اطلاعات و اعلانات

درخواستِ دعا

آصف بلوچ صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ محترم عبدالحئی خان صاحب مندرانی ابن حضرت محمد مسعود خان صاحب مندرانی صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام سابق صدر جماعت تونسہ شریف بعارضہ فالج بیمار ہیں۔ آپ کچھ عرصہ نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج رہنے کے بعد گھر آگئے ہیں لیکن ابھی بھی بات چیت میں دشواری کا سامنا ہے۔ اس بزرگ خادم سلسلہ کےلئے احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالی ان کو صحت کاملہ وعاجلہ عطا کرے اور ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھتے ہوئے عمرِ دراز سے نوازے آمین

درخواستِ دعا

عبد الحنان صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ رفعت سعید صاحبہ اہلیہ اشفاق احمد صاحب آف مٹھہ ٹوانہ ضلع خوشاب سانس میں دشواری اور نیند کی کمی کی شکایت سے بیمار ہیں۔ کئی روز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اور احباب کرام کی دعاؤں سے گھر واپس آگئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے والدہ کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے لیکن ابھی بھی آکسیجن پر ہیں۔ چند روز میں دوبارہ چیک اپ ہے۔
درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالی والدہ محترمہ کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور مزید پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین

درخواستِ دعا

شہناز حبیب صاحبہ اہلیہ حبیب احمد صاحب تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کی چھوٹی ہمشیرہ انیلہ صاحبہ کو کینسر تشخیص ہوا ہے۔ لاہور میں علاج جاری ہے اور کیموتھراپی شروع ہوچکی ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے انہیں شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور ہر طرح کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔آمین۔

درخواستِ دعا

مدیحہ حمید صاحبہ اعلان کرواتی ہیں کہ میرے بڑے بھائی تجمل احمد جمالی صاحب بوجہ کورونا وائر س کے گزشتہ چند دن سے آئی سی یو میں داخل ہیں اور رپورٹ کے مطابق اب پھیپھڑوں میں پانی بن رہا ہے جس کی وجہ سے ان کی طبیعت کافی ناساز ہے۔ احبابِ جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں شفائے کاملہ و عاجلہ عطا کرے اور ہر پر یشانی دور فرمائے۔ آمین

درخواستِ دعا

نوید احمد قمر صاحب ریجنل مبلغ روکوپر ریجن سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ ذکیہ مجید صاحبہ اہلیہ مکرم عبد المجید صاحب آف دارالبرکات ربوہ کافی عرصہ سے بیمار ہیں۔ شوگر اور بلڈ پریشر کے سبب گردے کمزور ہوجانے کی وجہ سے طاہر ہارٹ انسٹیوٹ ربوہ میں ڈائلائسز ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ اسی سبب بلڈ کلاٹنگ ہوئی جس کی وجہ سے بات چیت اور حرکت کرنے سے قاصر ہیں۔ طاہر ہارٹ انسٹیوٹ میں ہی علاج جاری ہے۔ احبابِ جماعت سے نہایت دردمندانہ دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالی اپنی جناب سے والدہ محترمہ کو معجزانہ شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ ہر قسم کی بیماری دور فرماتے ہوئے عمرِ دراز عطا فرمائے۔ آمین

اعلان ولادت

عزیز احمد شہزاد صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ تنزانیہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کو مؤرخہ 19؍ جون 2021ء کو تیسرے بیٹے سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت تحریک وقف نو میں قبول فرماتے ہوئے نومولود کا نام تفرید احمد تجویز فرمایا ہے۔ خاکسار کےبڑے بیٹے عزیزم ولید احمد اور عزیزم اعتزاز احمد بھی وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ نومولود کو صحابہ حضرت مسیح موعودؑ کی نسل میں سے ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ احبابِ جماعت سے ان بچوں کے نیک قسمت ہونے، جماعت احمدیہ کے لیے مفید وجود بننے اور خلافت کے سچے اطاعت گزار اور خادم ہونے کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

سانحۂ ارتحال

جاوید اقبال ناصر صاحب مربی سلسلہ جرمنی لکھتے ہیں کہ خاکسارنہایت افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دے رہا ہے کہ خاکسار کی والدہ محترمہ رضیہ بیگم صاحبہ زوجہ چودھری محمد سلیمان صاحب مرحوم آف راجن پورشہر پاکستان مورخہ 16؍ جولائی بروز جمعۃ المبارک کی صبح بقضائے الٰہی 75 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ انا اللہ و انا الیہ راجعون
اللہ تعالیٰ نے آپ کے اندر بہت سی خوبیاں رکھی تھیں۔ آپ کو صدر لجنہ شہرو ضلع راجن پور رہنے کی سعادت ملی۔ جماعت اور خلافت کے ساتھ بے پناہ وفا اور محبت کا تعلق تھا۔ مہمان نوازی اور غریب پروری آپ کی اہم صفات تھیں۔ واقفین اور مربیان کرام سے ایک خاص عقیدت اورپیار تھا۔ مالی قربانی میں ہمیشہ صفِ اوّل میں رہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ مو صیہ تھیں اورآپ نے اپنی زندگی میں ہی اپنی جائیداد کا حصہ آمد ادا کر دیا ہوا تھا۔ آپ ذیا بیطس اور بلڈ پریشر کی مریضہ تھیں۔ دو ماہ قبل آپ کو فالج کا حملہ ہوا تھا۔ طبعیت کچھ بہتری کی طرف مائل تھی لیکن فالج نے ایک اَور حملہ کردیا ۔ آپ کو طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ ربوہ میں لایا گیا جہاں چند دن زیرِ علاج رہنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی تقدیر غالب آئی اور آپ اپنے خالق ِحقیقی سے جا ملیں۔ آپ کی تدفین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پُر شفقت اجازت سے بہشتی مقبرہ دارالفضل ربوہ میں عمل میں آئی جہاں آپ کی نمازِ جنازہ بھی ادا کی گئی۔
آپ نے پسماندگان میں اپنےبہن بھائیوں کے علاوہ سات بیٹے اور ایک بیٹی یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کا سب سے بڑا بیٹا خاکسار(جاویداقبال ناصرؔ) اور سب سے چھوٹا بیٹاعزیزم محمد لقمان زاہدصاحب بطور مبلغین سلسلہ خدمات بجا لانے کی توفیق پا رہے ہیں ۔ تین بیٹے اسیرانِ راہ مولا راہ چکے ہیں۔ ایک بیٹا اور ایک چھوٹے بھائی ابھی بھی اسیرِ راہ مولا ہیں اور اسی وجہ سے جنازہ میں شامل بھی نہیں ہو سکے۔ ایک دوسرے بیٹے پر بھی مخالفین کی طرف سے مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ احبابِ جماعت کی خدمت میں دُعا کی درخواست ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہماری والدہ صاحبہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ ہم سب کو صبرکی توفیق دےاور آپ کی نیکیاں آپ کی اولاد میں جاری و ساری رہیں۔ آمین

خاکسار دل کی گہرائی سے طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ و کارکنا ن کا بھی مشکور ہے کہ انہوں نے لمحہ بہ لمحہ ہماری والدہ صاحبہ کا خیال رکھا اوراُن کو آرام پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر سے نوازے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button