خبرنامہ۔ اہم عالمی خبروں کا خلاصہ
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(07؍جون۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 174,054,973
صحت یاب ہونے والے: 157,076,436
وفات یافتگان: 3,744,165
٭…یورپین یونین کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یورپین یونین نے بیلارس کے جہازوں کے لیے یورپین یونین کی فضائی حدود اور اس کے ائیر پورٹس کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ اقدام 23؍ مئی کو بیلارس کی جانب سے رائن ائیر کے ایک عام مسافر جہاز کو فوجی طیاروں کی مدد سے منسک میں اتار کر ایک صحافی رامن پراتسا وچ اور اس کی ساتھی کو گرفتار کرنے کے ردِ عمل میں کیا گیا ہے۔
٭… توہین رسالت کے الزام میں سات سال سے پاکستان کی جیل میں قید مسیحی جوڑے شگفتہ کوثر اور شفقت عمانوایل کے وکیل کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے اُنھیں بے قصور قرار دیتے ہوئے بری کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ 2014ء میں اس جوڑے کو اس جرم میں موت کی سزا سنائی گئی تھی کہ ان کے نام پر رجسٹرڈ موبائل نمبر سے مقامی مسجد کے امام کو پیغمبرِ اسلام کے بارے میں توہین آمیز میسیجز بھیجے گئے تھے۔ ان کے وکیل سیف الملوک نے توہینِ رسالت کے مقدمے میں سزا پانے والی آسیہ بی بی کے مقدمے کی پیروی بھی کی تھی اور سزا کے خلاف اپیل میں فیصلہ آسیہ بی بی کے حق میں آیا تھا۔
٭… امریکی خفیہ ایجنسی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے ایک کیس کی تفتیش کے سلسلے میں امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کے ایک آن لائن مضمون کو کلک کرنے والوں کے آئی پی ایڈریسز، فون نمبرز اور دیگر نجی معلومات مانگ لیں۔ یہ خبر دو ایف بی آئی ایجنٹوں کے قتل سے متعلق ہے۔ اخبار کی انتظامیہ نے وارنٹ کی منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کیا اور کہا کہ یہ مطالبہ آزادیٔ صحافت کے تحفظ سے متعلق پہلی آئینی ترمیم کی واضح خلاف ورزی ہے۔
٭…عالمی جنگی جرائم عدالت نے بوسنیا کے قصائی کہلانے والے سرب کمانڈر راٹکو ملاڈچ کو بوسنیا میں ہونے والی جنگ کے دوران جنگی جرائم کی منصوبہ بندی کرنے پر 2017ء میں عمر قید سنائی تھی۔ راٹکو ملاڈچ کی جانب سے فیصلے پر کی جانے والی اپیل کا حتمی فیصلہ منگل کے روز سنایا جائے گا۔ ان جرائم میں سربرینیکا میں 8 ہزار سے زائد بوسنیائی مسلم مردوں اور لڑکوں کی نسل کشی بھی شامل ہے۔ 1992ء سے 1995ء تک جاری رہنے والی جنگ بوسنیا میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوگئے تھے۔
٭…ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے سیاسی پناہ کا نیا قانون منظور کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کو درخواست منظور ہونے تک افریقی ملک روانڈا میں انتظار کرنا ہوگا۔ ڈینش پارلیمنٹ کے مطابق اس قانون کو متعدد جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ سیاسی پناہ کی درخواست منظور نہ ہونے کی صورت میں تارکین وطن کو اپنے ملک میں واپس بھجوادیا جائے گا۔
٭…عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر پاکستان نے ایک عالمی تقریب کی میزبانی کی۔ تقریب میں عالمی برادری نے تسلیم کیاکہ ہمیں آئندہ نسلوں کی فکر ہے اس لیے ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی بہتری کے لیے فنڈز مہیا کریں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے عالمی یوم ماحولیات کی تقریب کی میزبانی ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہیں خوشی ہے کہ بہت جلد پاکستان ماحولیات کے حوالے سے کاوشوں میں عالمی نقشہ پر ابھرآیا۔ دنیا اب اس کا ادراک رکھتی ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اپنی آنے والی نسلوں کے لیے مثبت اقدامات اٹھا رہاہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے وزیراعظم پاکستان کےدس بلین ٹری سونامی جیسے بڑے منصوبوں کو قدرتی ماحول کے تحفظ و بحالی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ اسی طرح اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس مسئلےسے کوئی ملک اکیلا نہیں نمٹ سکتا، سب کو مل کر اقدامات کرنا ہونگے۔دوسری جانب پاکستان میں چین کے سفیر نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے پیغام پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے عالمی یومِ ماحولیات 2021ء کی کامیاب میزبانی کرنے پر پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ماحولیات کے شعبہ کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بورگ برینڈے نے عالمی یوم ماحولیات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ماحولیاتی نظام کی بہتری کے لیے دنیا کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے اس موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھی ماحولیاتی نظام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
٭…نائیجیرین صدر محمد بوہاری نے ایک ٹویٹ میں سرکاری عمارتوں پر حملوں میں ملوث عناصر کو سزا دینے کی دھمکی دی۔ جس پرٹوئٹر کی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے پر ان کا ٹویٹ ڈیلیٹ کردیاگیا۔ اس پر انہوں نے نائیجیریا میں ٹوئٹر کی سروس کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے معطل کردیا ہے۔
٭…افریقی ملک برکینا فاسو کے شمالی شہر سولھان میں 4؍ اور 5؍ جون کی درمیانی شب شدت پسندوں کے حملے میں خواتین سمیت ایک سو کے قریب شہری ہلاک ہوگئے۔ برکینا فاسو کی حکومت نے اس سانحے پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
٭…افغانستان کے مغربی صوبے بادغیس میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے خواتین و بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی فوج کے افغانستان سے مکمل انخلا سے قبل کشیدگی میں اضافے کا خدشہ بڑھ رہاہے۔ بادغیس کے گورنر حسام الدین شمس نے طالبان پر بم نصب کرنے کا الزام عائد کیا جبکہ طالبان کی جانب سے اس الزام پو کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
٭… پاکستان کے صوبہ سندھ میں گھوٹکی کے قریب دو ٹرینوں، سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس میں تصادم کے نتیجے میں حکام کے مطابق کم از کم 40 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق یہ حادثہ گھوٹکی میں ریتی ریلوے سٹیشن کے قریب 7؍ جون کی صبح پیش آیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر ڈاؤن ٹریک پر جا گریں اور راولپنڈی سے آنے والی سرسید ایکسپریس ان سے ٹکرا گئی۔
٭…سری لنکا میں ڈوبنے والے سمندری جہاز کے سمندری سفر کا ڈیٹا ریکارڈر (وی ڈی آر) جسے ‘سمندری بلیک باکس’ بھی کہا جاتا ہے، برآمد کرلیا گیا ہے تاہم تیل کے رسنے کی وجہ جاننے کے لیے کی جانے والی غوطہ خوری کو ترک کردیا گیا۔ توقع کی جاتی ہے کہ اس سے تفتیش کاروں کو حادثے سے قبل کی صورتحال کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ سنگاپور کا رجسٹرڈ بحری جہاز بحر ہند میں تقریباً 2 ہفتوں سے آہستہ آہستہ بحر ہند میں ڈوب رہا ہے۔ اس جہاز میں 25 ٹن نائٹرک ایسڈ اور پلاسٹک کے خام مال کی ایک بڑی مقدار موجود تھی جسے بھارت کی ریاست گجرات سے کولمبو لے جایا جا رہا تھا۔
