زیمبیا کے ایک نئے ضلع میں احمدیت کا قیام اور Minister of Gender کا پٹوکے مشن ہاؤس کا دورہ
افرادجماعت احمدیہ کا شیوہ ہے کہ جس ملک میں وہ بستے ہیں اس ملک سے محبت اور خدمت کرنا اپنا ایمان سمجھتےہیں اور اس محبت اور خدمت کی تعلیم رسول پاک ﷺ نے کیا ہی خوبصورت الفاظ میں دی ہے۔
حُبُّ الْوَطَنِ مِنَ الْاِیْمَان
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس محبت کے نظارے روحانی اور جسمانی لحاظ سے افراد جماعت کی طرف سے دنیا کے ہر ملک میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔اس کی ایک جھلک زیمبیا سے پیش خدمت ہے۔
ممبر آف پارلیمنٹ سے ملاقات
12؍دسمبر 2020ء کو جماعتی وفد کے ساتھ مشرقی صوبے کے شہر Nyimba جانے کی توفیق ملی۔ اس دورے کے دوران وہاں کی ممبر آف پارلیمنٹ سے ملاقات کی گئی۔ جس میں ان کو جماعت کا پیغام پہنچایا گیا اور جماعتی لٹریچر کے ساتھ مختلف اقسام کے 150 پھلدار پودے شہر میں لگانے کے لیے بطور تحفہ پیش کیے گئے اور ان سے اس شہر میں جماعتی سنٹر کھولنے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔
منسٹر صاحبہ کا مشن ہاؤس کا دورہ
23؍دسمبر 2020ء کو Minister of Gender زیمبیا نے اپنے 20رکنی وفد کے ہمراہ جماعتی مشن ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس دوران ان کو جماعت احمدیہ اور دوسرے مسلمان فرقوں کے مابین فرق کے بارے میں بتایا گیا اور یہ بھی بتایا گیا کہ کس طرح جماعت غریب اور نادار طلبہ کو سنٹر میں رکھ کر دینی و دنیاوی تعلیم میں ان کی مدد کرتی ہے۔ منسٹر صاحبہ نے مسجد، لائبریری اور سنٹر میں لگائے گئے پھلدار پودوں کا مشاہدہ کیا اور لوکل خدام و اطفال سے ملاقات بھی کی۔
اس دورے کے دوران منسٹر صاحبہ نے بہت خوشی کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نہ صرف ہماری نوجوان نسل کو برائیوں سے بچا رہے ہیں بلکہ ان کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کروا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہے ہیں اور ان کو چھوٹی عمر میں محنت کا عادی بنا رہے ہیں۔
آخر پر انہوں نے کہا کہ صدر مملکت زیمبیا نے انہیں خصوصی ہدایت کی ہے کہ جماعت کی طرف سے دس ہزار پھل دار پودوں کے تحفہ کو تمام منسٹرز میں تقسیم کیا جائے تاکہ وہ انکو مختلف سکولوں اور ہسپتالوں میں تقسیم کر سکیں۔
زیمبیا کے مشرقی صوبہ کے نئے ضلع Lusangaziمیں ’’وسع مکانک‘‘ کی ایک جھلک
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ عالمگیر دنیا میں ہرجگہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیادت اور دعاؤں کی برکت سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور اس کی جھلک ہمیں ہر روز اپنے جرائد، اخبارات، ایم ٹی اے وغیرہ کے ذریعے نظر آرہی ہے۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے زیمبیا میں بھی ایساہی ہو رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ پٹوکےسے64کلومیٹر کے فاصلے پر ڈسٹرکٹ Lusangazi میں جماعتی وفد بھجوانے کا سلسلہ اکتوبر 2020ء میں شروع کیا گیا۔ سب سے پہلے علاقے کے چیف اور کونسل سے تبلیغ کی اجازت لی گئی۔ پھر ہر ماہ جماعتی وفد کو چار پانچ دنوں کے لیے بغرض تبلیغ بھجوایا جاتا رہا۔ ان دوروں کے دوران جماعتی وفد نے 250 سے زائد افراد سے رابطہ کیا، ان کو جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچایا اور لٹریچر بھی دیا۔
مورخہ 13فروری بروز ہفتہ جماعتی وفد کے ساتھ ضلع Lusangazi کا دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ دورہ کے دوران ضلعی کونسل کے12ارکان سے ملاقات کی، ان کو جماعت کا پیغام پہنچایا اور کونسل کے احاطے میں لگانے کے لیے مختلف اقسام کے 150 پھلدار پودے بطور تحفہ پیش کیے۔ علاوہ ازیں 10 خاندانوں کے 50 افراد کو جن کو گذشتہ دو ماہ سے پڑھایا جا رہا تھا بیعت فارم پُر کروا کر باقاعدہ طور پر جماعت میں شامل کیا گیا۔ ان کو چندہ کے نظام میں شامل کیا گیا اور تین افراد نے چندہ بھی ادا کیا۔ اس طرح اس ضلع میں پہلی دفعہ جماعت کا قیام ہوااور 2ہیکٹر کے قریب قطعہ زمین بھی مسجد، مشن ہاؤس اور لائبریری کی تعمیر کے لیے حاصل کی گئی۔ ان افراد کی تعلیم و تربیت کے لیے معلم سلسلہ کو اس شہر میں تعینات کیا گیا۔ دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالی ان نئے احمدیوں کو اپنے ایمان و ایقان میں بڑھاتا چلا جائے اور اس ضلع کی زیادہ سے زیادہ نیک اور سعید روحوں کو جماعت میں شمولیت کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری ان کوششوں میں برکت ڈالے اورزیادہ سےزیادہ لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔
(رپورٹ: طاہر احمد سیفی۔ مبلغ سلسلہ پٹوکے(Petauke) زیمبیا)