خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(10؍جون۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 175,193,829
صحت یاب ہونے والے: 158,717,136
وفات یافتگان: 3,777,496
٭…حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ اور صدر محمود عباس کی فتح پارٹی کے عہدیدار اسرائیل سے جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے لیےمصر پہنچ گئے۔ حماس کے ترجمان حزیم قسیم نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ مصر کی جانب سے خصوصی دعوت پر قاہرہ پہنچے ہیں تاکہ اگلے ہفتے فلسطین کی تمام جماعتوں کے درمیان وسیع پیمانے پر بات چیت کی جائے۔ حماس کے ترجمان نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ اور مصری عہدیداروں کے درمیان ملاقات میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے ساتھ ساتھ غزہ میں بحالی کے منصوبے پر بات چیت ہوگی۔ واضح رہے کہ غزہ میں تعمیر نو کے لیے مصر پہلے ہی 50کروڑ ڈالرز مختص کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔
٭…افغان حکومت کے سینئر عہدیداروں کے مطابق ملک کے 34 میں سے 26 صوبوں میں اس وقت کشیدگی اور ہلاکتوں میں پریشان کن اضافہ ہوچکا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے 11؍ ستمبر تک مکمل فوجی انخلا کے اعلان کے ساتھ ہی علاقوں میں قبضے کے حصول کے لیے لڑائی میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سیاسی مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔
٭…اتوار 6؍ جون کو افغانستان کیلئے امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اپنے کابل دورے کے دوران افغان رہنمائوں سے ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور امریکا کے افغانستان سے نکلنے کے عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان نے بتایا کہ تین سیکٹرز یعنی دفاع، معیشت اور انسانی امداد سے متعلق بات ہوئی۔ واضح رہے کہ انخلا کے بعد امریکہ افغان فوج کو طالبان کے خلاف لڑائی کیلئے 3.3 ارب ڈالرز سالانہ امداد دے گا۔
٭… حزب اللہ کی بنیاد رکھنے والے ایرانی عالم دین علی اکبر محتشمی پور 74 برس کی عمر میں کووڈ19- سے انتقال کر گئے۔ موصوف نے شام میں ایران کے سفیر کے طور پر خدمات بھی انجام دیں۔ آپ ایک بم حملے کی وجہ سے اپنے دائیں ہاتھ سے محروم تھے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے تعزیتی پیغام میں ان کی انقلابی خدمات کی تعریف کی جبکہ صدر حسن روحانی نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی اسلامی تحریک کے لیے وقف کررکھی تھی۔ علاوہ ازیں انہوں نے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور ایران کے درمیان اتحاد میں معاونت کی اور 1979ء میں انقلاب کے بعد ایران واپس لوٹے۔
٭…سعودی ماہر فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں یکم ذی الحج 11؍ جولائی کو ہوگی۔ حج کا اہم رکن یوم عرفات 19؍ جولائی کو جبکہ عید الاضحٰی 20؍ جولائی بروز منگل کو ہونے کا امکان ہے۔
٭…دنیا میں جہاں کورونا کے وبائی مرض کےباعث معاشی بدحالی کے سائے منڈلارہے ہیں، وہیں ایک تازہ رپورٹ میں عالمی مہم برائے انسداد نیوکلیئر ہتھیار (آئی سی اے این) نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا کے 9جوہری ممالک نے ایٹمی ہتھیاروں پر مجموعی طور پر ایک ارب 40کروڑ ڈالرز اضافی خرچ کیے ہیں۔ آئی سی اے این نے کہا کہ 2019ء کے اخراجات کے مقابلے میں ایک ارب 40کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ نے مجموعی رقم کا نصف سے زیادہ یعنی 34 ارب 70کروڑ ڈالرز خرچ کیا۔ امریکہ کی جانب سے خرچ کی جانے والی رقم گزشتہ برس کے مجموعی فوجی اخراجات کا تقریباً 5 فیصد ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جوہری ریاستیں بشمول برطانیہ، فرانس، بھارت، اسرائیل، پاکستان اور شمالی کوریا نے مجموعی طور پر 2020ء میں ہر منٹ میں ایک لاکھ 37 ہزار ڈالرز سے زائد خرچ کیا۔ رپورٹ، جس کا عنوان ’جامع: عالمی جوہری اخراجات‘ ہے، میں بتایا گیا کہ کس طرح حکومتیں دفاع مہیا کرنے والے کنٹریکٹرز کو تیزی سے ٹیکس کی رقم جمع کرکے دے رہی ہیں جو بدلے میں بڑھتے ہوئے اخراجات کی حوصلہ افزائی کرنے والے لابیسٹ پر بڑھتی ہوئی رقم خرچ کرتے ہیں۔
