رپورٹ شعبہ جات
جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے کے لیے رضاکاران پر مشتمل ہر شعبہ اپنا کردار ادا کرتا ہے
جلسہ گاہ سٹور
جلسہ گا ہ سٹور کے ناظم فیروزاحمد پٹیل صاحب ہیں۔آپ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے بتایاکہ وہ گذشتہ پندرہ سال سے مختلف شعبہ جات میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں اوراس شعبہ میں سات سال سے بطور ناظم خدمت کاموقع پارہے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ ان کی ٹیم کی تعداد 150 تک ہوتی ہے تاہم امسال یہ تعدادکم کرکے 71کردی گئی۔
آپ نے بتایا کہ اگرچہ مہمانان کرام کی تعداد کم ہے لیکن موسم اورشدید کیچڑ نے کام بہت بڑھا دیاہے۔اس شعبہ کا کام تمام جلسہ گاہ میں پانی کا انتظام کرنا ہوتاہے بالخصوص سب کارکنا ن تک پانی کی سپلائی ان کے سپرد ہے۔اسی طرح بوقت ضرورت تمام عملہ کو جو جلسہ گاہ میں ڈیوٹی پر ہوتاہے انہیں پانی کے علاوہ دیگر مشروبات بھی مہیا کیے جاتےہیں۔
آپ نے بتایا کہ پہلے یہ انتظام ہوا کرتا تھا کہ شاملین جلسہ تک پانی پہنچانے کے لیے متعلقہ ٹیم ان کے سٹور سے سامان حاصل کرتی تھی۔لیکن اس مرتبہ حالات کی وجہ سے ہمیں خود ہر جگہ پانی اور دیگر سامان پہنچانا پڑ رہا ہے۔اور۱۵۰والنٹئرز کا کام ۷۱ لوگ وہی کام کر رہے ہیں۔
آپ نے یہ بھی بتایاکہ سب کارکنان غیرمعمولی شوق اور جذبہ سے اپنی ڈیوٹی دے رہےہیں۔جو اس مرتبہ محروم رہے ہیں انشاء اللہ آئندہ ان کو ضرور موقع دیاجائے گا۔آپ نے بتایا کہ وہ مسلسل نوٹ کررہے ہیں کہ لڑکے اور دیگر ٹیم ممبرز بہت کم آرام کررہے ہیں۔رات بھی سائیٹ پر ہی گزارتےہیں۔رات کے وقت تو زیادہ تر بارش ہی رہتی رہی ہے لیکن ایسا شوق اور ذوق شاذ ہی سے ملتا ہے کہ کسی نے اشارۃً بھی کہا ہوکہ ان کی نیندپوری نہیں ہوئی۔آپ نے اپنی نظامت کے انچارج مکرم ظہیر احمد خان صاحب آف ہانسلو یوکے کا خاص طور پرذکر کیا جو سب ورکرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ہم سب ان کے تجارب سےسیکھ رہے ہیں۔آپ نے اللہ کا شکرادا کیا کہ حضورِانور نے جلسہ سالانہ کے انعقاد کی منظوری فرمائی اورانہیں مہمانان کرام کی خدمت کا موقع میسر آرہاہے۔الحمدللہ
نظامت صفائی
امسال جلسہ سالانہ کے دوران سب سے مشکل ڈیوٹی کرنے والے ڈیپارٹمنٹس میں سے ایک نظامت صفائی ہے ۔آج ناظم صفائی مکرم سفیرزرتشت صاحب مربی سلسلہ سے ان کے شعبہ کے بارہ میں معلومات حاصل کی گئیں۔آپ نے کہا کہ سب سے پہلے تووہ اپنے پروردگار کے شکرگزار ہیں کہ جس نے یہ بابرکت ایام ایک مرتبہ پھر دیکھنے نصیب کیے۔یہ درست ہے کہ امسال موسم کی شدت اور بارش کی وجہ سے سخت محنت کرنا پڑ رہی ہے کیونکہ کیچڑ کی وجہ سے لڑکوں کو باربار صفائی کرنا پڑ رہی ہے ۔شدید کیچڑ کی وجہ سے شروع میں مشکل کا احساس ہوا لیکن جب پیارے آقا نے جلسہ کے کارکنان سے اپنے خطاب میں ہمارے شعبہ کا ذکر فرمایا تو گویا ہمارے ارادوں میں ایک نئی طاقت اور جذبہ پیداہوا۔بروز منگل سے ڈیوٹی شروع کی گئی۔ اللہ کے فضل سے رضاکاران کے حوصلے تروتازہ ہیں۔ روٹین کی صفائی کے علاوہ ان کی ٹیم اکٹھا ہوکر ہر ایک ٹائلٹ میں جاکر مکمل صفائی کرتی ہے ۔اس کے نتیجہ میں ایک جگہ سے ایسی شکایت نہیں موصول ہوئی کہ ٹائلٹ بلاک ہیں۔اگرچہ بڑے اجتماعات میں اس امر کا امکان تو رہتا ہے بالخصوص اس قسم کے موسم اور حالات میں ۔
