عوامی جمہوریہ کونگو میں رمضان المبارک اور عید الفطر کی سرگرمیاں
ماہ رمضان سال کا وہ مبارک مہینہ ہے جس میں مومنین اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک اہم رکن یعنی روزہ کا التزام کرتے ہیں اور دیگر عبادات بجا لاتے ہیں۔ صدقہ و خیرات بھی کرتے ہیں غرض تمام عبادتوں میں ایک گونہ تیزی آجاتی ہے اور ہر کوئی اپنے رب کا قرب تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
اللہ کے فضل و کرم سے عوامی جمہوریہ کونگو میں دوران رمضان مساجد اور نماز سنٹرز میں سادگی کے ساتھ افطار کا انتظام ہوتا رہا۔ اسی طرح نماز تراویح اوردروس القرآن کا انتظام بھی ان سرگرمیوں کا حصہ تھا۔ علاوہ ازیں رمضان کے آخر اور عید الفطر کی مناسبت سے غرباء، مساکین، بیوگان اور شہداء کی فیملیز میں عید کا تحفہ تقسیم کرنا بھی رمضان کی رونق بڑھانے کا باعث ہوا۔ اس کار خیر میں جماعتی نظام کے ساتھ ساتھ Humanity First اور IAAAE نے بھی حصہ لیا اور ایک کثیر تعداد اور دور دراز علاقوں تک عید کی مناسبت سے اشیائے خور و نوش تقسیم کی گئیں۔ اس سلسلہ میں ریجن وائز مساعی کی کچھ تفاصیل حسب ذیل ہیں۔
KINSHASA REGION
کنشاسا ملک کا دارالحکومت اور جماعتی ہیڈ کوارٹر ہونے کی حیثیت سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس ریجن کی 7جماعتوں میں باقاعدہ تراویح کا اہتمام کیا جاتا رہا۔ مرکزی مشن ہاؤس Barumbuمیں فجر اور تراویح کے بعد مختصر دروس القرآن وحدیث جاری رہے۔ علاوہ ازیں مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مبلغ انچارج نے تین دن تفصیلی درس القرآن کا اہتمام بھی کیا۔ اسی طرح 23؍اپریل 2021ء کو مکرم امیر صاحب نے نماز جمعہ Kimbanseke جماعت میں پڑھائی اور وہاں بھی درس دیا۔
اس ریجن میں جماعتی انتظام کے تحت 19جماعتوں میں افطاری کا انتظام کیا جاتا رہا۔ اسی طرح 85گھرانوں میں نقد عیدی تقسیم کی گئی۔ نیز Humanity First کے تحت 84راشن بیگز بنا کر تقسیم کیے گئے جن سے 84گھرانوں کے 750افراد مستفیدہوئے۔
کونگو میں مرکزی اجتماع، عید کے لیے عموماً ایک ہال کرائے پر لیا جاتا ہے۔ امسال نماز عید پر قریباً 700احباب وخواتین و بچگان کا اجتماع ہوا اور 17چھوٹی بڑی گاڑیوں میں احباب کی ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے نماز پڑھائی اور خطبہ دیا۔ دعا کے بعد تمام حاضرین میں کھانا تقسیم کیا گیا اور چھوٹے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ ریجن کی 8دور دراز جماعتیں جن کے لیے مرکزی اجتماع میں شمولیت ممکن نہ تھی ان کے لیے بھی عید کے کھانے کا انتظام کیا گیا جس سے مزید 200احباب جماعت مستفید ہوئے۔ اس عید کی ایک قابل ذکر بات یہ بھی تھی کہ غیر احمدی مسلمانوں اور جماعت احمدیہ کی عید ایک دن ہی تھی لیکن ان کے اجتماع میںعید کے موقع پر امامت کرانے پر جھگڑا ہو گیا۔یہ جھگڑا اتنا بڑھا کہ حکومت کو پولیس بلوانی پڑ گئی۔