اطلاعات واعلانات
سانحہ ہائے ارتحال
٭…ھبۃالکلیم صاحبہ اہلیہ مکرم جمیل احمد تبسم صاحب مبلغ سلسلہ اوفا، بشکرتستان، رشیا، اعلان کرواتی ہیں کہ میری والدہ محترمہ زاہدہ پروین صاحبہ اہلیہ مکرم غلام مصطفےٰ اعوان صاحب مرحوم ڈھپئی ضلع سیالکوٹ حال مقیم دارالیمن شرقی ربوہ مورخہ 15؍ جولائی2021ء بعمر 61 سال طویل علالت کے بعد بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
والدہ صاحبہ خدا کے فضل سے پنجوقتہ نمازوں کی پابند اور نماز تہجد میں باقاعدہ تھیں۔ غریب پرور، انتہائی صابرہ و شاکرہ، اپنوں اورغیروں سب کی عزت واحترام کرنے والی تھیں۔ جماعت احمدیہ اور خلافت احمدیہ سے والہانہ محبت و عقیدت تھی۔ خدا کی ذات پر کامل یقین تھا۔ اپنے اخلاق کی وجہ سے ہر دل عزیز تھیں۔ دوسروں کی مدد کے لیے ہر وقت تیار رہتی تھیں۔ مہمان نوازی ان کا خاص وصف تھا۔ جماعتی عہدیداران اور واقفینِ زندگی کا بے حد احترام کرتیں اور دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والی تھیں۔ اپنی تین بیٹیوں کی شادیاں بھی مربیان سلسلہ سے کیں۔ ہر رشتہ کو خوب نبھاتیں اور عزت دیتیں۔ حضور انور کے خطبات باقاعدگی سے سننے اور مالی قربانی وچندہ جات میں پیش پیش تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا احمد مرتضیٰ اعوان جرمنی اور چار بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔
احبابِ جماعت کی خدمت میں دُعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری والدہ کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ دے۔ آمین۔ میدانِ عمل میں ہونے کی وجہ سے ہم اپنے والد اور والدہ دونوں کی بیماری اور وفات میں شریک نہیں ہو سکیں۔ ہمارے لیے بھی دُعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صبرجمیل دے اور ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق دے۔ آمین
٭…جاوید اقبال ناصر صاحب مربی سلسلہ جرمنی لکھتے ہیں کہ خاکسارنہایت افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دے رہا ہے کہ خاکسار کی والدہ محترمہ رضیہ بیگم صاحبہ زوجہ چودھری محمد سلیمان صاحب مرحوم آف راجن پورشہر پاکستان مورخہ 16؍ جولائی بروز جمعۃ المبارک کی صبح بقضائے الٰہی 75 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
اللہ تعالیٰ نے آپ کے اندر بہت سی خوبیاں رکھی تھیں۔ آپ کو صدر لجنہ شہرو ضلع راجن پور رہنے کی سعادت ملی۔ جماعت اور خلافت کے ساتھ بے پناہ وفا اور محبت کا تعلق تھا۔ مہمان نوازی اور غریب پروری آپ کی اہم صفات تھیں۔ واقفین اور مربیان کرام سے ایک خاص عقیدت اورپیار تھا۔ مالی قربانی میں ہمیشہ صفِ اوّل میں رہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ موصیہ تھیں اورآپ نے اپنی زندگی میں ہی اپنی جائیداد کا حصہ آمد ادا کر دیا ہوا تھا۔ آپ ذیا بیطس اور بلڈ پریشر کی مریضہ تھیں۔ دو ماہ قبل آپ کو فالج کا حملہ ہوا تھا۔ طبیعت کچھ بہتری کی طرف مائل تھی لیکن فالج نے ایک اَور حملہ کردیا۔ آپ کو طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ ربوہ میں لایا گیا جہاں چند دن زیرِ علاج رہنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی تقدیر غالب آئی اور آپ اپنے خالق ِحقیقی سے جا ملیں۔ آپ کی تدفین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی پُر شفقت اجازت سے بہشتی مقبرہ دارالفضل ربوہ میں عمل میں آئی جہاں آپ کی نمازِ جنازہ بھی ادا کی گئی۔
آپ نے پسماندگان میں اپنےبہن بھائیوں کے علاوہ سات بیٹے اور ایک بیٹی یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کا سب سے بڑا بیٹا خاکسار(جاویداقبال ناصرؔ) اور سب سے چھوٹا بیٹاعزیزم محمد لقمان زاہدصاحب بطور مبلغین سلسلہ خدمات بجا لانے کی توفیق پا رہے ہیں ۔ تین بیٹے اسیرانِ راہ مولا رہ چکے ہیں۔ ایک بیٹا اور ایک چھوٹے بھائی ابھی بھی اسیرِ راہ مولا ہیں اور اسی وجہ سے جنازہ میں شامل بھی نہیں ہو سکے۔ ایک دوسرے بیٹے پر بھی مخالفین کی طرف سے مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ احبابِ جماعت کی خدمت میں دُعا کی درخواست ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہماری والدہ صاحبہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ ہم سب کو صبرکی توفیق دےاور آپ کی نیکیاں آپ کی اولاد میں جاری و ساری رہیں۔ آمین
خاکسار دل کی گہرائی سے طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ و کارکنا ن کا بھی مشکور ہے کہ انہوں نے لمحہ بہ لمحہ ہماری والدہ صاحبہ کا خیال رکھا اوراُن کو آرام پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر سے نوازے۔ آمین