٭…بھارت کی مشرقی ریاست جھاڑ کھنڈ کے ضلع بوکارو میں ایک ماہ کے دوران یورینیم برآمدگی کے دوسرے واقعہ میں پولیس نے 6.5 کلو گرام یورینیم برآمد کرکے 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پاکستان نے انڈیا میں ایک مرتبہ پھر یورینیم کے غیرقانونی قبضے اور فروخت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تسلسل سے ہونے والے ان واقعات کی عالمی سطح پر مکمل تحقیقات، ایٹمی مواد کے استعمال کرنے والوں کی شناخت، پھیلاؤ کی روک تھام اور سخت حفاظتی اقدامات پر زور دیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مشتبہ افراد، جن پر غیرقانونی یورینیم کی تجارت میں ملوث گروہ کا حصہ ہونے کا شبہ ہے، اس کے خریدار کی تلاش کر رہے تھےجبکہ اس کی قیمت 50لاکھ بھارتی روپے مقرر کی تھیں۔
٭…لندن میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کارپوریٹ ٹیکس کم سے کم 15 فیصد رکھنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ اس فیصلے سے فیس بک، ایمازون اور گوگل جیسی بڑی کمپنیاں متاثر ہوسکتی ہیں جبکہ ٹیکس عائد کرنے سے جی سیون ملکوں کو اربوں ڈالرز کا فائدہ متوقع ہے۔ ان کمپنیوں سے ٹیکس لینے کا فیصلہ اس لیے بھی کیا گیا ہے کہ عام طور پر یہ کمپنیاں اپنے مرکزی دفاتر ایسے ملکوں میں قائم کرتی ہیں جہاں ٹیکس کی شرح کم ہے، جبکہ ان کا اصل منافع کسی اَور ملک میں بزنس کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔
٭…امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے چینی کمپنیوں میں امریکیوں کو سرمایہ کاری سے روکنے کے لیے بلیک لسٹڈ کمپنیوں کی تعداد کو جب ۳۳ سے بڑھا کر ۵۹ کر دیا گیا کیونکہ وہ کمپنیاں بیجنگ کے ‘فوجی – صنعتی کمپلیکس’ سے تعلق ہونے پر امریکی سرمایہ کاروں کی حدود سے باہر تھیں تو اس پر چین نے امریکا پر چینی کمپنیوں کو ‘دبانے’ کا الزام لگایا اور انتقامی کارروائی کی دھمکی دی۔ تاہم قانونی چارہ جوئی کے بعد صدر جو بائیڈن کی ٹیم نے بلیک لسٹ کا ازسرِ نو جائزہ لیا اور کچھ نام حذف کر دیے۔ بائیڈن انتظامیہ نے جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد چین کے ساتھ بہتر سفارتی انداز اختیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے وہیں دفاع اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد امور پر سخت گیر موقف پر قائم رہنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
٭…جاپان کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جاپان تائیوان کو کورونا وائرس ویکسین آسٹرازینیکاکی دس لاکھ سے زائد خوراکیں فراہم کر رہا ہے۔ تائیوان جاپان تعلقات ایسوسی ایشن کے توسط سے ویکسین کی 12 لاکھ 40 ہزار خوراکیں بلامعاوضہ فراہم کی جائیں گی۔ جاپان کو 2011ء میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد تائیوان کی عوام کی جانب سے دیے جانے والے عطیات کے بدلے یہ اقدام کر رہا ہے۔
٭…بھارتی وائرس کے سبب برطانیہ میں کورونا وائرس کیسز ایک بار پھر بڑھنے لگے ہیں۔گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا کیسز میں 70 فیصد تک اضافہ سامنےآیا ہے۔ گزشتہ 24گھنٹے میں برطانیہ بھر میں 5 ہزار 765 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
٭…چین کی جانب سے سائنوویک بائیوٹیک کی تیار کردہ کورونا وائرس ویکسین کو بچوں کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دینے پر چین دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں 3 سال کی عمر کے بچوں کے لیے کووڈ 19 ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب مختلف رپورٹس میں یہ امر معلوم ہوا کہ بچوں اور نوجوانوں سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح بالغ افراد کے برابر ہے۔
٭…یورپین یونین کے 8 ممالک میں کووڈ 19 ڈیجیٹل سفری دستاویز کا اجرا کردیا گیاہے۔ تاہم یکم جولائی سے یورپی یونین کے تمام ممالک کے شہریوں کو رکن ممالک میں غیرضروری سفر کی بھی اجازت ہوگی۔