حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(19؍ جولائی۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 191,237,633

صحت یاب ہونے والے: 174,190,687

وفات یافتگان: 4,105,940

٭…مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے ۔ 19؍ جولائی کو وقوفِ عرفات جبکہ مسجد نمرہ میں خطبۂ حج دیا گیا۔ میدانِ عرفات اور مزدلفہ جانے کے لیے خصوصی بس سروس چلائی گئیں نیز پیدل روانگی کی اجازت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب اس سال 60 ہزار مقامی افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

٭…برطانوی وزیردفاع بین ویلس نے افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کے پاس اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ ہم عالمی اصولوں پرعمل پیرا کسی بھی افغان حکومت کےساتھ کام کریں گے۔دوسری جانب ممکنہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنےکی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہوئےترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے کہا کہ طالبان دنیا کےتمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتےہیں، ہم بین الاقوامی اصولوں کے پابند ہیں۔ افغانستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، اسی طرح دیگر ممالک کو بھی افغان داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔نیز یہ کہ دوسرے ممالک کو سرمایہ کاری کےاچھے مواقع فراہم کریں گے۔

٭…سربراہ حزبِ اسلامی اور سابق افغان وزیراعظم گل بدین حکمت یار نے کہا ہے کہ انہیں افغان حکومت نے طالبان کے خلاف اسلحہ دینے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے اسلحہ لینے اور طالبان سے لڑنے سے انکار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے فوری سیزفائر ہونا چاہیے۔ طالبان اگر پُرامن راستہ اختیار کرلیں تو ان کا ساتھ دیں گے۔ ملک میں عبوری حکومت اور انتخابات کے ذریعے انتقالِ اقتدارہونا چاہیے۔

٭…افغانستان کے مختلف اضلاع میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ تازہ طالبان حملے میں کاپیسا کے ڈپٹی گورنر عزیز الرحمان ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق گزشتہ روز افغان فورسز نے سیغان،کہمرد اور چخانسور اضلاع کا قبضہ طالبان سے واپس لیا تھا۔

٭…افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ازبکستان میں ہونے والی سینٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان سے 10 ہزار جنگجو افغانستان میں داخل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر بات چیت نہ ہوئی تو ہم طالبان کا مقابلہ کریں گے، یہ امن کے قیام کے لیے آخری موقع ہے۔

٭…وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی کے پاکستان پر لگائے گئے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورتِ حال کا ذمے دار پاکستان کو ٹھہرانا شدید ناانصافی ہے، کوئی ملک افغان امن کے لیے سب سے زیادہ کوششیں کر رہا ہے تو وہ پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم کہہ رہے تھے کہ طالبان سے بات چیت کریں تب بات چیت نہیں کی گئی، اب طالبان فتح کے قریب ہیں تو بات چیت کی بات کی جا رہی ہے۔ جب افغانستان میں ڈیڑھ لاکھ نیٹو افواج تھیں، اُس وقت طالبان کو مذاکرات کی ٹیبل پر لانا چاہیئے تھا۔واضح رہے کہ تاشقند میں جاری کانفرنس کی سائیڈ لائن پر وزیرِ اعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کی ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتِ حال، پاک افغان تعلقات اور خطے کی صورتِ حال پر گفتگو ہوئی۔

٭…قطر کے دارالحکومت دوحا میں افغان طالبان اور حکومتی وفد کے سینیئر ارکان کے درمیان ہونے والی ملاقات اور مذاکرات میں عارضی جنگ بندی،طالبان قیدیوں کی رہائی اور عبوری حکومت کےقیام پر بات چیت ہوئی۔

٭…افغانستان کے صوبے قندھار کے ضلع اسپن بولدک میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپوں میں افغان فورسز کے کمانڈر صادق کرزئی اور غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے بھارتی نژادفوٹو گرافر دانش صدیقی جان بحق ہو گئے۔ افغانستان بھر میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےکہا کہ ہمیں علم نہیں کہ صحافی دانش صدیقی کی ہلاکت کس کی فائرنگ سے ہوئی، ہمیں صحافی کی موت پر افسوس ہے۔صحافی بغیر اطلاع جنگی علاقے میں داخل ہورہے ہیں، جنگی علاقے میں داخل ہونے والا ہر صحافی ہمیں آگاہ کرے تاکہ ہم اس کی مناسب دیکھ بھال کرسکیں۔

٭… تاشقند میں موجود روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے حالیہ دنوں میں افغانستان کی صورتحال میں تیزی سے بگاڑ دیکھا ہے۔ امریکہ اور نیٹو کے عجلت میں کئے گئے انخلا سے افغانستان کی سیاسی اور فوجی مستقبل سے متعلق بڑی غیریقینی صورتحال پڑوسی ممالک میں عدم استحکام پھیل جانے کا حقیقی خطرہ موجود ہے۔

٭…لبنان کے نامزد وزیراعظم سعد الحریری 8 ماہ سے حکومت تشکیل دینے میں ناکامی پر مستعفی ہوگئے۔ انہوں یہ فیصلہ لبنانی صدر مشیل عون سے صدارتی محل میں ملاقات کرنے کے بعد کیا۔

٭… امریکی صدر جو بائیڈن نے غلط معلومات اور فیس بک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے پیغام کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کورونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات لوگوں کو ہلاک کر رہی ہیں۔ کورونا وبا کا پھیلاؤ صرف ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے درمیان ہی ہے۔دوسری جانب فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم ان بے بنیاد الزامات سے اپنے کام سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، حقیقت یہ ہے کہ 2 ارب سے زیادہ افراد نے فیس بک پر کورونا اور ویکسین کے بارے میں مستند معلومات حاصل کی ہیں جو انٹرنیٹ پر کسی بھی دوسری جگہ سے کہیں زیادہ ہے۔ 33 لاکھ سے زائد امریکیوں نے ویکسین کے لیے ہمارے ویکسین فائنڈر ٹول کا استعمال کیا ہے، حقائق بتاتے ہیں کہ فیس بک جان بچانے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

٭…یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت کے مطابق کمپنیاں مخصوص حالات میں خواتین ملازمین کے اسکارف پہننے پر پابندی عائد کرسکتی ہیں۔15؍ جولائی کو فیصلہ سناتے ہوئے اس عدالت نے کہا کہ کمپنیاں اپنے ملازمین کو کام کی جگہ پر ظاہری علامت کے طور پر کسی بھی مذہبی، سیاسی یانظریاتی علامت کے استعمال سے روک سکتی ہیں۔کمپنیوں کی جانب سے کسی بھی فیصلے سے پہلے ملازمین کے حقوق اور آزادیٔ مذہب کا خیال رکھتے ہوئے ملکی قانون سازی کو بھی مد نظر رکھا جائے۔واضح رہے کہ یہ کیس یورپی عدالت میں جرمنی سے تعلق رکھنے والی 2خواتین کی طرف سے دائر کیا گیا تھا جنہیں دفتر میں اسکارف پہننے کی وجہ سے معطل کردیا گیا تھا۔

٭…اقوام متحدہ کی چائلڈ رائٹس کمیٹی کےمطابق میانمار میں فوجی بغاوت سے اب تک 75بچے ہلاک اور ایک ہزار بچے گرفتار کیے گئے ہیں۔میانمارمیں فوجی بغاوت کےبعد بچوں کی جانوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں، بچوں کو روزانہ بلا امتیاز تشدد ، فائرنگ اور من مانی گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کمیٹی کی رکن میکیکو اوٹانی کا کہنا ہے کہ میانمارمیں بحران جاری رہاتو بچوں کی ایک پوری نسل ہر طرح کےنتائج بھگتنےکےخطرےکی زدپرہوگی۔

٭…پاکستان اورروس کا اربوں ڈالرز مالیت کی سٹیم گیس پائپ لائن کی تعمیر کیلئے 2015ء سے تاخیر کا شکار معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت کراچی سے لاہور تک تقریباً 1100 کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ منصوبے پر 2.5ارب ڈالرز لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ 2023ء تک مکمل ہوگا۔

٭…فرانس کے شہر پیرس میں واقع ایفل ٹاور کو کورونا وبا کی وجہ سے 9ماہ بند رکھنے کے بعد سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ٹاور آپریٹنگ کمپنی کے مالک جین مارٹن کا کہنا ہے کہ شہر میں سیاحت واپس آنے کی وجہ سے دنیا بھر سے آئے لوگوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا موقع ملے گا تاہم سیاحوں کی تعدادایک دن میں 25 ہزار کے بجائے 13 ہزار تک محدود کردی گئی ہے۔

٭…لندن ہائیکورٹ کا پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے سے متعلق کیس کے فیصلہ میںکہنا ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ برطانوی حکومت ہی کرسکتی ہے۔ وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت کے فیصلے درست ہیں۔ بیرسٹر زہاب جمالی نے تین پاکستانیوں کی جانب سے عدالت سے رجوع کیا تھااور درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پاکستان میں کیسز کم ہونے کے باوجود بھارت سے پہلے کیوں ریڈ لسٹ میں ڈالا گیا۔

٭…عالمی ادارۂ صحت نے چین پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ کورونا کی ابتدا سے متعلق تحقیقات میں تعاون کرے۔ سربراہ ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ دنیا میں لاکھوں افراد وبا سے متاثر ہوئے، وبا کی حقیقت جاننا ان کا حق ہے۔ تاہم یہ کہنا کہ وائرس لیبارٹری سے لیک ہوا قبل از وقت ہو گا۔یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز پر ڈبلیو ایچ او نے تحقیقات کے لیے اپنا مشن ووہان بھیجا تھا، مشن نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ وائرس ایک جانور سے انسان کو منتقل ہوا۔ اس پر امریکی صدر اور دیگر عالمی رہنماؤں نے ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

٭…چین میں مقامی حکام کی جانب سے ستمبر سے بچوں کو سکول بھیجنے کے لیے پورے گھرانے کا کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا ضروری قرار دے دیا گیا۔ مختلف شہروں کی مقامی حکومتوں کے اس حوالے سے مختلف قوانین ہیں۔واضح رہے کہ چین نے رواں سال کے آخر تک اپنے 64 فیصد شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

٭… پاکستان کے شہر ڈی جی خان میں سیالکوٹ سے راجن پور جانے والی بس اور ٹرک کے تصادم میں کم از کم 27 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔ بس میں سوار بیشتر افراد محنت کش بتائے جا رہے ہیں جو سیالکوٹ کی فیکٹریوں میں مزدوری کرتے تھے اور عید کی چھٹیاں گزارنے گھروں کو جا رہے تھے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button