دنیا بھر کے احمدیوں کی جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت: ایک رپورٹ (قسط دوم۔ آخری)
٭…فن لینڈ سے فرخ اسلام صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ الله تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ نے جلسہ سالانہ یو کے کو سننے اور آن لائن براہ راست دیکھنے کا انتظام کیا تھا۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں جماعت کے نماز سینٹر میں احباب جماعت نے جلسہ سالانہ یوکے کی برکات حاصل کرنے کے لیے بڑے جوش وخروش سے شمولیت کی اور اپنے آقا پیارے امام کی نصائح کو بڑی توجہ سے سنا۔ اسی طرح جلسہ کے مہمانوں کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔
کووڈ سے بچاؤ کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا گیا، تمام افراد نے ماسک لگا کر اور ایک دوسرے سےفاصلہ رکھ کر جلسہ کو سنا۔ شعبہ سمعی و بصری کا MTA سےبراہ راست رابطہ تھا اور MTA پر گاہے بگاہے احباب جماعت فن لینڈ کو براہ راست دکھایا بھی گیا۔ الحمدلله نماز سینٹر میں پہلے دن کی حاضری 30 اور دوسرے دن کی حاضری 32 تھی۔ الحمد لله
٭… سُرینام سے مکرم لئیق احمد مشتاق صاحب (مربی سلسلہ) لکھتے ہیں کہ سُرینام میں اپریل 2021ء سے کورونا کی تیسری لہر جاری ہے، جس کی شدت میں تاحال کمی نہیں آئی اور روزانہ مثبت کیسز کی شرح 25 فیصد سے زائد ہے۔ اس لیے امسال ہم اس بابرکت آغاز کا حصہ نہیں بن سکے جو دنیا کے مختلف ممالک اور جماعتوں کی جلسہ سالانہ برطانیہ میں بذریعہ لائیو سٹریم شمولیت کی صورت میں ہوا ہے۔ لیکن خدا تعالیٰ کے فضل سے سُرینام جنوبی امریکہ کا پہلا ملک ہے جہاں ایم ٹی اے لوکل ٹی وی چینل RBN 5.3 کے ذریعہ ہر گھر میں پہنچ رہا ہے۔ اس لیے افراد جماعت کو بار بار مختلف طریق سےجلسہ سالانہ برطانیہ کے پروگرامز دیکھنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ لجنہ اماء اللہ نے بھی خواتین کو پروگرامز دیکھنے کی نصیحت کی۔
افراد جماعت کو یہ تلقین کی گئی کہ اختتامی دعا کے فوراً بعد ایپ یا فون کے ذریعہ اطلاع دیں کہ تینوں دن کتنے افراد نے پروگرام دیکھا۔ اور موصولہ رپوٹس کے مطابق خداتعالیٰ کے فضل سے 155 افراد جماعت نے جلسہ سالانہ برطانیہ کے پروگرامز دیکھے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک
٭…ڈنمارک سے نعمت اللہ بشارت صاحب (نمائندہ الفضل انٹر نیشنل) لکھتے ہیں کہ الحمد للہ تمام احباب جماعت ڈنمارک اپنےپورے اہل خانہ بشمول مرد و خواتین اور بچگان اپنے اپنے گھروں میں نہایت دلجمعی اور دلی شوق و جذبہ سے انٹرنیشنل جلسہ سالانہ یوکے کے تمام پروگراموں سے مستفید ہوتے رہے۔ حضور انور کے روح پرور خطابات اور دیگر تمام مقررین کی تقاریر سب افراد خاندان نے اکٹھے بیٹھ کر سنے۔ اکثر احباب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگرچہ وہ کورونا کے باعث اس جلسہ میں خود انگلستان جاکر شامل تو نہیں ہوسکے مگر ایم ٹی اے کی برکت سے حضور انور کے تمام خطابات کے علاوہ دیگر تمام پروگراموں کو دیکھنے اور سننے سے انہوں نے یہی محسوس کیا کہ جیسے وہ خود اس جلسہ میں شامل تھے اور اس جلسہ کی برکات سے مستفید ہوئے۔
