جلسہ سالانہ بیلجیم کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
ھو النّاصر
اسلام آباد یوکے
21-08-2021
پیارے احباب جماعت احمدیہ بیلجیم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمدللہ کہ جماعت احمدیہ بیلجیم کو جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے انتظامات میں بے انتہاء برکت ڈالے اور اس کو ہر لحاظ سے کامیاب و کامران کرے۔ موجودہ حالات میں تربیت کا پہلو بہت اہم ہے۔ ان حالات میں پہلے کی طرح ایک جگہ اکٹھے ہوکر تربیتی اجلاسات کا انعقاد تونہیں ہورہا، توان دنوں بہت ضروری ہے کہ ایم ٹی اے کی طرف توجہ دیں۔ خود بھی ایم ٹی اے سے بھرپور طریق سے استفادہ کریں اور اپنے بچوں کو بھی ایم ٹی اے سے جوڑیں۔ جماعت کی تعلیم و تربیت کے لیے میرے خطبات اور خطابات نشرکیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف دینی و تربیتی پروگرام بھی دکھائے جاتے ہیں۔ اس لیے کوشش کریں کہ ہر فرد جماعت ایم ٹی اے پروگراموں سے استفادہ کرے۔ پھر گھروں میں درسوں کا انتظام کریں۔ قرآن کریم، روحانی خزائن اور تفسیر کبیر میں سے کچھ نہ کچھ حصہ روزانہ فیملی کے افراد کو سنائیں۔ اپنی نوجوان نسل کی عمدہ رنگ میں تربیت کریں، ان کو نظامِ جماعت کا تعارف کروائیں اور جماعت کے ساتھ منسلک کریں۔ آپ میں سے ہرایک اپنے ایمان و اعتقاد میں اضافے کی کوشش کرے۔
سیّدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :
’’یاد رکھو کہ اس سلسلہ میں داخل ہونے سے دنیا مقصود نہ ہو بلکہ خدا تعالیٰ کی رضا مقصود ہو……دنیا اور اس کے اغراض اور مقاصد کو بالکل الگ رکھو۔ ان کو دین کے ساتھ ہرگز نہ ملاؤ۔ کیونکہ دنیا فنا ہونے والی چیز ہے اور دین اور اُس کے ثمرات باقی رہنے والے۔ دنیا کی عمر بہت تھوڑی ہوتی ہے۔ تم دیکھتے ہو کہ ہر آن اور ہر دم میں ہزاروں موتیں ہوتی ہیں۔ مختلف قسم کی وبائیں اور امراض دنیا کا خاتمہ کررہی ہیں ……کسی کو کیا معلوم ہے کہ کون کب تک زندہ رہے گا۔ جب موت کا پتہ نہیں کہ کس وقت آجائے گی پھر کیسی غلطی اور بے ہودگی ہے کہ اس سے غافل رہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آخرت کی فکر کرو۔ جو آخرت کی فکر کرے گا، اللہ تعالیٰ دنیا میں اس پر رحم کرے گا۔‘‘
فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ جب انسان مومن کامل بنتا ہے تو وہ اُس کے اور اُس کے غیر میں فرق رکھ دیتا ہے۔ اس لیے پہلے مومن بنو اور یہ اس طرح ہوسکتاہے کہ بیعت کی خالص اغراض کے ساتھ جو خداترسی اور تقویٰ پر مبنی ہیں، دنیا کے اغراض کو ہرگز نہ ملاؤ۔ نمازوں کی پابندی کرو اور توبہ استغفار میں مصروف رہو۔ نوعِ انسان کے حقوق کی حفاظت کرو اور کسی کو دُکھ نہ دو۔ راستبازی اور پاکیزگی میں ترقی کرو تو اللہ تعالیٰ ہرقسم کا فضل کردے گا۔ عورتوں کو بھی اپنے گھروں میں نصیحت کروکہ وہ نماز کی پابندی کریں اور ان کو گلہ شکوہ اور غیبت سے روکو۔ پاکبازی اور راستبازی اُن کو سکھاؤ۔‘‘
فرمایا: ’’ہماری طرف سے صرف سمجھانا شرط ہے۔ اس پر عملدرآمد کرنا تمہارا کام ہے۔ پانچ وقت اپنی نمازوں میں دعا کرو… نماز دعا ہی کا نام ہے۔ اس لیے اس میں دعا کرو کہ وہ تم کو دنیا اور آخرت کی آفتوں سے بچاوے اور خاتمہ بالخیر ہو۔ اپنے بیوی بچوں کے لیے بھی دعا کرو۔ نیک انسان بنو اور ہر قسم کی بدی سے بچتے رہو۔‘‘
(ملفوظات جلد نمبر6، صفحہ 145تا146)
پس ہر احمدی اپنے اہل وعیال کی تربیت کی طرف خصوصی توجہ کرے۔ اپنے بچوں کودین سے جوڑیں اور یہ تب ہی ممکن ہے جب آپ اپنا نیک نمونہ پیش کررہے ہوں گے اور خداتعالیٰ کے حضور اپنی تضرعات پیش کررہے ہوں گے۔
اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ اس نے ہمیں اس زمانہ کے امام کو پہچاننے اور اس جماعت میں شامل ہونے کی توفیق بخشی ہے اور آپ کے بعد ہمیں خلافت کی نعمت سے نوازا ہے اور عہد ِبیعت کی توفیق عطا فرمائی ہے۔ اب آپ کا فرض ہے کہ اپنے اس عہد ِبیعت کو کامل اطاعت اور پوری وفاداری کے ساتھ نبھانے کی کوشش کریں۔ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کریں اور جہاں اللہ تعالیٰ کے حق ادا کریں، اس کے بندوں کے بھی حق اداکرنے والے ہوں۔ خلافت احمدیہ کے ساتھ کامل اطاعت کا نمونہ دکھائیں۔ اپنی نسلوں کے دلوں میں بھی خلافت کی محبت پیدا کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق دے۔ آمین۔
والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس