سلام بر مہدی علیہ السلام
سلام اُس پر کہ جس کو مہدیٔ مسعود کہتے ہیں
جسے آخر زماں کا مصلحِ موعود کہتے ہیں
سلام اُس پر کہ آتھم گر گیا جس کے نظارے سے
سلام اُس پر کہ لیکھو مر گیا جس کے اشارے سے
جسے اللہ نے ظلّی نبوت کی سعادت دی
سلام اُس پر کہ جس کی چاند سورج نے شہادت دی
سلام اُس پر قلم جس کا چلا تیغِ دبنگ ہو کر
سلام اُس پر کہ جو آیا تھا سلطان القلم ہو کر
سلام اُس پر جو ہو کر مہدیٔ آخر زماں آیا
سلام اُس پر کہ جو بروقت در ہندوستاں آیا
رَجُل فارِس کا پھر وہ نورِ ایماں لے کے آیا ہے
سلام اُس پر ثریّا سے جو قرآں لے کے آیا ہے
سلام اُس پر کہ جو روشن زتنویرِ محمدؐ ہے
سلام اُس پر کہ جو سیرت میں تصویرِ محمدؐ ہے
بِنائے کفر جس نے ضربِ پیہم سے ہلا ڈالی
سلام اُس پر کہ جس نے احمدیت کی بِنا ڈالی
سلام اُس پر کہ جس نے توڑ ڈالے بت صلیبوں کے
کہ چمکے پھر ستارے دینِ احمدؐ کے نصیبوں کے
سلام اُس پرنئے خیبر کا جس نے در اکھاڑا تھا
صیحونی ڈوئی کو للکار کر جس نے پچھاڑا تھا
سلام اُس پر صدا جس کی ہے گونجی چاند تاروں تک
پیامِ رشد پہنچا جس کا دنیا کے کناروں تک
سلام اُس پر کہ جس کی جے کے نعرے جابجا گونجے
فضا جن سے ہے گونج اٹھی وہ در ارض و سما گونجے
سلام اُس پر جو کرنے صلح کا پرچار آیا ہے
لیے پھر شانتی کی لَے کرشن اوتار آیا ہے
محمدؐ کی قبا پہنے ہوئے اُس کا غلامؑ آیا
سلام اُس پر کہ جس کو مصطفیٰؐ کا بھی سلام آیا
باوصافِ حمیدہ جو کہ کُل نبیوں کا وارث ہے
سلام اِس ابنِ فارس پر کہ جو از نسلِ ‘‘حارث’’ ہے
سلام اے مہدیٔ دوراںؑ سلام اے میرزا تجھ پر
سلامِ مصطفیٰ تجھ پر سلامِ کبریا تجھ پر
(عبدالسلام اسلام۔لندن)