٭…ارجنٹائن سے مروان سرور گِل صاحب (نمائندہ الفضل انٹر نیشنل) نے بتایا کہ دار الحکومت Buenos Aires کے مشن ہاؤس میں 5 احباب جماعت نے اجتماعی طور پرجلسہ سالانہ کی کارروائی کو سنا اور دیکھا۔
٭…سیرالیون سے عبد الہادی قریشی صاحب (نمائندہ الفضل انٹر نیشنل) نے تحریر کیا کہ سیرالیون میں کووڈ 19 کی وجہ سے مساجد بند ہیں اور اجتماعات پر پابندی ہے۔ احباب جماعت گھروں اور دفاتر میں جلسہ سالانہ برطانیہ اور حضور انور ایدہ اللہ کے خطابات سے فیض یاب ہوئے۔
جماعتی ریڈیو اور ملکی چینلز نے بھی جلسہ سالانہ برطانیہ اور حضور انور ایدہ اللہ کے خطابات براہ راست نشر کیے۔
٭…تنزانیہ سے عبد الناصر مومن صاحب اور شہاب احمد صاحب نے بتایا کہ الحمدللہ طلبہ و اساتذہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء میں بذریعہ انٹرنیٹ ایم ٹی اے تنزانیہ سٹوڈیوز کی وساطت سے شرکت کا موقع ملا۔
طلبہ و اساتذہ نے جلسہ کی مناسبت سے ہال کی تزئین و آرائش کی، مثالی وقار عمل کیا اور جدت کے لیے تینوں ایام کے دوران جلسہ گاہ میں مختلف sitting arrangements and setup کا اہتمام کیا گیا۔
جامعہ احمدیہ میں باقاعدہ طور پر جلسہ کے ٹائم ٹیبل کا اہتمام تھا۔ تینوں دن باجماعت تہجد پڑھی گئی، جلسے کے روایتی لنگر کا اہتمام کیا گیا، جس میں چپاتی، خوشبو دار چائے، آلو گوشت اور دال چاول شامل تھے۔
موروگورو میں طلبہ و اساتذہ کے ساتھ ساتھ ریجن کے دیگر مقامی احباب جماعت اور غیر از جماعت مہمانان بھی شامل ہوئے اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات سنے۔
٭…سویڈن سے رضوان افضل صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن نے بھی دیگر جماعتوں کی طرح اجتماعی طور پر اور انفرادی طور پر جلسہ سالانہ یوکے 2021ء کے پروگراموں سے استفادہ کیا۔ سویڈن سے ہر سال ایک بڑی تعداد میں احباب جماعت جلسہ سالانہ یوکے میں شرکت کر تے ہیں مگر گزشتہ سال جلسہ نہ ہونے سے سب ہی اداس تھے۔ امسال جب جلسہ کے انعقاد کی اطلاع موصول ہوئی تو سب میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی کہ ہم اللہ تعالیٰ کے فضل سے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کو لائیو دیکھ سکیں گے آپ کےخطابات سے استفادہ کر سکیں گے۔
مکر وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن نے صدران جماعت اور مربیان کے ساتھ مساجد میں اجتماعی طور پر جلسہ کی کارروائی دیکھنے کے انتظام کے حوالے سے ایک میٹنگ کی اور ہدایات دیں۔
