مبلغ سلسلہ فرانس اسلام کی نمائندگی کیلئے نیٹو میموریل فیڈریشن کے مہمان مقرر
25؍فروری 2012ء کو نیٹو میموریل کا افتتاح فرانس کے شمالی شہر Frethun میں کیا گیا۔ جناب ولی فریتوں Mr. Willy BRETON اس کے بانی صدر ہیں۔ یہ فیڈریشن ہر سال جان کی قربانی اور دیگرخدمات بجا لانے والے نیٹو ممالک کے فوجیوں کی یاد میں ایک تقریب منعقد کرتی ہے۔ اس تقریب کا ایک حصہ مختلف مذاہب کے مدعو نمائندگان کی دعائیہ تقاریر پر مشتمل ہوتا ہے۔
2018ء سے ہر سال جماعت احمدیہ فرانس کے مبلغ انچارج مکرم نصیر احمد شاہد صاحب کو اسلام کی نمائندگی کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔ یوں اس تقریب میں مدعو نیٹو ممالک کے فوجی افسران اور سویلین مہمانوں تک احمدیت کی پیش کردہ اسلام کی پر امن تعلیم پہنچانے کا موقع مل جاتا ہے اور ان سے رابطوں کی صورت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔
امسال، کووڈ کی وجہ سے، ایک سال کے وقفہ کے بعد11 ستمبر کو نویں تقریب منعقد کی گئی۔ مکرم مشنری انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں اسلام کی بنیادی تعلیمات بیان کیں۔ خصوصاً عدل و انصاف اور جنگوں کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات کا ذکر کیا۔ اسی طرح آپ نے چند قرآنی دعائیں حاضرین کو سنائیں جن میں سورۃ الفاتحہ، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس شامل تھیں۔ اسی طرح حضرت سلیمانؑ کی دعا پیش کی جو بادشاہوں اور حکمرانوں کے لیے ایک سبق ہے۔
تقریب کے بعد کئی فوجی افسران اور سول مہمانوں نے اسلامی تعلیمات پر پسند یدگی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد ایک ہال میں استقبالیہ ہوا۔ وہاں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب‘‘عالمی بحران اورامن کی راہ’’ رکھی گئی۔ کئی فوجی افسران اور سول مہمانوں نے اسے بطور تحفہ قبول کیا اور بعض نے اپنی خوشی سے بلکہ زبردستی اس کی قیمت بھی ادا کی۔ اس تقریب کے مہمانوں کی تعداد 200سے زائد تھی۔ اس دوران ایک خادم مکرم شکیل احمد صاحب کا تعاون رہا۔ فجزاہ اللہ خیرا۔
قارئین کی دلچسپی کے لیے عرض ہے کہ اس فیڈریشن کے صدر مکرم ولّی بریتوں صاحب Mr. Willy BRETON کو2019ء میں حضورانور سے ملنے کا شرف حاصل ہوا تھا جب پیرس میں یونیسکو UNESCOکی بلڈنگ میں حضورانور نے خطاب فرمایا تھا۔
قارئین الفضل سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان مغربی اقوام کو اسلام کی پرامن اور سچائی والی تعلیم کو سمجھنے اور قبول کرنے کی توفیق دے اور احمدی مبلغین کو کما حقہ تبلیغ اسلام کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین