سیرالیون کے مکینی ریجن میں چار مساجد کا افتتاح اور ریجنل جلسہ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مورخہ 10؍جون2021ء سیرالیون کے مکینی ریجن کی چار جماعتوں کی نئی تعمیر شدہ مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ یہ مساجد بانتی چیفڈم، بمبالی ڈسٹرکٹ کی جماعتوں موانتی، مکبافت، مکالی اور وورے لائن میں تعمیر کی گئی ہیں۔ ان مساجد کا سنگ بنیاد مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب مبلغ سلسلہ مکینی ریجن نے رکھا تھا اور ان کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔ علاقہ کے ممبرانِ جماعت نے مساجد کی تعمیر میں وقار عمل اور دیگر اشیاء ریت، پتھر کی فراہمی، مزدوروں کو کھانا مہیا کرنے اور رنگ و روغن میں مدد کی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔
ان مساجد کا مسقف احاطہ اور نمازیوں کی گنجائش درج ذیل ہے.
موانتی جماعت
مسقف حصہ: 26*40 فٹ، نمازیوں کی گنجائش: 100
مکبافت جماعت
مسقف حصہ: 25* 35 فٹ، نمازیوں کی گنجائش: 75
مکالی جماعت
مسقف حصہ: 30* 40 فٹ، نمازیوں کی گنجائش: 100
وورے لائن
مسقف حصہ: 25* 40 فٹ، نمازیوں کی گنجائش: 80
الحمد للہ، ان تمام مساجد میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ سننے کے لیے سولر سسٹم اور ایم ٹی اے انسٹال بھی کیا گیا ہے۔
ان مساجد کے افتتاح کے ساتھ ان چاروں جماعتوں کا ایک جلسہ بھی منعقد کیا گیا اس لیے یہ پروگرام بونکوبانہ جماعت میں رکھا گیا جو ان چار جماعتوں کے وسط میں واقع ہے اور تمام جماعتوں سے ممبرانِ جماعت یہاں جمع ہوئے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن 11بجے مکرم مولانا سعیدالرحمن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ اس موقع پر درج ذیل عناوین پر تقاریر ہوئیں۔ مقامِ حضرت مسیح موعودؑ، جماعت احمدیہ میں مالی قربانی کا نظام، بد سومات سے اجتناب۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے حاضرین کے سوالوں کے جواب دیے۔
چیفڈم امام نے ہرجماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جماعت کے تعلیمی اور ترقیاتی کاموں کو سراہا اور جماعت کے ساتھ دوستی کا اقرار کیا۔
مقامی جماعت نے کھانے کا انتظام کیا اور گائے ذبح کی جو کہ یہاں خوشی کے موقع پر ذبح کی جاتی ہے۔ نمازِ ظہر اور عصر کی ادائیگی کے بعد امیر صاحب اور متعدد دیگر احباب جماعت ہر گاؤں میں گئے اور فیتہ کاٹ کر مساجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ (یہ گاؤں قریب قریب واقع ہیں۔)
اس بابرکت پروگرام میں 50 سے زائد غیر از جماعت افراد، 14غیر از جماعت امام، 7لوکل چیفس، پیراماؤنٹ چیف کے نمائندہ سمیت 900 سے زائد احباب نے شرکت کی۔
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی: نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)