جماعتی طور پر 5 جماعتوں میں جلسہ کے تینوں دن اجتماعی طور پر جلسہ دیکھنے کا انتظام کیا گیا۔ ان سب جماعتوں میں مقامی طور پر شعبہ ضیافت کے تعاون سے جلسہ کی روایت کے مطابق لنگر کا بھی انتظام کیا گیا۔ مسجد ناصر گوتھن برگ میں 170 مرد وخواتین نے اجتماعی طور پر جلسہ کی کارروائی کو سنا۔ بیت العافیت مشن ہاؤس سٹاک ہالم میں 30 سے زائد احباب نے اجتماعی طور پر جلسہ سنا۔ جبکہ لولیو جماعت میں جو کہ سویڈن کے نارتھ میں ہماری چھوٹی سی جماعت ہےوہاں 53 سے زائد احباب نے مشن ہاؤس میں اکٹھے ہو کر جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ کالمار جماعت میں بھی احباب جماعت نے اکٹھے مل کر جلسہ سنا۔ اس جماعت میں 20 افراد نے ایک گھر میں اکٹھے ہوکر جلسہ سنا۔ جلسہ کے آخری دن محمود مسجد مالمو میں جلسہ دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ جلسہ کے پہلے اجلاس سے ہی احباب مسجد آنا شروع ہوئے اور تقریباً 80مرد و خواتین اور بچوں نے اختتامی اجلاس میں شمولیت اختیار کی۔ حضور انور ایدہ اللہ کے اختتامی خطاب اور دعا کے بعد تمام احباب و خواتین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس اجتماعی انتظام کے علاوہ بڑی تعداد میں احباب جماعت نے اپنے گھروں میں جلسہ کی نشریات سے استفادہ کیا۔ الحمد للہ علی ذالک
٭…ساؤتومے سے انصر عباس صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تحریر کرتے ہیں کہ ساؤتومے کی 11 جماعتوں کے 278؍ افراد نے جلسہ سالانہ برطانیہ براہِ راست سننے کی توفیق پائی۔ اسی طرح 256 احباب نے اجتماعی کھانے کا اہتمام کیا۔
٭…لائبیریا سے مکرم مرزا عمر احمد صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ مومن کا یہ خاصہ ہوتا ہے کہ مصیبت آنے پر خدا کی طرف مائل ہونے سے لمحہ بھر بھی ہچکچاہٹ کا شکار نہیں ہوتا۔ جس کی مثال حالیہ دنوں میں جلسہ سالانہ یوکے کی ایم ٹی اے پر کارروائی سننے میں سامنے آئی جہاں ایک طرف پیارے آقا کا دیدار تھا اور دوسری جانب یہ وبائی مرض۔ لائبیریا پندرہ کاونٹیز پر مشتمل ہے جس میں سے آٹھ کانٹیز میں جماعت کے مستحکم مشن قائم ہو چکے ہیں اور ان سب میں جلسہ سالانہ یوکے کی تمام کارروائی کو دکھانے کا مکمل انتظام کیا گیاجن میں سر فہرست مونسراڈو کاؤنٹی کیپ ماؤنٹ کاؤنٹی بومی کاؤنٹی ہیں۔
سب سے بڑا اجتماع لائبیریا کے کیپٹل مونروویہ میں ہوا جہاں خدام اطفال لجنہ و ناصرات کی ایک معقول تعداد نے اپنے پیارے آقا کے خطاب کو سنا اور جلسہ کے لطف کو دوبالا کرنے کے لئے کھانے میں دال چاول کا انتظام کیا گیا۔
جماعت لائبیریا کی طرف سے حضور کا خطاب لائبیریا کے نیشنل ٹی وی پر سنوانے کا خاص اہتمام کیا گیا جس کی بدولت لائبیریا کی تمام کاؤنٹیز میں صدائے احمدیت تینوں دن گونجتی رہی۔الحمد للہ
٭…بنگلہ دیش سے مکرم نوید احمد لیمن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ بنگلہ دیش میں کورونا وبا کی حالیہ صورتحال کی وجہ سےملک گیر لاک ڈاؤن ابھی تک جاری ہے۔ بنگلہ دیش کے چارمقامات پر ایم ٹی اے کی لائیو نشریات دکھانے کا انتظام کیا گیا یعنی دار التبلیغ مرکزی مسجد ڈھاکہ، نرائن گنج مسجد، برہمن بڑیہ مسجد اور مسجد بیت الباسط چٹاگنگ۔ حکومتی انتظامیہ کی پابندیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلسہ سالانہ میں لوگ براہ راست شامل ہوئے۔ آخری روز دارالتبلیغ مرکزی مسجد ڈھاکہ میں 195 احباب نے جلسہ سالانہ کی کارروائی دیکھی۔ اسی طرح نرائن گنج مسجد میں 70، برہمن بڑیہ مسجد میں90 اور مسجد بیت الباسط چٹاگنگ میں 52 افراد نے جلسہ کی کارروائی دیکھی۔ اسی طرح گھروں میں اور باقی جگہوں پر جلسہ کی کارروائی دیکھنے کا انتظام تھا۔ اور آخری روز موصول شدہ رپورٹ کے مطابق کل زائرین کی تعداد 8402 رہی فالحمد للہ علی ذالک۔
ملک بھر میں زائرین کی تعداد جلسہ کے پہلے روز یعنی 06؍اگست کو 7100 رہی، دوسرے روز 7818 رہی اور تیسرے روز کو 8402 رہی۔ الحمد للہ۔
بنگلہ دیش کے مقامی وقت کے مطابق دو پہر تین بجے جلسہ کا صبح کا اجلاس اور رات ساڑھے نو بجے جلسہ کا دوپہر کا اجلاس شروع ہوتا رہا۔ لیکن اس کے باوجود احباب جماعت نے بڑی سنجیدگی سے جلسہ کی کارروائی کو سنا اور آخر تک دیکھا۔ لوگ ایک لمبا عرصہ گزرنے کے بعد جلسہ میں شمولیت کے لئے بہت شائق تھے۔ لیکن لاک ڈاؤن میں مسلسل تین دن کا قیام بہتوں کے لئے مشکل تھا اس لئے انہوں نے اپنے اپنے سنٹر یا گھروں میں جلسہ کی کارروائی دیکھی۔
چند آن لائن اخباروں میں جلسہ سالانہ برطانیہ کی رپورٹ شائع ہوئی۔ مقامی لنگر خانہ چالو تھا اور ان چار جماعتوں میں قیام اور طعام کا انتظام رکھا گیا تھا۔
٭…نائیجر سے مکرم محمد جمال صاحب لکھتے ہیں کہ جلسہ کے آغاز سے قبل جلسہ کی تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہو گیا تھا۔ جماعتی طور پہ تمام مربیان کرام کو ہدایات جاری کی گئیں کہ اپنی زیادہ سے زیادہ جماعتوں میں ہر ممکن کوشش کریں کہ جلسہ کی کارروائی سنائی جائے اور اس سلسلہ میں اپنی ٹیمز اور رضاکاران سے میٹنگز کر کے ایک لائحہ عمل تشکیل دیں اور اپنی جماعتوں میں Mini jalsaکی صورت میں اس جلسہ کو منا کر یادگاربنائیں۔
جلسہ کے تینوں ایام کا پروگرام مساجد اور مشن ہاؤسز میں آویزاں کیا گیا تا کہ احباب بروقت جلسہ کی کارروائی سننے کے لیے آ سکیں۔ جلسہ کے ایام میں ذاتی صدقہ جات کی تلقین کی گئی اورجلسہ کی کامیابی اور بخیر و خوبی پایہ تکمیل تک پہنچنے کے لئے چارمقامات پر جماعتی طور پر بکرے صدقہ کیے گئےنیز انفرادی اور اجتماعی طور پرجلسہ کے تینوں دن تہجد کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اجتماعی تہجد کے بعد درس میں پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ کے خطبات کا خلاصہ پیش کیا جاتا رہا تا کہ دہرائی ہوتی رہے اور جو کسی مجبوری کی وجہ سے براہ راست نہ سن سکا وہ اس فیض بےبہا سے محروم نہ رہ جائے۔
جلسہ کی کارروائی سننے کا اہتمام درج ذیل 23 مقامات پر تھا ۔
مسجد ماداوا، معلم ہاؤس ماداوا، سنٹرل مشن ہاؤس ماداوا، کورنکا، داکورو، صابون ماشی، تاوا، یایا، برنی کونی مسجد، کونی مشن ہاؤس، معلم ہاؤس کونی، رڈاڈاوا، زیندر، مریا، تساوا، گایا، مارادی گیسٹ ہاؤس، تاگازا، مارادی مشن، دوسو، نیامے مشن ہاؤس، نیامے مسجد اور گڈاں رومجی۔
الحمد للہ احمدی و غیر احمدی حضرات نے جلسہ سے بھر پور استفادہ کیا۔ کُل 1521احباب کو جلسہ سننے کا موقع ملا جس میں 375 غیر احمدی احباب تھے۔ جلسہ کے تینوں ایام میں جلسہ کی براہ راست کارروائی بلا تعطل دیکھی جاتی رہی اور وہ دور دراز مقامات اور جماعتیں جہاں پہ بجلی اور دیگر مسائل کی وجہ سے براہ راست جلسہ سننے کا اہتمام نہیں تھا اور نہ ہی وہاں معلم صاحب موجود تھے جو انہیں ریکارڈنگ سنا سکتے تو ایسی صورت میں مربیان کرام اپنے لیپ ٹاپس ،Portable ٹی وی اور Generators کے ہمراہ وہاں پہنچے اور انہیں امیر المومنین پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے خطبات کی ریکارڈنگز سنائی گئیں جس پہ ان کی خوشی قابل دید تھی کہ گویا وہ بھی جماعت کے اس سالانہ جلسہ میں جو جماعت احمدیہ کی شان و شوکت اور خدا تعالیٰ کے افضال کا جیتا جاگتا ثبوت ہے بذات خود شریک ہیں۔ پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ کے خطبات کی ریکارڈنگ سننے والوں کی تعداد 575 رہی۔
جلسہ کے ایام میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کے دوران بالخصوص غیر از جماعت حضرات کو مدعو کیا جاتا رہا۔ مہمانان کرام کی خدمت میں ریفریشمنٹ اور کھانا بھی پیش کیا جاتا رہا۔ کھانے میں اس بات کا خصوصی طور پہ اہتمام کیا گیا کہ لوکل ڈشز کے علاوہ کم از کم ایک کھانا جلسہ کی روایتی ڈش جیسے “آلو گوشت”پہ مشتمل ہو تاکہ احباب و مہمانان کو جماعتی روایات سے ہم آہنگی اور جلسہ سالانہ برطانیہ سے Synchronisationکا احساس ہو۔ جلسہ کے دوران 84 خدام نے وقار عمل کیا جس میں مساجد کی صفائی، الیکٹرونکس آلات کی تنصیب،مہمانان کے لئے کھانے کی تیاری،چائے اورجلسہ کے دیگر امور شامل تھے۔
٭…سوئٹزرلینڈ سے مکرم صبا ح الدین بٹ صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) لکھتے ہیں کہ جماعتِ احمدیہ سوئٹزرلینڈ نے جلسہ سالانہ برطانیہ 2021ء کی براہِ راست نشریات سے اجتماعی طورپر فیض یاب ہونے کے لئے تیسرے روز کے اختتامی اجلاس کی کارروائی دیکھنے کا انتظام نور مسجد ویگولٹینگن میں کیا تھا۔ جس میں COVID 19کے حوالہ سے حکومتی ہدایات اور پابندیوں کی وجہ سے سوئٹزرلینڈ کی مختلف جماعتوں کے 40افراد (انصار،خدام اور اطفال) نے شمولیت کی سعادت پائی۔
جلسہ سالانہ کی کارروائی دیکھنے والوں کے مناظر متعدد بار ایم ٹی اے پر جاری جلسہ کی LIVEنشریات کے دوران دکھائے گئے۔ جلسہ سالانہ کے روحانی مائدہ سے سیر ہونے کے بعد احباب کی خدمت میںجسمانی مائدہ کے طور پر جلسہ سالانہ کی روایتی لذیذ دال، چاول، روٹی، نان، اچار اور میٹھے میں سوجی کا حلوہ اور آخر میں چائے پیش کی گئی۔
