جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے زیر اہتمام رمضان اور عید کے تحائف کی تقسیم
اللہ تعالیٰ کے فضل اور کرم سے امسال رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو 120 خاندانوں میں ضروریات زندگی کا سامان تقسیم کرنے کا موقع ملا۔ الحمدللہ
جامعہ احمدیہ تنزانیہ جس علاقہ میں واقع ہے وہاں کے تین محلہ جات کے سرکاری نگرانوں کی مدد سے مستحق افراد کی فہرست بنائی گئی، بعد ازاں ان افراد کو دعوت نامہ بھجوایا گیا۔
تقسیم تحائف کے لیے مورخہ 12؍مئی 2021ء کو ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ضلعی کمشنر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، ان کے ساتھ ساتھ لوکل کونسلر (ناظم علاقہ) اور ان کی مقامی کابینہ کے تمام افراد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد طلبہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا عربی زبان میں قصیدہ پڑھ کر سنایا۔
بعد ازاں پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے مہمانان کا تعارف کروایا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد باقاعدہ طور پرتقسیم تحائف کا آغاز ہوا۔
ایک سو بیس(120)خاندانوں میں 1.8 ملین تنزانین شلنگز کا راشن تقسیم ہوا، جس میں 10 کلو مکئی کا آٹا، 2کلو چاول اور 2کلو مہاراگے(بینز) ہر خاندان میں تقسیم کیے گئے۔
اسی طرح مہمانان نے حاضرین سے مختصر خطاب بھی کیے۔ ڈسٹرکٹ کمشنر موروگورو مکرم بکری مسولوا صاحب نے جامعہ احمدیہ اور جماعت احمدیہ تنزانیہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا اور میڈیا کے توسط سے دیگر مذاہب اور اداروں کو بھی تلقین کی کہ وہ جماعت احمدیہ کی طرح عوام الناس کی خدمت کے جذبہ میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں تاکہ محبت و یکجہتی کی فضا مزید مظبوط ہو۔
پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ غرباء میں آج جو تحائف تقسیم کیے جا رہے ہیں اس کا مقصد خدمت انسانیت اور حکومت کی تحریک پہ لبیک کہنا ہے جو وقتاً فوقتاً مختلف کمیونٹیز کو اس عمل کی ترغیب دلاتی رہتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آج کی تقریب کا مقصد اپنے ہم وطن پڑوسیوں کو رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا بھی ہے۔
مقامی ناظم علاقہ محترم حمیس نڈاواٹا صاحب نے جامعہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ کے لیے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ بھی اس کار خیرمیں حصہ ڈالنا چاہیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ ناظم علاقہ نے اعتراف کیا کہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ اور جماعت احمدیہ مقامی علاقہ کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ صف اول میں نظر آتے ہیں اور اپنے ہم وطن پڑوسیوں سے قریبی تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حال ہی میں جامعہ انتظامیہ کی طرف سے مقامی علاقہ کے سرکاری سیکنڈری سکول کی تعمیر و توسیع کے لیے سیمنٹ کے تھیلے بطور تحفہ دیے گئے۔
تقریب کے اختتام پر مکرم پرنسپل صاحب جامعہ نے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ کمشنر موروگورو کو قرآن کریم (سواحیلی ترجمہ) اور جائے نماز کا تحفہ پیش کیا۔
اس تقریب کی میڈیا کوریج کے لیے مختلف مقامی و ملکی ٹی وی چینلز کے نمائندہ صحافی بھی تشریف لائے۔ جس کے نتیجہ میںاخبار و ٹی وی نیوز چینلز کے ذریعہ وسیع پیمانہ پر جماعت کا تعارف عوام الناس تک پہنچا۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر دے اور اس کاوش کو اپنی جناب میں قبولیت بخشے۔ آمین
(رپورٹ: عبد الناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