متفرق مضامین

استاذی المحترم چودھری حمید اللہ صاحب

(منیر احمد حمید۔ کیلگری کینیڈا)

الفضل انٹرنیشنل لندن 9؍فروری 2021ء کےشمارے میں خاکسار کے استاد محترم جناب چودھری حمیداللہ صاحب کی وفات کا پڑھ کر دلی صدمہ اور افسوس ہوا۔

انَّا لِلّٰہ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔

خاکسار نے ان سے تعلیم الاسلام کالج ربوہ میں دو سال 1965-1967ء تک بی ایس سی میں ریاضی پڑھی۔آپ متعدد جماعتی عہدوں پر فائز رہے۔آپ خلافت کے سلطان نصیر تھے۔آپ ماہر ریاضی دان بھی تھےبلا شبہ آپ کا شمار ریاضی کے ماہر اساتذہ میں ہوتا تھا۔ان کےپڑھانے کا انداز بہت مؤثر تھا ۔سوالات نہایت وضاحت سے سمجھاتے تھے۔بہت کم گو،کلاس میں سنجیدہ رہتے اور تدریس کے علاوہ زیادہ بات چیت نہیں کرتے تھے۔ سنجیدگی کے باوجود چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی۔کلاس میں مکمل نظم وضبط قائم رکھتے۔بہرحال کس کس خوبی کا ذکر کیا جائے۔محترم چودھری صاحب مشفق اور بےمثال استاد تھے۔ تدریس ریاضی کے علاوہ میرے کلاس ٹیوٹر بھی رہے۔ بی ایس سی پاس کرنے کے بعد ان کا حسن نظر تھا کہ انہوں نے خاکسار کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ پر بہت اچھے ریمارکس دیے۔

سنجیدہ مزاج ہونے کی وجہ سے بظاہر سخت طبیعت کے نظر آتے تھے۔اس لیے سال کے اختتام پر جس دن ہماری آخری کلاس تھی، امتحان کے بارے میں ضروری ہدایات دینے کے بعد فرمایا’’استاد کی سختی والد کے پیار سے بہتر ہے‘‘۔

سچ فرمایا انہوں نے۔ان کی دعاؤں اور مناسب سختی سے ہم زندگی میں کچھ بن سکے۔الحمدللہ۔

میں اللہ تعالیٰ سے دل کی گہرائیوں سے ان کےلیے مغفرت، بلندی درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کرتا ہوں۔ آمین

آخر پر مکرم مبارک احمد عابد صاحب کے چند اشعار استاد محترم کےلیے پیش کرتا ہوں۔

ہر جگہ تو نے کھلائے قابلیت کے چراغ

گلشن تدریس ہو یا کارہائے انتظام

تو خدا کے قرب کی نوری فضاؤں میں رہے

روح تیری رحمت رحمان کی چھاؤں میں رہے

چشمہ کوثر کے دامن میں رہے مسکن ترا

جنت الفردوس کی خوش کن ہواؤں میں رہے

(آمین)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button