احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول، موروگورو، تنزانیہ میں پہلی تقریب تقسیم اسناد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول، موروگورو، تنزانیہ میں پرائمری تعلیم مکمل کرنے والے جملہ 27 طلبہ میں تعلیمی اسناد تقسیم کی گئیں۔
الحمدللہ یہ اس اسکول کی پہلی کلاس ہے جو رواں ماہ ساتویں جماعت کے سرکاری امتحانات دے کر پرائمری تعلیم مکمل کر رہی ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے انتظامیہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ جامعہ سے متعلقہ اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ’’احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول‘‘ کے جملہ انتظامات کی نگرانی بھی کرتی ہے۔ محترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ تنزانیہ اس اسکول کے مینیجر ہیں۔
جماعت احمدیہ تنزانیہ کے زیر انتظام اس اسکول میں تین صد سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں، جن کی تدریسی ضروریات کے لیے 21 افراد پر مشتمل عملہ موجود ہےجن میں اساتذہ اور دیگر کارکنان شامل ہیں۔ طلبہ اس اسکول میں باقی نواحی نجی اسکولوں کی نسبت بہت کم فیس میں معیاری تعلیم سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 33 فیصد کے قریب طلبہ فیس میں رعایت پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس اسکول کے باعث جماعت کا تعارف اور نیک نامی مستقل بنیادوں پر ایک طبقہ تک پہنچ رہی ہے۔ الحمد للہ۔
تقسیمِ اسناد کی یہ تقریب جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد تنزانیہ کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔ جس کے بعد ہیڈ ٹیچر مکرمہ نعیمہ کینیا صاحبہ نے تعارفی کلمات ادا کیے اور طلبہ کو امتحانات کے بارہ میں محنت کرنے اور بلا خوف و خطر امتحانات دینے کی طرف توجہ دلائی۔
بعد ازاں ساتویں جماعت کے ایک طالب علم نے الوداعیہ پیش کرتے ہوئے جملہ اساتذہ اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیااورامتحانات میں کامیابی کے لیے دعا اور محنت کا عزم دہرایا۔
اس کے بعد اسکول کمیٹی کی ایک ممبر نے طلبہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ انہیں اپنی آئندہ آنے والی زندگی کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ یہ ان کی زندگی کا پہلا قدم ہے جو وہ مکمل کر کے اگلے مرحلہ میں قدم رکھ رہے ہیں۔ اس اگلے مرحلے میں صرف کاغذ اور قلم آپ کے ساتھی ہوں۔ اور محنت اور لگن سے پڑھائی کریں اور اپنے والدین کے لیے خوشی اور راحت کا سبب بنیں۔
اس خطاب کے بعد طلبہ میں تعلیمی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقسیم اسناد کے بعد اسکول مینجر مکرم عابد محمود بھٹی صاحب نے طلبہ کو محنت کرنے اور اپنے ملک سے محبت کرنے اور ہمیشہ اس کا وفا دار رہنے کی نصیحت کی۔
تقریب میں طلبہ کے ساتھ ساتھ ان کے اساتذہ اور جامعہ احمدیہ کی جملہ انتظامیہ شامل تھی۔
تقریب کا اختتام دعا سے ہوا جو کہ محترم احمد داؤد ڈاڈی صاحب مبلغ و استاد جامعہ احمدیہ نے کروائی۔ بعد ازاں اساتذہ و طلبہ کے گروپ فوٹو لیے گئے۔ اور تمام شاملین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ اس تقریب کی رپورٹ سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ مقامی ٹی وی چینل ABOOD TV پر بھی نشر ہوئی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس اسکول کے ذریعہ معاشرہ میں مثبت تعمیر کردار ،امن و سلامتی کی تعلیم اور ملک و قوم سے محبت کے جذبہ میں اضافہ ہوتا رہے آمین۔
(رپورٹ: عبد الناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )