جلسہ سالانہ بیلجیم 2021ء
محض خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ بیلجیم کو اپنا 27واں جلسہ سالانہ مورخہ 28؍اگست 2021ء کو مسجد بیت الرحیم آلکن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس مسجد کا افتتاح 2018ء میںحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دست مبارک سے فرمایا تھا۔الحمد للہ علیٰ ذالک
جلسہ سالانہ کے انعقاد کےاغراض و مقاصد میں افراد جماعت کی تعلیم و تربیت، پاک تبدیلی نفس اور تبلیغ اسلام کی تدابیر سوچنا ہے۔وہ جلسہ جس کی بنیاد سیدناحضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام نے خدا تعالیٰ سے خبر پاکر خالص تائید حق اور اعلائے کلمۃ اللہ پر رکھی اس جلسہ میں شاملین کے لیےبارگاہ الٰہی میں بہت دعائیں کیں۔
آپؑ فرماتے ہیں: ’’ہر یک صاحب جو اس للّٰہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں۔ خدا تعالیٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کردیوے اور ان کے ہم وغم دور فرماوے۔ اور ان کو ہر یک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے اور ان کی مرادات کی راہیں ان پر کھول دیوے اور روز آخرت میں اپنے ان بندوں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پر اس کا فضل ورحم ہےاورتااختتام سفر ان کے بعد ان کا خلیفہ ہو۔‘‘
(مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 342)
کورونا وائرس کے بعد جلسہ منعقد کرنے کے متعلق حضور انور کی خدمت اقدس میں ملکی حالات اور قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے درخواست بھجوائی گئی۔ جس پر پیارے آقا نے ہمیں ازراہ شفقت 28؍اگست 2021ء کو ا یک روزہ جلسہ منعقد کرنے کی اجاز ت مرحمت فرمائی۔
کورونا وائرس کے پیش نظرملکی قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے ممکن نہ تھا کہ پوری جماعت کےلیےجلسہ کیا جائے۔ چنانچہ فیصلہ کیا گیا کہ تعداد محدود کی جائےاور جلسہ سالانہ مسجد بیت الرحیم میں منعقد کیا جائے۔ جلسہ میں شاملین 100مرد اور 50خواتین کی تعداد ہو اور ان کے علاوہ جلسہ کے جملہ انتظامات کو انجام دینے کے لیے 50کارکنان بھی جلسہ کے نظام کا حصہ بنیں۔
جلسہ سالانہ کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مکرم افضال احمد توقیر صاحب افسر جلسہ سالانہ، مکرم حافظ احسان سکندر صاحب (مشنری انچارج) افسر جلسہ گاہ اور مکرم توصیف احمد صاحب (صدر خدام الاحمدیہ) افسر خدمت خلق مقرر ہوئے جنہوں نے اپنی اپنی ٹیمز کے ساتھ مل کرجلسہ سالانہ کے انتظامات مکمل کیے۔
صبح 10:40 پرمکرم مشنری انچارج صاحب اور مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم نے بالترتیب لوائے احمدیت اور بیلجیم کا قومی پرچم لہرا کر دعا کے ساتھ اس بابر کت جلسہ کا افتتا ح کیا۔
اس کے بعد جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے اجلاس کی صدارات کی۔
تلاوت قرآن کریم کی سعادت مکرم محمد الغزراوی صاحب ایک عرب احمدی کو ملی۔ اس کا اردو ترجمہ مکرم آصف بن اویس صاحب مربی سلسلہ نے پیش کیا۔ مکرم احتشام احمد ہاشمی صاحب کو سیدناحضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کا اردو منظوم کلام پڑھنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنے افتتاحی خطاب میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایاجوپیارے آقا نےازراہ شفقت جماعت احمدیہ بیلجیم کے نام بھجوایا تھا۔
پیغام کے بعد مکرم امیر صاحب نےاطاعت خلافت کے عنوان پر تقریر کی جس میں احباب جماعت کو اطاعت خلافت کی تلقین کی اور بتایا کہ اطاعت میں ہی تمام برکات اور ترقیات وابستہ ہیں۔