٭…کینیڈا سے مکرم ناصر وینس صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) رپورٹ کرتے ہیں کہ امسال جلسہ سالانہ برطانیہ میں صرف برطانیہ کے رہائشی افراد کو ہی محدود تعداد میں شمولیت کے دعوت نامے جاری کیے گئے تھے۔ تاہم ساری دنیا میں بسنے والے احمدیوں اور احمدیت یعنی حقیقی اسلام سے دلچسپی رکھنے والے غیر از جماعت دوستوں نے بھی اس روحانی مائدہ یعنی جلسہ کی روحانی برکات و فیوض سے وافر حصہ پایا ۔
چنانچہ ساری دنیا کے ان گنت انسان انٹرنیٹ کی سہولیات کے طفیل ٹی وی اور کمپیوٹرز سکرینوں پر نظریں جمائے، امام آخرالزماں علیہ السلام کے خلیفہ کے پرتاثیر خطابات اور دیگر فاضل مقررین کی تقاریر سننے کے لیے ہمہ تن گوش بیٹھے تھے۔ ٹی وی سکرینوں پر حضور انور کا بابرکت چہرہ مبارک دیکھنے والے مشتاق چہروں پر ایک خاص جوش، ولولہ اور جذبہ ہویدا تھا۔
جلسہ سالانہ برطانیہ کے یہ تینوں روز، کینیڈا کے بھی کم وبیش سبھی مراکز کے علاوہ بعض بڑی مساجد مثلاً پیس ولیج، بریمپٹن اور کیلگری کی مساجد میں بھی (گورنمنٹ آف کینیڈا کی طے شدہ تعداد کے مطابق) احباب حاضروہمہ تن گوش، ہوکر اس روحانی مائدہ کو اپنے قلوب میں اتارتے رہے۔
بالخصوص اپنے پیارے آقا حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کے روح پرور خطابات سے مستفید ہونے کی سعادت حاصل کی۔
امیرجماعت احمدیہ کینیڈا محترم ملک لال خان صاحب کی خصوصی ہدایت پر، جلسہ سالانہ کینیڈا کے جملہ رضاکاران کی خصوصی ٹیموں نے جلسہ کے تینوں روز کینیڈا کے تمام نماز سینٹروں پر طعام کے بھی خصوصی انتظامات کیے۔
مرکزی مشن ہاؤس (وان) میں باقاعدہ لنگرخانہ کا اجراء کیا گیا اور کھانا تیار کرکے حاضرین جلسہ میں تقسیم کیا گیا۔
بیت السلام مسجد کو سجاوٹ والے برقی قمقموں سے آراستہ کیا گیا تھا۔ جو رات کی تاریکی میں ایک عجیب و دلکش منظرپیش کر رہی تھی۔ اسی طرح لنگر خانے میں کھانا پکانے، کھانےکی پیکنگ اور صفائی کرنے کی الگ الگ ٹیمیں مصروف عمل تھیں ۔ جواپنی اپنی تفویض شدہ ذمہ داریاں نہایت جوش، ولولے اور خوش اسلوبی کے ساتھ مسلسل صبح سے رات بارہ تک انجام دیتی رہیں۔
جلسہ ہذا کو کامیاب بنانے میں (افسرجلسہ سالانہ کی زیرنگرانی ) رضاکاروں کی باقاعدہ ٹیمیں تیار کی گئیں۔ واضح رہے کہ کارکنان کے ڈیوٹیاں دینے کے جوش و خروش کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔ جس میں سیکیورٹی اور دیگر شعبہ جات شمار کیے جا سکتے ہیں ۔
ڈیوٹیاں انجام دینے والے رضاکاروں کے تاثرات تھے کہ ونا کی وجہ سے دوسال کے بعد مہمانان جلسہ کی خدمت کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ جس سے ان کے شوق و ذوق اور روحانی استعداد کارمیں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ لہٰذا وہ خدا تعالیٰ کے ازحد شکرگزار ہیں جس نے انہیں خدمت سلسلہ کی یہ سعادت عنایت کی۔ نیز وہ خدا تعالیٰ پر مکمل بھروسہ رکھتے ہیں کہ یہ عارضی روکیں بھی جلد ختم ہوں گی۔ اور انہیں امام زمانہ علیہ السلام کے مہمانوں کی جی بھر کے خدمت کرنے کے مواقع حاصل ہوتے رہیں گے۔ انشاء اللہ العزیز