سارے شہر میں اس کی باتیں ہونے لگیںلیکن ساتھ ساتھ لوگ جماعت احمدیہ کے نظام کی تعریف بھی کرنے لگے۔اگلے روز کے اخبارات میں جہاں عام مسلمانوں کے طرز عمل کی خبر نے اسلام کے بارے میں منفی تاثر دیا وہیں جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیت سے بھرپور مساعی نے اسلام کے حقیقی چہرہ سے لوگوں کو متعارف کروایا۔اسی طرحCovid-19کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد یہ کنشاسا میں پہلا اتنا بڑا اجتماع تھا جس سے احباب جماعت میں ایک الگ جوش وخروش دیکھنے میں آیا۔
میڈیا کوریج
ریجن کنشاسا کے پروگرامز کی کوریج ملک کے 5بڑے اخبارات نے کی جن کے نام یہ ہیں: Le Potentiel L‘Avenir Le Courrier De KINSHASA Africa News Forum des As
BANDUNDU REGION
اس ریجن کی 25جماعتوں میں باقاعدہ نماز تراویح کا التزام کیا گیا۔ ان میں سے پندرہ جماعتوں میں بعد از تراویح درس اور سوال و جواب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ 9جماعتوں میں باقاعدہ جماعتی انتظام کے تحت روزانہ افطاری کا انتظام کیا گیا جس سے ہر روز 280احباب مستفید ہوئے۔
عید کے دن کل بارہ جماعتوں میں احباب جماعت کی کھانے سے تواضع کی گئی۔اس دعوت عید سے کل 1500احباب جماعت نے حظ اٹھایا۔
رمضان المبارک کے دوران اس ریجن کے 80دیہات اور جماعتوں میں مستحقین میں عیدی اور راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ اس تحفہ عید سے 4000سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ ان تمام کارہائے خیر میں جماعت نے Humanity First Congo اور IAAAE کے اشتراک سے بڑھ چڑھ کر انسانیت کی خدمت کی۔
میڈیا کوریج
اس ریجن کی مساعی کی کوریج نیشنل ٹی وی RTNC اور ایک مقامی ٹی وی RTBD نے کی۔ کل ڈیڑھ گھنٹے کی نشریات ٹی وی پر دکھائی گئیں۔
اس کے علاوہ ملک کے چوٹی کے اخبارات جن میں LE POTENTIEL, ACP, LE COURRIER DE KINSHASA, AFRICA NEWS اور L‘AVENIR نے آرٹیکلز لکھے۔ کل کوریج قریباً پانچ لاکھ افراد تک جماعت کا پیغام پہنچانے کا باعث بنی۔
KANANGA REGION
رمضان المبارک کے دوران 6جماعتوں میں 44ریڈیو پروگرامز ہوئے۔ ہر پروگرام کا دورانیہ 45منٹ رہا۔ ان پروگرامز میں رمضان کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔ کانانگا میں Radio RTC پر روزانہ قبل از سحر و افطار 15منٹ کا درس نشر کیا جاتا رہا۔
اس ریجن میں Humanity First Congo کے تعاون سے 45گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا جس میں مکئی، خوردنی تیل، مانیوک، لوبیا، چائے کی پتی۔ چینی اور نمک شامل تھا۔ اس سے 400افراد نے فائدہ اٹھایا۔ 25ایسے گھرانوں کی مددجن میں بیوگان اور یتامیٰ تھے ا مدادی رقم کے ذریعہ سے کی گئی۔ اور عید کے دن پانچ لوکل مشنز میں عید کا کھانا تقسیم کیا گیا جس سے 600احباب نے استفادہ کیا۔
