متفرق شعراء
لوگ کہتے ہیں
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 11؍مارچ 2013ء میں مکرمہ امۃالباری ناصر صاحبہ کی ایک نظم بعنوان ’’لوگ کہتے ہیں‘‘ شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
دُور اُفق پار سے سورج کی جبیں بولتی ہے
رات چپ ہو گئی اب صبح حسیں بولتی ہے
حوصلہ رکھ کہ اُجالوں کی اندھیروں سے ہے جنگ
ہونٹ سِل جائیں تو تحریر جبیں بولتی ہے
آسماں بارِ امانت سے سبکدوش ہوا
حق کی تائید میں مخلوقِ زمیں بولتی ہے
اس کے گھر دیر نہ اندھیر نہ بیشی نہ کمی
خودسری جھوٹے خداؤں کی یہیں بولتی ہے
’’لوگ کہتے ہیں تو پھر ٹھیک ہی کہتے ہوں گے‘‘
ساری دنیا یونہی بےکار نہیں بولتی ہے
سامنے لاتی ہے ہر یاد کے لاکھوں پہلو
مجھ سے تنہائی میں جب شام حزیں بولتی ہے