اجتماعی دعا: خدا تعالیٰ نے جماعت احمدیہ کو سیٹلائٹ چینل MTA قائم کرنے اور ساری دنیا میں مختلف زبانوں میں پروگرامز ٹیلی کاسٹ کرنے کی جو توفیق عطا فرما رکھی ہے، ان کے ذریعے حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز براہ راست جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس میں اجتماعی دعا کراتے ہیں۔ جس میں دینا بھر کے کروڑوں احمدی بیک وقت شریک ہوتے ہیں ۔
اس طرح یہ منظر گویا عالمی حیثیت اختیار کر جاتا ہے۔ جس میں دنیا بھرکے کروڑہا بندگان خدا، اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی مناجات پیش کررہے ہوتے ہیں۔ اس جلسہ کے اختتام پر بھی حضورانور نے اجتماعی دعا کروائی۔
٭…بینن سے مکرم منتظر احمد صاحب (نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) لکھتے ہیں کہ عالمی وبا کے ان ایام میں بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کے ترقیات کے نظارے دنیا دیکھ رہی ہے۔ یقیناً مخالفین ورطۂ حیرت میں پڑے ہیں اور انگشت بدنداں اپنی نااہلیوں کو کوس رہے ہیں مگر درحقیقت یہ خلافت کی برکات میں سے ایک ہے کہ خدا کی یہ پیاری جماعت دن دگنی اور رات چوگنی ترقیات کررہی ہے جس کے نظارے دیکھنے کے لیے ہزاروں احباب جلسہ سالانہ یوکے میں شامل ہوئے۔
بذریعہ T.V: بینن کے احباب ِجماعت نے بھی خوب جوش وخروش سےاپنے اپنے علاقوں میں ایم ٹی اے کے ذریعہ جلسہ سالانہ کے لائیو پروگرامز میں شمولیت اختیار کی۔ ملک بھر میں بیسیوں ایم ٹی اے سنٹرز کے ذریعہ مختلف علاقوں کے احباب اکٹھے ہوئے اور جلسہ کی بابرکت تقاریر سنی۔ بہت سے علاقے ایسے بھی تھے جہاں جلسہ کی ان نشریات سے مستفیض ہونے کے لیے خصوصی طور پر ایم ٹی اے کا انتظام کیا گیا۔ گو کہ گذشتہ سالوں میں بھی جلسہ کی خاص تیاریاں جماعتوں میں کی جاتی ہیں مگر اس سال کے جلسہ کی تیاریاں اور احباب کا جوش گذشتہ سالوں سے سِوا ہے۔
بذریعہ سوشل میڈیا: جماعتوں کے وٹس ایپ پر بھی مختلف لوکل مشنریز خلاصۃً تقاریر اور خطابات کی رپورٹنگ کرتے رہے تاکہ ایسے احباب جن کو ایم ٹی اے تک رسائی نہ بھی تھی وہ کسی نہ کسی رنگ میں جلسہ کی برکات سے مستفید ہوسکیں۔ اس ذریعہ سے بھی ملک کے سینکڑوں احباب جلسہ کی تقریب سے جڑے رہے۔ ۔
تراجم: بینن میں مختلف علاقوں کی زبانیں بھی مختلف ہیں اور اس چھوٹے سے ملک میں بیسیوں لوکل زبانیں بولی اور سمجھی جاتی ہیں اوربعض احباب جو فرانسیسی زبان سے بالکل نابلد ہیں ان کے لیے اس علاقے کی مقامی زبان میں ترجمہ کیا گیا اور اس طرح وہ بھی جلسہ میں شامل ہوئے۔
ادارہ الفضل انٹرنیشنل رپورٹس اور تصاویر بھجوانے پر نمائندگان کا ممنون ہے۔ دنیا بھر سے موصول ہونے والی تصاویر اس شمارے کی زینت بنائی جا رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ دنیا بھر میں بسنے والے احمدیوں کو جلسہ مبارک فرمائے اور تمام احمدیوں کو جلسہ سالانہ کی اغراض و مقاصد پورا کرنے اور اس کی برکات سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