جماعت احمدیہ یونان کے زیر انتظام پہلا آن لائن اسلامک سیمینار
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضورِ انور کی دعاؤں سے جماعت احمدیہ یونان کو مورخہ 30؍جولائی 2021ء بروز جمعۃ المبارک یونان کے وقت کے مطابق شام آٹھ بجے تا دس بجے رات انگریزی زبان میں آن لائن اسلامک سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ
اس سیمینار کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اس میں غیراز جماعت احباب کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ سیمینار کو کامیاب بنانے کے لئے ایک ہفتہ قبل احباب جماعت و غیر از جماعت احباب و خواتین کو اطلاع کر دی گئی تھی۔ اسی طرح فیس بک پر اس پروگرام کے حوالہ سے ایک اشتہار بھی شائع کیا گیا جو دس ہزار لوگوں تک پہنچا۔ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ اور محترم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ یونا ن نے اپنی اپنی تنظیم کے ممبران کو اس سیمینار میں شامل ہونے اور کامیاب بنانے کے لئے میسج اور ٹیلی فون کے ذریعہ انفرادی اطلاع کی۔ اسی طرح محترم نیشنل صدر صاحب یونان کی طرف سے ساری جماعت احمدیہ یونان کو اس پروگرام میں شمولیت کے لئے اطلاع کی گئی اور پھر بعد میں بھی یاددہانی کروائی گئی۔
یونان کے مختلف آن لائن پروگراموں کے لئے ہمارے پیارے آقا سیدنا و امامنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مختلف علماء کی بطور مقررین منظوری عطا فرمائی ہے۔ اس سیمینار مکرم ابراہیم نونن صاحب، مشنری انچارج و نائب نیشنل صدر جماعت احمدیہ آئرلینڈ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کا موضوع “MY SEARCH FOR INNER PEACE AND THE REALITY OF THE DIVINE LED ME TO ISLAM” رکھا گیا۔
پروگرام کی صدار ت محترم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ یونان نے کی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا جو مکرم راحیل احمد صاحب نے کی۔ خواتین و حضرات نے بڑے انہماک سے کارروائی دیکھی اور سنی۔ مولانا نونن صاحب نے اپنی تقریر میں اپنے قبولیت اسلام کا واقعہ سنایا کہ کس طرح خدا تعالیٰ کی تلاش انہیں اسلام احمدیت کی طرف کھینچ کر لے گئی۔ 50 منٹ کی تقریر کے بعد سوال و جواب کی مجلس منعقد ہوئی جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔
اس دوران مولانا نونن صاحب نے اپنے غیر مسلم رشتہ داروں کے رویہ اور ان سے تعلق اور عیسائیوں کو تبلیغ اسلام کے طریق کے حوالہ سے بھی روشنی ڈالی۔ یہ تمام پروگرام جماعت احمدیہ یونان کے یو ٹیوب چینل AhmadiyyaGR پر دیکھا جا سکتاہے۔ پروگرام کے آخر پر مکرم صدر صاحب کی درخواست پر مولانا ابراہیم نونن صاحب نے دعا کروائی۔ اس سیمینار میں 8 غیر احمدی و غیر مسلم افراد سمیت 30 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس طرح کے دینی پروگرام کرنے کی توفیق عطا فرماتا رہے جسے سن کر دوسرے احباب کے دلوں کو بھی اللہ تعالیٰ اسلام احمدیت کے نور سے منور فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: ارشد محمود۔ یونان)