تیسرا نیشنل اجتماع مجلس انصار اللّٰہ گنی بساؤ 2021ء
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مجلس انصار اللہ گنی بساؤ کو اپنا تیسرا نیشنل اجتماع مورخہ 25 تا 27؍جون 2021ء نیشنل ہیڈ کوارٹرز بساؤ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمداللہ
اجتماع کا آغاز 25؍جون بروز جمعہ نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس قرآن مجید سے کیا گیا۔ نمازجمعہ کے بعد تمام مہمانوں کو ظہرانہ پیش کیا گیا اور نماز عصر کے بعد پہلے اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد انصاراللہ کا عہد دہرایا گیا اور منظوم کلام حضرت مسیح موعود پیش کیا گیا۔ بعد ازاں محترم نیشنل صدر صاحب مجلس انصاراللہ گنی بساؤ نے اپنی استقبالیہ خطاب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انصار بھائیوں کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے فرمودہ خطبات کی روشنی میں چند ضروری نصائح کرتے ہوئے انصار اللہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ نیز انصار اللہ کی تنظیم کے اغراض و مقاصد بھی بیان کیے۔
بعد ازاں بعد علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد مجلس سوال وجواب کا بھی انتظام کیا گیا۔ جس میں تمام انصار نے بھر پور رنگ میں حصہ لیا۔ اجلاس کا اختتام دعا کے ساتھ کیا گیا۔ بعد ازاں مہمانوں کو عشائیہ پیش کیا گیا۔
اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد، نماز فجر اور درس قرآنِ مجید سے ہوا۔
دوسرے دن کے اجلاس کا آغاز نیشنل صدر جماعت کی زیر صدارت تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد اُردو نظم پیش کی گئی۔ دوران اجلاس مندرجہ ذیل عناوین پر تقاریر کی گئیں۔ انصاراللہ کی ذمہ داریاں اور آمد حضرت مسیح موعود علیہ السلام۔ ان تقاریر کے بعد علمی مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا۔ جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، تقاریر، صلاۃ و دیگر علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔
بعد ازاں نماز ظہر و عصر ادا کی گئ اورمہمانوں کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد 5 بجے ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے لیکن بارش کی وجہ سے تمام مقابلہ جات مکمل نہیں ہوسکے۔
اختتامی اجلاس کا آغاز شام 8 بجے نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد کیا گیا جس کی صدارت خاکسار (مشنری انچارج گنی بساؤ) نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد انصار اللہ کا عہد دہرایا گیا اور اردو نظم پیش کی گئی۔ بعد ازاں ’’خلافت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی گئی۔
مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کر نے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ جس کے بعد اجلاس کی اختتامی تقریر میں مشنری انچارج صاحب نے قرآنی آیت
وَاعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللہِ جَمِیْعَاً
کی روشنی میں تمام احباب جماعت کو خلافت کے ساتھ پختہ تعلق قائم کرنے اور خلیفہ وقت کی تمام ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین فرمائی اور حضور القدس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ براہ راست سننے اور پیارے آقا کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھنے کی طرف توجہ دلائی۔ جس کے بعد اختتامی دعا کروائی گئی۔
اجتماع میں شاملین کی تعداد 150 رہی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو پیارے آقا کی تمام ہدایات پر کما حقہ عمل کرنے اور خلافت سے پختہ تعلق قائم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
(رپورٹ:محمد احسن میمن۔ مشنری انچارج گنی بساو)