے۔ بلکہ اس کا استعمال بہت ذمہ داری سے ہونا چاہیے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ لوگوں نے پروگرام کو بہت پسند کیا۔ اس پروگرام کو آن لائن 900سے زائد افراد نے دیکھا ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت کو اس قسم کے پروگرام منعقد کرنے کی توفیق عطا فرماتا رہے تاکہ اسلام کی حقیقی تعلیم کو زیادہ سےزیادہ پھیلایا جا سکے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)