افتتاحی اجلاس میں دوسری تقریر مکرم توصیف احمد صاحب مربی سلسلہ و صدر خدام لاحمدیہ کی تھی جس کا عنوان ’’مرا مطلوب ومقصودوتمنا خدمت خلق است‘‘ تھا اور تیسری تقریر مکرم انور حسین صاحب نائب امیرجماعت نے کی جس کا عنوان’’تعمیر مساجد اور ہماری نسلوں کی حفاظت‘‘ تھا۔ اس اجلاس کی آخری تقریرجو کہ ڈچ زبان میں تھی مکرم نظیم واندن برک صاحب جو کہ بیلج احمدی ہیں نے کی جس کا عنوان ’’خدا تعالیٰ سے زندہ تعلق ‘‘ تھا۔
جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس میں مقامی میئر بھی شامل ہوئے اور حاضرین سے خطاب بھی کیا۔ میئر نے اپنے خطاب میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آپ کے پروگراموں میں بہترین انٹیگریشن کا ماحول نظر آتا ہے اور خوشی ہوئی کہ آپ کے اجلاسات میں لوکل زبان کو بھی شامل کیا جاتا ہے۔ مسجد کے حوالہ سے میئر صاحب نے کہا کہ مجھے آپ کی مسجد میں آکر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے میں یہاں متعدد بار آ چکا ہوں یہاں کا ماحول اور صفائی تو ہمیشہ سے ہی لاجواب اور مثالی ہوتی ہے۔ میئر نےدوپہر کا کھانا سب مہمانوں کے ساتھ مل کر جنرل لنگر خانہ میں کھایا ۔
کھانے اور نمازوں کے وقفہ کے بعد مستورات کا پروگرام ہواجو کہ 90 منٹ جاری رہا۔
شام چار بجے اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم مشنری انچارج صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و اردو ترجمہ مکرم حافظ عطاءاللہ صاحب نے پیش کیا۔ مکرم ونی صاحب جو ایک عرب احمدی ہیں نےعربی قصیدہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی اور اردو نظم مکرم رائے مظہر احمد صاحب نے پڑھی۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم حسیب احمد صاحب مربی سلسلہ کی تھی جس کا عنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا توکل علی اللہ ‘‘تھا۔ دوسری تقریر فرانسیسی زبان میں تھی جومکرم احمد قادری صاحب نے کی جوایک عرب احمدی ہیں آپ کی تقریر کا عنوان تھا’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ذوق عبادت‘‘۔ تیسری تقریر مکرم صدر مجلس صاحب کی تھی جس کا عنوان تھا ’’خداتعالیٰ کی حفاظت میں آنےکا واحد ذریعہ،الصلوٰۃ۔‘‘
شام سوا چھ بجے اس جلسہ کا اختتام ہوا اور اختتامی دعا مکرم امیر صاحب نے کروائی ۔
اس جلسہ کی لائیو کوریج ایم ٹی اے بیلجیم اسٹوڈیو نے کی اور شعبہ سمعی بصری کے تحت جماعت احمدیہ بیلجیم کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا گیا جس سے دنیا بھر سے عموماً اور ملک بھر سے خصوصاً احمدی احباب اس جلسہ میں شامل ہوئے۔
یوٹیوب پر اوریجنل وائس ٹریک کے علاوہ 3 زبانوں بنگلہ، فرنچ اور ڈچ زبان میں رواں ترجمہ کیا گیا۔ جس میں رپورٹ کے مطابق 78 مختلف ڈیوائسز منسلک رہیں۔
جلسہ گا ہ مستورات کا پروگرام بھی زوم کے ذریعہ 3 زبانوں اردو، فرنچ اور ڈچ میں لائیو نشر ہوا۔ پردہ کے احترام میں خواتین مقررین کی صرف آواز ہی نشر کی گئی تھی اور لنک صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بیلجیم کی وساطت سے لجنہ ممبرات تک پہنچائے گئے تھے۔ اس دوران جماعت کے یوٹیوب چینل پر ایم ٹی اے سٹوڈیو بیلجیم کی جانب سے تیار کردہ مختلف ڈاکومنٹریز اور رپورٹس دکھائی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق جلسہ میں کارکنان سمیت 205 مرد و خواتین شامل ہوئے جن میں خواتین کی تعداد 51 رہی۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے جلسہ میں 793 مختلف اکاؤنٹس سے احباب شامل ہوئے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی مختصر رپورٹ: یو ٹیوب پرمسلسل شاملین 280 مجموعی ٹریفک یا کلک 3100 سے زائد۔زوم مردانہ جلسہ گاہ سے نشر ہونے والے پروگرامز میں 78(تراجم سمیت) ،زوم جلسہ گاہ مستورات سے نشر ہونے والے پروگرامز میں 435 (تراجم سمیت) شامل ہوئے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں جلسہ سالانہ کی برکات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین
(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گِل۔ بیلجیم)