٭…کینیڈا کے جنوبی صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں نیتھانیئل ویلٹمین نامی ایک 20سالہ لڑکے نے پک اپ ٹرک ایک پاکستانی مسلمان خاندان پر چڑھا دیا جبکہ وہ سڑک پار کرنا چاہتے تھے۔ حادثہ میں ایک 74سالہ خاتون، ایک 46 سالہ مرد، 44 سالہ خاتون اور ایک 15 سال کی لڑکی سمیت ایک خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے کو ’سوچا سمجھا‘ حملہ قرار دیا ہے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور جج کے سامنے آن لائن پیش کیا گیا جہاں اس نے اس بات کا اقرار کیا کہ اس نے اسلام سے نفرت میں ایسا کیا۔ دوسری جانب وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ وہ اس حملے سے ’خوفزدہ‘ ہیں، انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے پیاروں کے لیے جو کل کی نفرت انگیز عمل سے دہشت زدہ ہیں، ہم آپ کے لیے حاضر ہیں۔ لندن اور ملک بھر کی مسلم برادری جانتی ہے کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، ہماری کسی بھی برادری میں اسلاموفوبیا کی گنجائش نہیں ہے، یہ نفرت حقیر ہے اسے روکنا ہوگا۔ہاؤس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ یہ قتل کوئی حادثہ نہیں تھا، یہ ایک دہشت گرد حملہ تھا، جو ہماری برادریوں میں سے ایک کے دل میں نفرت کا نتیجہ تھا۔ حملے کے فوراً بعد ہی گرفتار کیے گئے 20 سالہ ملزم پر پہلے درجے کے قتل اور قتل کی کوشش کے چار الزامات عائد کیے گئے ہیں جبکہ مسلم برادری کے متعدد رہنماؤں نے عدالتوں سے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کینیڈا کے وزیر پبلک سیفٹی بل بلیئر نے اس حملے کو اسلاموفوبیا کا خوفناک اقدام قرار دیا ہے۔
٭…نائیجیریا میں عسکریت پسند گروہ بوکو حرام کے ایک مخالف گروہ نے ایک آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بوکو حرام کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ نے خود کشی کر لی ہے۔اس آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ دو حریف گروہوں کے درمیان لڑائی کے دوران بوکو حرام کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ نے خود کو بم سے اڑا کر ہلاک کر لیا ہے۔ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ان کے ہلاکت کی خبریں آتی رہی ہیں۔ تاہم نائیجریا کی حکومت یا عسکریت پسند تنظیم بوکو حرام نے ان کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔
٭…دی ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کی اپیل کورٹ نے بوسنیا میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والے سابق سرب جنرل راتکو ملادیچ المعروف ’قصابِ بوسنیا‘ کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔22؍ نومبر 2017ء کو دی ہیگ میں سابق ریاست یوگوسلاویہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے قائم کیے گئے انٹرنیشنل کریمنل ٹربیونل میں ہونے والی سماعت میں راتکو ملادیچ کو جنگ کے دوران نسل کشی اور دیگر مظالم کے 11 میں سے 10 الزامات پر مجرم ٹھہرایا گیا اور انہیں عمر قید کی سزا سنادی گئی جس کے خلاف ملادیچ نے اپیل کی تھی۔اپیل کی سماعت یو این انٹرنیشنل ریزیڈوئل مکینزم فار کریمنل ٹریبونلز کے پانچ رکنی بنچ نے کی اور اپیل کو مکمل طور پر مستر دکرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملادیچ سزا کو کالعدم کرنے کے لیے اپنی بے گناہی کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔ملادیچ اس فیصلے کیخلاف اب کہیں اپیل نہیں کرسکیں گے اور انہیں عمر قید کی سزا کاٹنی ہوگی البتہ یہ واضح نہیں کہ وہ اپنی سزا کہاں کاٹیں گے۔ دوران سماعت ملادیچ عدالت میں موجود تھے۔خیال رہے کہ 1992ء سے 1995ء کے دوران جاری رہنے والی جنگِ بوسنیا میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے تھے جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔ اس واقعے کے 26 برس بعد ملادیچ کی سزا کے خلاف اپیل خارج ہوئی۔ اب اس معاملے کے تمام مرکزی کردار سزا پاچکے ہیں اور کوئی کیس عدالت میں موجود نہیں۔
٭…ڈیوک اور ڈچز آف سسکس نے اپنے دوسرے بچے (بیٹی) کی پیدائش کا اعلان کیا ہے۔ للی بیت لیلی ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر جمعے کی صبح کیلیفورنیا کے ہسپتال سانتا باربرا میں پیدا ہوئی۔ شاہی جوڑے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بچی اور ماں کی طبیعت بہتر ہے۔شاہی جوڑے کے مطابق انھوں نے اپنے دوسرے بچے کا نام ملکہ کی شاہی خاندان میں عرفیت ’للی بیت‘ پر رکھا ہے۔ ملکہ اس پیدا ہونے والی بچی کی پڑدادی ہیں۔پرنسز آف ویلز کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بچی کا درمیانی نام ڈیانا ان کی دادی لیڈی ڈیانا کے نام پر رکھا گیا ہے۔
٭…افغانستان میں بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے والی غیرملکی این جی او کے کمپاؤنڈ میں فائرنگ سے 10 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ۔ ترجمان افغان وزارت داخلہ نے حملے کا الزام طالبان پر لگایا ہے تاہم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ مقامی طالبان تو حملہ آوروں کیخلاف ان کی مدد کو آئے تھے۔
٭… افغانستان میں فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گرنے سے تین سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ افغانستان کی فضائیہ کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر صوبہ میدان وردک میں گرکر تباہ ہوگیا۔افغان وزارت دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ حادثہ میدان وردک کے ضلع جغاتو میں پیش آیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تین سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔وزارت دفاع کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو زخمی سکیورٹی ممبران کی منتقلی کے لیے اس علاقے میں بھیجا گیا تھا۔
٭…7؍ جون کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے مشرقی علاقے میں ایک مسلح شخص نے سینئر انٹیلیجنس افسر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افسر کی شناخت نبرس ابو علی کے نام سے ہوئی۔عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ بغداد میں اس قسم کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب انٹیلی جنس سروس عراقی عوام پر ہونے والے حملوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
٭… دنیا بھر میں انٹرنیٹ پر خرابی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈٹیکٹر‘ کے مطابق منگل 8؍ جون کو سوشل اور نیوز ویب سائٹس، ای کامرس اور حکومتی ویب سائٹس سمیت دنیا کی لاکھوں ویب سائٹس فنی معاونت فراہم کرنے والے امریکی ادارے ’فاسٹلے‘ کے ہوسٹنگ سرور میں کو اچانک خرابی کے باعث امریکہ اور برطانیہ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں مختصر وقت کے لیے بند ہو گئیں۔ ان کی سروسز کو بحال کر دیا گیا ہے۔بعض ممالک میں گوگل سروس سمیت ٹوئٹر اور اسپاٹی فائے جیسی ویب سائٹس بھی معطل رہیں۔
٭…ممبئی میں موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں اور شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے،ٹرین کی پٹریاں پانی میں ڈوبنے سے مقامی ٹرین سروس بھی معطل ہوگئی جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوکر رہ گیا۔ پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں پانی میں بند ہوگئیں جس کے باعث لوگوں نے گھنٹوں گھنٹوں پانی میں پیدل سفر کیا۔
٭…امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے 2003ء کے بعد پہلی بار دماغی مرض الزائمر کی دوا (aducanumab) کے استعمال کی منظوری دے دی۔ الزائمرایک ایسا لاعلاج دماغی مرض ہے جس میں مبتلا افراد کی یادداشت متاثر ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں افراد الزائمر میں مبتلا ہیں جسے لاعلاج سمجھا جاتا ہے۔الزائمرڈیزیز انٹرنیشنل کے مطابق ہر 3سیکنڈ میں الزائمر/ ڈیمنشیا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔الزائمر کے ابتدائی مراحل میں استعمال ہونے والی آزمائشی دوا کی منظوری کے بعد برطانیہ میں بھی اس کے استعمال کی راہ ہموار ہوگی۔
٭…آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں سخت لاک ڈاؤن میں کل سے نرمی کا اعلان کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اسکولز کیفے اور سیلون کھول دیے جائیں گے لیکن جم اور نائٹ کلب بند رہیں گے۔ جبکہ میلبرن میں کھلے مقامات پر 10 افراد کے جمع ہونے کی اجازت ہوگی۔