کانو، نائیجیریا میں دوسرے احمدیہ کلینک کا سنگ بنیاد
محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے احمدیہ مسلم جماعت نائیجیریا کو مورخہ 25 جولائی 2021ء کو ایک نئے احمدیہ کلینک کی بنیاد رکھنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ یہ پروقار تقریب Kano جماعت کی Zaria Road پرواقع جماعت کی زمین پر ہوئی جہاں پر ان شاء اللہ ایک کلینک اور احمدیہ مسجد بنائی جائے گی۔
اس پروگرام میں مکرم الحاج عبدالعزیز صاحب امیر نائیجیریا اور مکرم عبدالواسع عابد صاحب قائم مقام مشنری انچارج نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی His Royal Highness ، Emir of Kano تھے۔ ان کے علاوہ معززین میں ہیلتھ کمشنر، مستقل سیکرٹری ہیلتھ، اسسٹنٹ کنٹرولر امیگریشن اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران شامل تھے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو خاکسار (مبلغ سلسلہ کانو، نائیجیریا) کو کرنے کی توفیق ملی۔ اس کے بعد محترم امیر صاحب نےافتتاحی خطاب کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی Emir of Kano نے خطاب کیا جس میں انہوں نے احمدیہ مسلم جماعت کی خدمات کو سراہا۔ پروگرام میں شامل دیگر مہمانان کرام نے بھی اپنے مختصر خطابات میں جماعت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس کے بعد Emir of Kano نے ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر احمدیہ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر مدثر احمد صاحب نے مہمانان کو اس پراجیکٹ کا مختصر تعارف کروایا۔ پروگرام کے آخر میں محترم امیر صاحب نے دعا کروائی اور شاملین پروگرام کی ریفریشمنٹ سے تواضع کی گئی۔
یہ کلینک Kano میں جماعت کا دوسرا میڈیکل سینٹر ہوگا جبکہ اس وقت Kano میں احمدیہ مسلم ہسپتال 59 سال سے زائد عرصہ سے انسانیت کی خدمت کر رہا ہے۔ الحمد للہ
اس تقریب کے موقع پر اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت اور فضل کا ایک اظہار بھی دیکھنے کو ملا۔ پروگرام سے قبل شدید بارش کے سبب بہت کیچڑ ہوچکا تھا جس سے پروگرام متاثر ہونے کا اندیشہ تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دن تک خراب موسم کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ مگر خدا تعالیٰ کے فضل اور پیارے حضور کی دعا سے معجزانہ طور پر پروگرام کے اختتام تک مطلع صاف رہا جبکہ پروگرام ختم ہونے کے بعد مطلع دوبارہ ابر آلود ہوگیا۔
خدا تعالیٰ خلافت احمدیہ کا سایہ ہمیشہ ہم سب پر قائم رکھے اور محض اپنے فضل و کرم سے اس عظیم منصوبہ کو کامیاب فرمائے اور جماعت کی ترقیات کا موجب بنائے۔ آمین