جامعۃ المبشرین سیرالیون کی سالانہ تقریب تقسیمِ انعامات
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین سیرالیون کو مورخہ 27؍جون 2021ء کو اپنی سالانہ تقریب تقسیمِ انعامات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز دن کےبارہ بجے مولانا سعیدالرحمٰن صاحب، امیرو مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت عزیزم عثمان سیسے کو حاصل ہوئی۔ اس کے بعد عزیزم محمد ییرو کمارا، عزیزم بشیرالدین اور عزیزم علی بی کانو نے نظم پیش کی۔
مکرم مبارک احمد گھمن صاحب نے جامعۃ المبشرین کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ جس کے بعد خاکسار (نگران مجلسِ علمی) نے علمی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا اور امیر صاحب نے ان طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔ اس سال ہونے والے انفرادی مقابلہ جات میں تلاوتِ قرآنِ کریم، اذان، فی البدیہ مضمون نویسی، قصیدہ خوانی، فی البدیہ تقریر، حفظِ قرآن، حفظ قصیدہ، مضمون نویسی، کسوٹی اور لطیفہ گوئی کے مقابلہ جات ہوئے۔ گروپس مقابلہ جات میں پیغام رسانی، دینی معلومات، قصیدہ کورس، معلوماتِ عامہ، حدیث کوئز، خلافت کوئز، سیرۃ المہدی کوئز اور قرآن کوئز کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ عزیزم حسن نوحا اس سال مجلسِ علمی کے مقابلہ جات میں بہترین طالبِ علم اور محمود گروپ بہترین گروپ قرار پایا۔ بارک اللّٰہ لہم۔
اس کے بعد مکرم مولائی فورنا صاحب نگران مجلسِ العاب نے کھیلوں کے مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا اور مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو ریجن نے ان میں انعامات تقسیم کیے۔ اس سال انفرادی مقابلہ جات میں سومیٹر دوڑ، پانچ سو میٹر دوڑ، لمبی چھلانگ، اونچی چھلانگ، کراس کنٹری ریس، پیدل چلنے کا مقابلہ، نشانہ غلیل، تھالی پھینکنا، گولہ پھینکنا، ثابت قدمی، پندرہ سو میٹر دوڑ، تین ٹانگ دوڑ، کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی، میوزیکل چیئر اور رکاوٹ ریس شامل تھے۔ اجتماعی مقابلہ جات میں فٹ بال، والی بال، باڑی، رسہ کشی اور ریلے ریس کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ عزیزم الحسین کانو بہترین کھلاڑی اور بسالت گروپ بہترین گروپ قرار پایا۔ اساتذہ اور طلباء کے مابین ہونے والے میچ میں طلباء کامیاب رہے۔ بارک اللہ لہم
مکرم ادریس احمد صاحب نگران شعبہ امتحانات نے امتحانات میں پوزیشن لینے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا اور مکرم امیرصاحب نے ان میں انعامات تقسیم کیے۔ سال اول میں عزیزم علی بَلا، سال دوم میں عزیزم جبریلا اے کمارا، سال سوم میں عزیزم علی بی کانو اور سال چہارم میں عزیزم حسن نوحا نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس سال کل چھ طلباء فارغ التحصیل ہوکر میدانِ عمل میں جارہے ہیں۔ مکرم امیرصاحب نے اس سال فارغ التحصیل ہونے والے طلباء میں سندات تقسیم کیں اور انہیں قرآنِ کریم باترجمہ کے تحفے دیے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ فارغ التحصیل طلباء ان کے فرائض کماحقہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
مکرم امیرصاحب نے اپنی تقریر میں طلباء کو شکر ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی اور انہیں بتایا کے ایک وقفِ زندگی ہر حال میں خدا تعالیٰ کا شکر گزار رہتا ہے اور اپنے فرائض بغیر کسی کوتاہی کے ادا کرتا چلا جاتا ہے۔
عزیزم ارونا ایس کانو نے طلباء کی طرف سے مکرم امیرصاحب اور جامعہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا ختتام ہوا۔ نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)