دعاؤں کی طرف توجہ اور نمازوں کی بروقت ادائیگی: خطاب معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ یوکے 2021ء

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یوکے کوعالمی وبا کورونا وائرس کے پھوٹنے کے بعد پہلی مرتبہ باقاعدہ طور پر سہ روزہ جلسہ سالانہ 6؍ اگست سے8؍اگست 2021ء (بروز جمعۃ المبارک ، ہفتہ اور اتوار)منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔

جلسہ سالانہ کی بنیادبانیٔ جماعت احمدیہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعودو مہدی معہود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اِذن الٰہی سے 1891ء میں رکھی تھی۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی ہدایات کی روشنی میں خلافتِ احمدیہ کے سائے تلے محض دینی اغراض کی خاطرآج سینکڑوں ممالک میں باقاعدگی کے ساتھ جلسہ ہائے سالانہ منعقد ہو رہے ہیں۔خلافتِ احمدیہ کے انگلستان میں قیام کی بدولت جلسہ سالانہ برطانیہ کو ایک مرکزی جلسہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عالمی جلسہ ہونے کی بھی سعادت حاصل ہے۔ لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے امسال یہ جلسہ صرف یوکے میں مقیم افراد کے لیے منعقد ہورہا ہے۔

امسال بھی اس بابرکت جلسہ کا انعقاد 208؍ایکڑ رقبہ پر محیط انگلستان کی کاؤنٹی‘Hampshire’ کے قصبہ آلٹن کے علاقہ میں واقع ‘Oakland Farm’ پرہورہا ہے۔ اس جگہ کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 2005ء میں ’’حدیقۃ المہدی‘‘ عطا فرمایا تھا۔ اور 2006ء سے حدیقۃ المہدی میں جلسہ سالانہ منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس وسیع رقبہ کا 95فیصدی حصہ کھلے میدان کی صورت میں ہے۔ انگلستان کے موسم کے پیشِ نظر یہاں پر اتنے بڑے جلسے کے انتظامات کر کے ایک عارضی شہربسایا جاتا ہے۔ چنانچہ ہزاروں کی تعداد میں احمدی رضاکاران جلسہ کے مقررہ دنوں سے بہت پہلے کام شروع کرتے ہیں اورموسم کی شدّت کے باوجود دن رات ایک کر کے اس عارضی شہر کے قیام کے انتظامات مکمل کرتے ہیں۔ محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول اور حضرت اقدس مسیح ِپاک علیہ الصلوٰۃوالسلام کے مہمانوں کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر رضاکاران کشاں کشاں حدیقۃ المہدی پہنچتے ہیں۔

انتظامات

امسال کورونا وائرس کے پیش نظر جلسہ سالانہ یوکے کے شاملین کی تعداد فی یوم محدود رکھی گئی ہے۔ لیکن اس کے باوجود جلسہ سالانہ کی شان بھرپور طریق پر قائم ہے۔

امسال ڈیوٹی دینے والوں کے علاوہ 18 سے 65 سال کے افراد ِجماعت کو ایک ایک دن کے لیے دعوت نامہ دیا گیا ہے اور فی یوم تقریباً چار ہزار افراد حدیقۃ المہدی میں جلسہ کی کارروائی دیکھنے اور سننے کے لیے شامل ہو سکتے ہیں۔ پورے یوکے میں سے زیادہ سے زیادہ افراد جماعت کو اس بابرکت جلسہ میں بنفس نفیس شامل ہونے کا موقع دینے کے لیے روزانہ مختلف افراد جماعت جلسہ میں شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ یوکے بھر میں جماعت کی مساجد اور سینٹرز میں افراد جماعت کو اپنے اپنے علاقہ میں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ کے پروگرام دیکھنے اور سننے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔یہ انتظامات بھی تمام کورونا وائرس کی پابندیوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےآج مورخہ 5؍اگست 2021ء بروز جمعرات جلسہ سالانہ یوکے 2021ء کے انتظامات کا معائنہ فرمایا۔ امسال یہ معائنہ جلسہ سے ایک روز قبل منعقد ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز آج نمازِ ظہر سے قبل حدیقۃ المہدی تشریف لے آئے اور نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ بعد ازاں اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

برطانیہ بھر میں گذشتہ کئی دنوں سے بارش کا موسم ہے۔ حدیقۃ المہدی کے حالات بھی بارش کے باعث سازگار نہیں نظر آتے۔ آج بھی دوپہر سے مسلسل بارش کا سماں رہا جس کی وجہ سے یہاں آنے والے احباب کو دقت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ لیکن تمام رکاوٹوں کے باوجود عاشقان خلافت حدیقۃ المہدی پہنچتے رہے اور اپنی مفوضہ ڈیوٹیاں خوش اسلوبی سے بجا لاتے رہے۔ یاد رہے کہ کووڈ 19کے آغاز کے بعد آج ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو تقریباً ڈیڑھ سال بعد اپنے پیارے امام کو براہ راست دیکھنے کی سعادت حاصل کر رہی ہے۔

جلسہ سالانہ 2021ء کے انتظامات کا معائنہ کرنے کی غرض سے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا قافلہ جب ساڑھے پانچ بجے رہائش گاہ سے نکلا تو لنگر خانہ اور روٹی پلانٹ سے ہوتے ہوئے پانچ بج کر 45 منٹ پرایم ٹی اے کی سکرین پر رو نما ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا قافلہ لجنہ اماء اللہ کی Entranceکے سامنے رکا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنی گاڑی سے اتر کر جلسہ گاہ مستورات کے داخلی راستے پر (scanning) انتظامات کا معائنہ فرمایا۔