آپ نے یہ امر بھی بڑے واضح انداز میں اُجاگر کیا کہ صرف عام صفائی نہیں کی جارہی بلکہ باتھ روم و ٹائلٹ کو پوری طرح دھویا جاتاہے اورپھرکموڈ اور بیسن وغیرہ کو ڈس انفیکٹ کیا جاتاہے اورجراثیم کش دوائی کا باربارسپرے کیاجاتاہے۔
ان کے شعبہ میں 30 رضاکاران کو خدمت کاموقع مل رہاہے اور چوبیس گھنٹے ڈیوٹی جاری ہے۔ ان کی ٹیمیں شفٹوں میں کام کر رہی ہیں۔تمام لڑکے سارا وقت سائیٹ پررہتے ہیں اور انہیں سونے کا موقع بہت کم ملتاہے۔شاید چند گھنٹے یا بعض اوقات اس سے بھی کم۔
آپ نے ذکرکیاکہ تما م کارکنان نے نہایت صبر اور حوصلہ سے ڈیوٹی کی ۔اگر شاذ سے کسی نے موسم کی مناسبت سے ٹائلٹ میں پانی وغیرہ کے کھڑے ہونے کاگلہ بھی کیا تو اسی وقت صفائی کرنا شروع کردیتے ہیںچاہے چند منٹ پہلے صفائی کیوں نہ کی ہو۔آپ نے ایک یہ بھی بتایاکہ ان کی ٹیم میں جامعہ کے طلباء بھی شامل ہیں جو اس اخلاص اور عاجزی سے کام کررہے ہیں کہ قلبی سکون میسر آرہاہے اور میری فکر انہوں نے بانٹ رکھی ہے۔الحمدللہ
آپ نے آخر میں اپنی سب ٹیم کے لیے دعاکی درخواست کے ساتھ ساتھ تما م مہمانوں کاشکریہ بھی ادا کیاکہ مہمانوں کے تعاون کے بغیر یہ سب ممکن نہ تھا،اللہ کے فضل سے ہر احمدی اس حکم سے آگاہی رکھتا ہے کہ
النظافۃ من الایمان۔
نظامت جلسہ گاہ
جلسہ سالانہ کے سارے شعبہ جات ہی اپنی اپنی جگہ اہمیت رکھتےہیں ۔لیکن جلسہ کا مرکز ‘جلسہ گاہ’ ہے ۔جلسہ گاہ میں ہی حضورانور جلسہ کے دوران سب سے زیادہ وقت جلوہ افروز ہوتے ہیں جہاں سے کل عالم حضورانور کے دیدار کی تڑپ رفع کرتاہے اور اسی جگہ سے حضورانور کے بصیرت افروز خطابات اہل ارض کو براہِ راست سننےاوردیکھنے کو ملتےہیں۔یہاں سے ہی جماعت کے جید علماء کرام کی تقاریر اورکانوں میں رس گھولتی نظمیں اور دیگر کارروائی ایم ٹی اے کے ذریعہ دنیابھر میں پہنچتی ہے۔
آج جلسہ گاہ نظامت کے عارضی آفس میں حاضر ہوکر معلومات لی گئیں۔مکرم صباحت کریم صاحب مربی سلسلہ اس شعبہ کے ناظم آفس ہیں تاہم ان کی خدام الاحمدیہ میں مصروفیت تھی اس لیے نائب افسر صاحب جلسہ گاہ مکر م مبارک احمد بسرا صاحب مربی سلسلہ نے نظامت جلسہ گاہ کے متفرق کاموں کی تفصیلات کے بارے میں راہنمائی فرمائی۔
آپ نے بتایا کہ جلسہ گاہ کے سات نائب افسران ہیں۔ جبکہ مکرم ومحترم مولاناعطاء المجیب راشد صاحب افسر جلسہ گاہ ہیں۔یہ سب منظوریاں حضورانور سے ہوتی ہیں۔ہر ایک نائب افسر جلسہ گاہ کے ماتحت پھر آگے کئی کئی نظامتیں کام کرتی ہیں۔اس شعبہ میں 47 نظامتیں ہیں ۔
ہرنظامت کے اندر الگ الگ کام ہیں۔ان نظامتوں میں ان کے کاموں کی مناسبت سے کام شروع ہوتاہے ۔بعض تو سال کے شروع سے ہی کام میں جُت جاتی ہیں۔دیگربہت ساری نظامتیں جولائی کے شروع میں یہاں کام شروع کردیتی ہیں ۔آپ نے بتایا کہ عام حالات میں 2500 کارکنان و رضاکاران پرمبنی ٹیم کام کیاکرتی ہےلیکن امسال کووِڈ کی وجہ سے یہ تعداد صرف ایک ہزارتک محدود ہوگئی ہے۔
جلسہ گاہ کی تیاری میں جیسا کے ذکر ہواہے کہ بہت سارے شعبہ جات ہیں ۔اس میں دیگر شعبہ جات مثلاً ایم ٹی اے، الیکٹرک ،ساؤنڈسسٹم اور سٹیج بیک گراؤنڈ کی کوآرڈینیشن بھی شامل ہوتی ہے۔الغرض بہت سارے کام ہیں ۔اب سب باتوں کا خلاصہ تو یہی ہے کہ حضورانور کی شفقت اور حضورانور کے وجود مبارک کی وجہ سے سارے کام ہوتے چلے جاتے ہیں اورپتاہی نہیں چلتا کہ اللہ تعالیٰ کس رنگ میں مدد کرتاہے اورستاری سے کام تکمیل کوپہنچ جاتے ہیں۔الحمدللہ