Humanity First کے تعاون سے اس ریجن میں 70مستورات اور 60بچیوں میں سلے سلائے کپڑے تقسیم کیے گئے۔ جماعتی سطح پر اس ریجن کی 80جماعتوں میں عید کا کھانا تقسیم کیا گیا جس سے 3500افراد نے فائدہ اٹھایا اور 60گھرانوں کے 300افراد جن میں بیوگان اور یتامیٰ شامل ہیں کو نقد عیدی دی گئی۔
میڈیا کوریج
پانچ لوکل ریڈیو چینلز RTM, RTC,KHRT,KGA24, Louluabourg FM نے جماعتی مساعی پر پروگرامز کیے اور قریب ایک لاکھ لوگوں تک پیغام پہنچا۔ اسی طرح پرنٹ میڈیا میں Websitesنے خبر نشر کی جن میں congoprofound.com اور actualite.cd شامل ہیں۔ اور اخبار ACP نے بھی اس ریجن کی جماعتی مساعی پر خبر دی۔
Matadi Region
اس ریجن کی جماعتوں Seke-Banza Kinzao-Mvute اور Matadi City میں روزانہ درس حدیث اور درس قرآن کا اہتمام کیا گیا۔
اس ریجن کے 350خاندانوں میں اشیائے خور و نوش تقسیم کی گئیںجن سے اندازاً دو ہزار افراد مستفید ہوئے۔ یہ اشیاء ریجن کے 14دیہات اور 4جماعتوں میں تقسیم کی گئیں ۔جن کے نام یہ ہیں: SANDA, NSIONI, KIYALALA, MONZI 1, MONZI 2, MATERNE, KINSAKATA, LEMBA, VINGHT NUIT, MPATU, LUNGAVASA, KIZULUTADI KINZAO-MVUETE, TADI,SEKEBANZA,YILA,MIANZI اور KIBUATU۔
عید کے دن نماز عید کے بعد MATADI اور KINZAO-MVUETEاور NSIONIمیں کھانا پکا کر تمام حاضرین کو پیش کیا گیا۔ مزید بر آں ریجن میں واقع جیل KINZAO-MVUETE میں 71 قیدیوں کو عید کی نماز کے بعد کھانا پیش کیا گیا ۔
میڈیا کوریج
ریڈیو احمدیہ پر روزانہ کی بنیاد پر درس قرآن اور حدیث نشر کیے گئے اس کے علاوہ رمضان کے حوالے سے ہفتہ وار پروگرام بھی کیا جاتا رہا جس میں مختلف سوالات کے جوابات دیے جاتے رہے۔ ان تمام پروگرامز سے روزانہ کی بنیاد پر محتاط اندازے کے مطابق کم از کم ایک لاکھ سے زائد افراد استفادہ کرتے رہے۔ علاوہ ازیں RADIO FORMOZA اور RADIO ZOLA MATADI نے عید کے حوالہ سے خبریں نشر کیں۔ اس کے علاوہ لوکل ٹی وی RTZنےبھی خبر نشر کی۔ یہ ٹی وی متادی شہر اور اس کے گرد ونواح میں بہت ہی زیادہ مقبول ہے۔ اس پر پینتالیس پینتالیس منٹ کے دو پروگرام اور خبروں میں جماعتی پروگرامز نشر کیے گئے۔ ٹی وی پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائےاحمدیت کی تصاویر اور تعارف بھی پیش کیا گیا۔ ان تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعہ کم از کم ایک ملین افراد تک پیغام پہنچا۔
KIKWIT REGION
اس ریجن کی گیارہ جماعتوں میں باقاعدہ نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد 6جماعتوں میں باقاعدہ درس القرآن کا انتظام کیا گیا۔ اسی طرح 8جماعتوں میں جماعتی انتظام کے تحت باقاعدہ افطاری کا بند و بست بھی کیا جاتا رہا اور دو جماعتوں یعنی Kikwit شہر اور Kengeمیں نماز فجر کے بعد درس القرآن کا انعقاد بھی کیا جاتا رہا۔
Humanity First کے تعاون سے اس ریجن میں پندرہ گھرانوں میں کپڑے اور تحائف تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ تین لوکل مشنز سنٹرز کے 67گھرانوں میں چینی اور چاول تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح 12جماعتوں کے 157افراد کو نقد عیدی دی گئی۔