پانچ منٹ بعد حضور انورکا قافلہ مردانہ جلسہ گاہ کی طرف روانہ ہوا۔ 5بجکر 56منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ مردانہ جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے السلام علیکم ورحمۃ اللہ کا تحفہ پیش کیا اور جلسہ گاہ میں موجود احباب کو جو اپنے پیار امام کے استقبال کے لیے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے تھے تشریف رکھنے کا ارشاد فرمایا۔ بعد ازاں جلسہ سالانہ کی ڈیوٹیز کے افتتاح کے لیے باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا۔

تلاوت قرآن کریم کرنے کی سعادت طلعت صیام صاحب نے پائی جنہوں نے سورت الروم آیت 37 تا 39 کی تلاوت اور اس کا ترجمہ تفسیر صغیر سے پیش کیا۔ بعد ازاں رومان باسط صاحب نے ان آیات کا انگریزی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔

6بجکر 3منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز منبر پر تشریف لائے اور السلام علیکم ورحمۃ اللہ و بر کاتہ کا تحفہ پیش کر نے کے بعد اپنے خطاب آغاز کرتے ہوئے فرمایا:

گزشتہ سال کووڈ کی بیماری کی وجہ سے (امسال) یہ فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ چھوٹے پیمانے پر ہی سہی لیکن منعقد کیا جائے تاکہ لوگ جلسہ میں آ کر اپنی روحانی پیاس بھی بجھا سکیں، فائدہ بھی اٹھا سکیں اور اسی طرح کارکنان بھی جو حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی خدمت کی خواہش تھی اس کو بھی پورا کر سکیں۔ بعض افسران کو یقین نہیں تھا کہ جلسہ منعقد ہو گا۔ لیکن بہر حال میں نے ان کو کہا تھا کہ جلسہ منعقد ہو گا۔ ربوہ میں سالوں جلسہ منعقد نہیں ہوا لیکن پھر بھی ہر سال اس کی تیاری ہوتی ہے۔

حضورِ انور نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں کارکنان اب تربیت یافتہ ہیں، ایک سال میں بھولنے کا سوال نہیں۔ لیکن بعض پابندیاں ہیں اس لیے انتظامات میں شاید کچھ مشکل پیش آئے۔ لیکن موسم ایسا ہو گیا ہے کہ بعض شعبوں میں دقت پیش آسکتی ہے۔ خاص کر غسل خانوں کی صفائی کے حوالہ سے ۔ پارکنگ میں بھی صبر سے کام لینا ہو گا۔ لنگر خانے کا ذکر کرتے ہوئے حضور انور نے فرمایا کہ فاصلہ رکھتے ہوئے کھانا کھلانے کا انتظام کیا گیا ہے اور بہت پیار سے سب کو کھانا کھلانا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دے دیا ہے کہ مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی خدمت کریں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے کام کو سر انجام دیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو توفیق دے کہ آپ اپنے کام کو احسن رنگ میں سر انجام دے سیکیں۔

حضورِ انور نے فرمایا کہ سب سے ضروری اور اہم بات یہ ہے کہ ان دنوں میں دعاؤں کی طرف خاص توجہ دیں اور اپنی نمازوں کو وقت پر ادا کرنے کی کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو احسن خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ۔ حضورِ انور نے خطاب کے اختتام پر چھ بج کر 10 منٹ پر دعا کروائی۔

دعا کے بعد حضورِ انور نے ایم ٹی اے، مخزنِ تصاویر اور دیگر بعض مارکیوں کا معائنہ بھی فرمایا۔ بعد ازاں حضورِ انور ساڑھے چھے بجے کے قریب کھانے کی مارکی میں تشریف لے گئے جہاں کارکنان کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ تمام کارکنان نے اپنے پیارے آقا کا استقبال والہانہ نعروں کے ساتھ کیا اور ایک عرصے بعد اپنے امام کے دیدار سے اپنی پیاس بجھائی۔

ڈیوٹی کنندگان کے تاثرات:

٭…شفقت احمد( ناظم جلسہ گا ہ اندرون) کہتے ہیں کہ دو سال کے بعد ہمیں دوبارہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنا جلسہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ سارے کارکنان بڑے پُرجوش ہیں اور موسم خراب ہونے کے با وجود سارے بڑے خوش ہیں کیونکہ پیارے آقا کو دو سال کے بعد ایک دفعہ Live دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ خراب موسم کے با وجود سب کے حوصلے بڑے بلند ہیں اور سب خوش ہیں۔

٭…مبارک امجد نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ کووِڈ کے بعد آج پیارے حضور کو دیکھنے کا موقع ملا۔ ہم بڑے خوش ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس بارش (کے موسم ) میں خدمت کا موقع عطا کیا ہے۔ ہمارا دل پیارے حضور کا چہرہ مبارک دیکھ کر باغ باغ ہو گیا ہے۔ پیارے حضور نے ہمارے سلام کا جواب دیا ہے (جس سے ہمیں یوں محسوس ہوتا ہے) کہ ہماری محنت کا پھل مل گیا ہے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس جلسہ کو کامیاب فرمائے اور ہم سب کو جلسہ سالانہ کے مقاصد پورا کرنے کی توفیق دے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button