٭…٭…٭
درخواستہائے دعا
٭…عبدالرؤوف صاحب سیکرٹری وصایا بریڈفورڈ نارتھ، یوکے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے چھوٹے بھائی مکرم عبدالحئی ناصر صاحب مبلغ سلسلہ و انچارج ایم ٹی اے سیرالیون ابن( مکرم عبدالرزاق صاحب مرحوم سابق پی ٹی آئی جامعہ احمدیہ ربوہ ) کا گردے میں پتھری کا آپریشن مورخہ 14 اگست 2021ء بروز ہفتہ گھانا میں ہونا ہے۔
احباب جماعت سے درد مندانہ دعا کی درخواست ہے کہ خدا تعالیٰ اپنے فضل سے مکرم عبد الحئی ناصر صاحب کو جلد از جلد کامل شفا عطا فرمائے اور آپریشن ہر لحاظ سے کامیاب رہے اور ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ آمین
٭…عتیق احمد صاحب مغلپورہ لاہورتحریر کرتے ہیں کہ میرے داماد عزیزم عظیم احمد ابن نعیم احمد صاحب اور بیٹی عزیزہ انیقہ عظیم اور بھانجا کلیم احمد ابن نعیم احمد صاحب گذشتہ پندرہ دنوں سے بوجہ کورونا ملائیشیا میں بیمار ہیں۔ کمزوری بہت ہے۔ بیٹی کو سانس کی تکلیف ہے۔ بات کرنے میں شدید کھانسی شروع ہو جاتی ہے۔ ان کی سات سال کی بیٹی بھی ہمراہ ہے جو اللہ کے فضل سے محفوظ ہے۔ احبابِ جماعت سے ان کی کامل شفایابی کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
٭…آصف بلوچ صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ محترم عبدالحئی خان صاحب مندرانی ابن حضرت محمد مسعود خان صاحب مندرانی ؓصحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام سابق صدر جماعت تونسہ شریف بعارضہ فالج بیمار ہیں۔ آپ کچھ عرصہ نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج رہنے کے بعد گھر آگئے ہیں لیکن ابھی بھی بات چیت میں دشواری کا سامنا ہے۔ اس بزرگ خادم سلسلہ کےلیے احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالی ان کو صحت کاملہ وعاجلہ عطا کرے اور ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھتے ہوئے عمرِ دراز سے نوازے آمین
اعلان ہائے ولادت
٭…عزیز احمد شہزاد صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ تنزانیہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کو مورخہ 19؍ جون 2021ء کو تیسرے بیٹے سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت تحریک وقف نو میں قبول فرماتے ہوئے نومولود کا نام تفرید احمد تجویز فرمایا ہے۔ خاکسار کےبڑے بیٹے عزیزم ولید احمد اور عزیزم اعتزاز احمد بھی وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ نومولود کو صحابہ حضرت مسیح موعودؑ کی نسل میں سے ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ احبابِ جماعت سے ان بچوں کے نیک قسمت ہونے، جماعت احمدیہ کے لیے مفید وجود بننے اور خلافت کے سچے اطاعت گزار اور خادم ہونے کے لیے دعا کی درخواست ہے۔
٭…مکرمہ رقیہ بشارت صاحبہ آف نیوجرسی امریکہ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل کے طفیل مورخہ 29؍ جولائی2021ء بروز جمعرات خاکسار کے بیٹے عزیزم باسل احمد بشارت صاحب مربی سلسلہ اور بہوعزیزہ انیلہ باسل صاحبہ کو بیٹی فاتحہ احمد بشارت(واقفہ نو)اورفاضل احمد بشارت(واقف نو)کے بعددوسرے بیٹے ’’عبداللہ احمد بشارت‘‘سے نوازا ہے۔ حضور انور نے ازراہ شفقت نومولودکی وقف نو کی بابرکت تحریک میں شمولیت کی منظوری عنایت فرمائی ہے۔احبابِ جماعت کی خدمت میں دعا کی خاص درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ عبداللہ بیٹے کو کامل صحت و تندرستی والی لمبی عمر عطا کرکے والدین کےلیے قرۃ العین بنائےاوراسم بامسمی،نیک، صالح،خادم دین،خوش قسمت اور خلافت کا حقیقی وفاشعار خادم ہو۔آمین
٭…مدیحہ حمید صاحبہ اعلان کرواتی ہیں کہ میرے بڑے بھائی تجمل احمد جمالی صاحب بوجہ کورونا وائر س گذشتہ چند دن سے آئی سی یو میں داخل ہیں اور رپورٹ کے مطابق اب پھیپھڑوں میں پانی بن رہا ہے جس کی وجہ سے ان کی طبیعت کافی ناساز ہے۔ احبابِ جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں شفائے کاملہ و عاجلہ عطا کرے اور ہر پریشانی دور فرمائے۔ آمین
٭…عبد الحنان صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ رفعت سعید صاحبہ اہلیہ اشفاق احمد صاحب آف مٹھہ ٹوانہ ضلع خوشاب سانس میں دشواری اور نیند کی کمی کی شکایت سے بیمار ہیں۔ کئی روز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اور احباب کرام کی دعاؤں سے گھر واپس آگئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے والدہ کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے لیکن ابھی بھی آکسیجن پر ہیں۔ احباب س دعا کی درخواست ہے۔
٭…٭…٭