مدرسۃ الحفظ سیرالیون کا باقاعدہ افتتاح
سیرالیون میں جماعت کے سو سال مکمل ہونے پر حضرت امیرالمؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک عظیم الشان روحانی تحفہ
الحمدللہ، جماعت احمدیہ سیرالیون کے گوشے گوشے میں اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے اور قرآنِ کریم کی تعلیم پھیلانے میں کوشاں ہے۔ سیرالیون میں 2021ء میں جماعت احمدیہ سیرالیون کے سو سال مکمل ہونے پر احمدیہ جماعت سیرالیون کی طرف سے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں سیرالیون میں مدرسۃ الحفظ کے باقاعدہ آغاز کی اجازت کی درخواست کی گئی جسے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت قبول فرماتے ہوئے جامعۃ المبشرین سیرالیون کے زیرِ انتظام پانچ طلباء کے ساتھ اس کے آغاز کی اجازت مرحمت فرماتے ہوئے حافظ اسداللہ وحید صاحب مربی سلسلہ کی بطور استاذ منظوری عطا فرمائی۔
مورخہ 16؍جون کو افتتاح کی ایک سادہ تقریب جامعۃالمبشرین سیرالیون کے ہال میں بعد نمازِ مغرب و عشاءمنعقد ہوئی جس کی صدارت مولانا سعید الرحمٰن صاحب امیرومشنری انچارج سیرالیون نے کی۔ عزیزم اسماعیل کروما، مدرسۃ الحفظ کے ایک ابتدائی طالبِ علم، نے تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ پیش کیا اور عزیزم عبدالرحمٰن علی، مدرسۃ الحفظ کے ایک ابتدائی طالبِ علم نے نظم ہے دستِ قبلہ نماپیش کی۔ جس کے بعد حافظ اسداللہ وحید صاحب نے مدرسہ میں داخلہ کی شرائط اور قواعد و ضوابط پیش کیے۔
مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں قرآنِ کریم کو حفظ کرنے کی برکات بیان کیں اور بتایا کہ قرآنِ کریم کو حفظ کرنا اور ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور ایک ضروری امر یہ ہے کہ اس پر عمل کیا جائے۔ مولوی حامد علی بنگورا صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور خاص طور پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا کہ حضورانور کی شفقت سے سیرالیون جماعت کو مدرسۃ الحفظ کا ایک بابرکت تحفہ ملا ہے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں اور عملوں کو قرآنِ کریم کی روشنی سے منور فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)