سات روزہ تبلیغی دورہ جنوب مشرقی سویڈن
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو ایک مرتبہ پھر ایک ہفت روزہ تبلیغی دورے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ۔ مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن کے مشورے سے جنوب مشرقی سویڈن کے بعض شہروں میں تبلیغی سٹال لگانے کا پروگرام ترتیب دیا۔ اس دورے کا موضوع Ask a Muslim رکھا گیا اور اس موضوع پر ایک ٹینٹ تیار کیا گیا جس پر جلی حروف میں Ask a Muslim لکھا ہوا تھا اور ساتھ ہی بعض عناوین بھی لکھے گئے جو کہ عموماً میڈیا میں آتے رہتے ہیں۔ تاکہ لوگ ان موضوعات پر سوالات کر سکیں۔ اس تبلیغی دورے میں محترم مبلغ انچارج صاحب کے ہمراہ مکرم کاشف ورک صاحب مبلغ سلسلہ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ) بھی تھے۔ یہ دورہ مورخہ 21؍ اگست تا 27 اگست 2021ء ہوا۔
سفرکا باقاعدہ آغاز 21؍اگست کی صبح گاتھن برگ سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے سفر کے آغاز میں دعا کروائی۔ اس دورہ کے دوران کُل 2600 کلومیٹر کا سفر طے کیا گیا۔ اس سفر میں گاڑی کے پیچھے جماعتی کاروان نصب کیا گیاتھا جس پر حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بڑی تصویر، ’مسیح آگیا‘ کی سویڈش میں تحریر نیز جماعتی ویب سائٹ اور ماٹو ‘محبت سب کےلیے نفرت کسی سے نہیں’ نمایاں طور پر لکھا گیا ہے۔ اس سارے سفر کے دوران ہزاروں گاڑیاں اس کاروان کے پاس سے گزریں اور اس طرح ہزاروں لوگوں تک یہ پیغام پہنچا کہ جس موعود مسیح کا وہ انتظار کر رہے ہیں وہ آچکا ہے۔
لوکل پولیس کی اجازت سے اس کاروان کو 6 مختلف شہروں کی مرکزی شاہراہوں پر 5۔5 گھنٹوں کےلیے کھڑا کیا گیا اور زائرین سے گفتگو ہوئی۔ سٹالز پر اللہ کے فضل سے ایک بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے آکر اسلام کے بارے میں اپنے سوالات کے تسلی بخش جوابات پائے۔ بہت سے لوگوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ ہمارے سے گفتگو کے بعد ان کا اسلام کے بارے میں جو نظریہ تھا وہ مثبت ہو گیا ہے اور ان کے خدشات دور ہو گئے ہیں۔ اکثر لوگوں نے جماعت کے اس اقدام اور مہم کو بہت اچھے الفاظ میں سراہا اور اس قسم کی مزید کوششوں کو جاری رکھنے کی درخواست کی۔ ان شہروں کے نام جہاں ہمارا تبلیغ سٹال لگا Halmstad، Växjö، Västervik، Nybro، Kalmar اور Karlskrona ہیں۔ اس دورے کے متعلق اطلاع متعلقہ علاقوں کےمیڈیا کے علاوہ لوکل سیاستدانوں اور عیسائی چرچوں کے سربراہان کو بھی دی گئی۔
دورے کے آغاز سےچند دن قبل خاکسار نےجنوب مشرقی سویڈن کے ایک شہر Sölvesborg میں تبلیغی سٹال لگایا۔ یہ شہر اسلام مخالف سب سے بڑی جماعت کا گڑھ ہے اور ان کاپارٹی لیڈر بھی اسی شہر سے ہے۔ اللہ کے فضل سے یہاں دو اخبارات نے خاکسار کا انٹرویو شائع کیا اور اس میں ہمارے تبلیغی دورے کے بارے میں بھی تفصیلات لکھیں۔ اسی طرح اس علاقے کے اسلام مخالف ایک پارلیمنٹ ممبر نے اخبار میں اپنا ایک مضمون شائع کیا جس میں اس نے اسلام مخالفت کا اظہار کیا تھا جس پر اسی اخبار میں مکرم مبلغ انچارج صاحب کا انٹرویو اس کے جواب میں شائع ہوا۔ جبکہ مکرم کاشف ورک صاحب کا جواباً مضمون بھی اس اخبار نے شائع کیا۔ اس اخبار کے ذریعہ بھی ہمارے دورے کی بات میڈیا میں آئی اور اس ممبر آف پارلیمنٹ کو ہم نےاس کے شہر میں دورے کے دوران منعقد ہونے والے اپنے تبلیغی سٹال Ask a Muslim پر آنے کی بھی دعوت دی تاکہ وہ ہم سے اپنے خدشات کے بارے میں سوالات کر سکے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سےدورہ کے دوران بھی لوکل میڈیا میں اس کی خوب تشہیر ہوئی۔ اس طرح کُل 11 اخباروں، دو ریڈیو سٹیشنز اور ایک ٹی وی چینل کے ذریعہ جماعت کا پیغام سارے علاقے میں پھیلا۔ اخبارات نے اپنے آن لائن شماروں میں بھی انٹرویوز شائع کیے اور پرنٹڈ (printed)اخبارا ت میں بھی تصاویر کے ساتھ انٹرویوز کو شائع کیا۔ بہت سے لوگ جماعت کے سٹال کی میڈیا پر خبر پڑھ کریا سن کر آئے تھے۔
Växjöکی لوکل اخبار میں آدھے صفحے کا ایک اشتہار بھی دورے کے دوران شائع کروایا گیا۔ اس میں حضرت مسیح موعودؑ کی ایک بڑی تصویر کے ساتھ جماعت کا ماٹو ’محبت سب کےلیے نفرت کسی سے نہیں‘ لکھا گیا۔ اس کے علاوہ اس شہر میں ہمارے سٹال کی جگہ اور وقت بھی درج کیے گئے۔
ان اخباروں نے دورہ کا مقصد تفصیل سے لکھا اور خاص طور پر دورے کے Themeکو Ask a Muslim کونمایاں طور پربیان کیا۔ اسی طرح کاروان پر لکھے گئے پیغام Messiah has come کے بارے میں لکھا گیا۔ جماعت کا تعارف اورحضرت مسیح موعودؑ کی تصویربھی شائع ہوئی۔ شریعت کے نفاذ، اسلام کی آزادئ رائے سے متعلق تعلیم، عورتوں کے حقوق، امن سے متعلق اسلام کی حقیقی تعلیم، جماعت کی مذہبی اور سماجی ہم آہنگی کے قیام سے متعلق کاوشیں وغیرہ امور ان اخبارات میں بیان ہوئے۔ اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی ساتھ ساتھ ان خبروں کی تشہیر کی گئی ۔ ان تمام ذرائع سے اس دورہ کی خبر اور جماعت کا تعارف 5لاکھ سے زائد افراد تک پہنچا۔ الحمد للہ
اس دورے کے دوران تین شہروں میں چرچ کے سربراہان سے بھی ملاقات کی گئی۔ مبلغ انچارج صاحب نے انہیں قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا۔ اسی طرح کالمار میں میئر سے ملاقات کی گئی اور انہیں بھی مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کا تحفہ پیش کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ میٹنگز بھی بہت کامیاب رہیں اور جماعت کا اچھا تعارف کروایا گیا اور مستقبل میں ان کے ساتھ مل کر بعض پروگرام بنائے جا سکیں گے۔ انشاءللہ
دورہ کے دوران وزٹ کیے جانے والے شہروں کے احمدی احباب نے اس سفر کو کامیاب بنانے میں اپنا خوب کردار ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ ان سب احباب کو بہترین جزا عطا فرمائے اور ہمیشہ اپنی رضا کی راہوں پر چلائے۔ اسی طرح کالمار میں لوکل صدر لجنہ نے بھی لوکل لجنہ کے ساتھ سٹال پر کچھ وقت ڈیوٹی دی۔ اللہ تعالیٰ انہیں بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین
قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے اس سفر کے بہت مثبت نتائج پیدا فرمائے اور آئندہ بھی ہمیں اس قسم کے پروگرام ترتیب دینے کی توفیق ملتی رہے۔ اللہ تعالیٰ ہر دورے کو اپنے فضل سے بہت کامیاب فرمائے۔ آمین