جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کی مختصر روئیداد
آج8؍اگست 2021ءبروز اتوار جلسہ سالانہ یوکے2021ء کا تیسرا اور آخری دن تھا۔ تیسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے ہوا۔مکرم میر انجم پرویز صاحب مربی سلسلہ عربک ڈیسک یوکے کو سوا تین بجے نماز تہجد پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نماز فجر پڑھائی۔ نماز فجر کے بعدمکرم وسیم احمد فضل صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے کو درس دینے کی توفیق ملی۔
حدیقۃ المہدی میں ڈیوٹی دینے والوں کو رہائش کی اجازت تھی۔8 بجے سے احباب جماعت ناشتہ کرتے گئے اور اپنی اپنی ڈیوٹیوں میں مشغول ہو گئے۔
آج بھی صبح سے لندن اور لندن کے مضافات میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ لیکن اس کے باوجود عشاقان خلافت اپنے اپنے دعوت نامہ کے مطابق اور حضور انور کے ارشاد پر لبیک کہتے ہوئے کہ‘جن کو دعوت نامہ اور اجازت نامے ملے ہیں سوائے اشد مجبوری کے ضرور جلسے میں شامل ہوں۔…موسم کی خرابی کو عذر نہ بنائیں’ بھرپور تعداد میں حدیقۃ المہدی پہنچے۔آج شاملین جلسہ میں اداسی کے آثار ظاہر ہو رہے تھے کیونکہ یہ جلسہ انتہائی سرعت کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ رہا تھا۔
ٹھیک دس بجے تیسرے دن کے پہلے اجلاس(جلسہ سالانہ کے چوتھے اجلاس)کی کارروائی کا آغاز ہوا۔جلسہ سالانہ یوکے کے تیسرے روز ایک نہایت اہم حصہ عالمی بیعت کا ہوتا ہے۔ کووڈ۔19کی حفاظتی تدابیر کے پیش نظر عالمی بیعت کا انعقاد نہیں ہوا۔ اس لیے امسال عالمی بیعت سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ اس کے بعد دوپہر کے کھانے کا وقت رکھا گیا تھا۔ لنگرخانے ميں داخلہ سے قبل خدام نے Hand Sanitization کروائي۔کھانے کي marquee ميں حتي الوسع فاصلہ بھي رکھا گيا۔ مارکي ميں داخلي اور خارجي راستے الگ الگ تھے۔
کھانے کے بعد مکرم امیر صاحب کی صدارت میں معزز مہمانوں کے ویڈیو پیغامات سکرین پر دکھائے گئے اور بعض پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
بعد ازاں حضور انور نے جلسہ گاہ میں نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اورعربی قصیدہ اور اردو نظم سے ہوا ۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطاب میں حقوق العباد کا ذکر فرمایا اور قرآن کریم ، آنحضرت ﷺ اور ارشادات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام اور آپ کے واقعات سے بیان فرمایا کہ ان حقوق کو کس طرح ادا کرنا چاہیے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے ذریعہ دنیا بھر میں افراد جماعت اس جلسہ سالانہ میں شامل تھے۔امسال حدیقۃ المہدی اور بیت الفتوح سے ایم ٹی اے کے پروگرامز کا درج ذیل زبانوں میں ترجمہ ہوا:فرنچ، جرمن، بنگلہ، انڈونیشین، سپینش، سواحیلی، Twi، Hausa، Yoruba، Tamil، Malyalam، رشین اور ترکی۔
احبابِ جماعت کو جلسہ سالانہ برطانیہ مبارک ہو۔
٭…٭…٭