IAAAE کے تعاون سے Kikwitشہر کی جماعت کے 24گھرانوں میں چاول اور چینی تقسیم کی گئی۔اس کے علاوہ چار جماعتوں کے 194افراد کو نقد عیدی دی گئی۔
جماعت کے زیر انتظام 26جماعتوں میں عیدی بھجوائی گئی جس سے 600افراد نے استفادہ کیا۔ کونگو جماعت کے ایک شہید مکرم ابراہیم کولوتا صاحب کے اہل خانہ کو نقد عیدی بھی دی گئی اور نئے کپڑے بھی خرید کر دیے گئے۔ ان تمام مساعی کے علاوہ حکومتی عہدیداران کو بھی تحفہ عید دیا گیا۔ ان میں میئر، ڈائریکٹر امیگریشن اور پولیس کرنل شامل ہیں۔
BOMA REGION
اس ریجن کی مرکزی جماعت Bomaشہر میں تراویح کا انتظام کیا گیا اسی طرح درس القرآن اور افطاری کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس ریجن کے پانچ دیہات کے 200احمدی اور غیر احمدی گھرانوں کو راشن دیا گیا اور بچوں کے لیے الگ 250پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ Bomaشہر کی جیل میں 300قیدیوں کے لیے خشک راشن فراہم کیا گیا۔ عید کے روز پچاس احمدی احباب کو عید کا کھانا بھی پیش کیا گیا۔ حکومتی عہدیداران میں سے آرمی کے جنرل، شہر کی میئر اور کونسلر کو عید کا تحفہ بھی دیا گیا۔
MBANZA-NGUNGU REGION
اس ریجن کی گیارہ جماعتوں میں 301افراد تک عید کی مناسبت سے راشن اور نقد عیدی پہنچائی گئی۔
Inongo Region
اس ریجن کی 5جماعتوں میں باقاعدہ نماز تراویح کا اہتمام کیا جاتا رہا اور 6جماعتوں میں باقاعدہ افطاری کروائی گئی۔
Humanity Firstکے تعاون سے اس ریجن کی 330فیملیز میں عید کے دن پکانے اور عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کے لیے راشن تقسیم کیا گیا۔ عید کے دن 13 ریجن کی جماعتوں میں احباب جماعت کو کھانا پیش کیا گیا۔
BUKAVU REGION
رمضان المبارک کے دوران اس ریجن کی 16جماعتوں میں تراویح اور درس القرآن کا اہتمام کیا گیا۔ ریجن کی 9جماعتوں کے 190گھرانوں میں دوران رمضان اور عید کے موقع پر راشن تقسیم کیا گیا۔ اس سے 900افراد مستفید ہوئے۔ Bukavuشہر کے مضافاتی علاقہ Bagira میں 15گھرانوں کے 73افراد میں راشن تقسیم کیا گیا۔ یہ علاقہ ایسا ہے کہ اس تک پہنچنے کے لیے دو کلومیٹر پیدل پہاڑی علاقہ میں سفر کرنا پڑتا ہے۔ اس علاقہ میں راشن تقسیم کے بعد چیف صاحب نے Humanity Firstکونگو کا شکریہ ادا کیا۔ اس علاقہ میں ایک آبادی Pygmiesکی بھی موجود ہے اور اللہ کے فضل سے یہاں پر Kapembaگاؤں میں جماعت بھی قائم ہو چکی ہے۔ یہ لوگ ایک نظر انداز کیے جانے والے طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان احباب کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے اس گاؤں میں بھی راشن تقسیم کیا گیا جس پر لوگوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیت کی ان مساعی کو مثمر باثمرات حسنہ بنائے آمین۔
(رپورٹ: شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)