گراں لاہو ریجن، آئیوری کوسٹ کے میں احمدیہ مسجد کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ریجن گراں لاہو کی ایک جماعت PK63 میں احمدیہ مسجد کی تعمیر کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس گاؤں میں پہلی مرتبہ تبلیغ 2007ء میں مقامی معلم سلسلہ مکرم کونے کریم صاحب (ریجنل مشنری گراں لاہو)نے کی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر گاؤں کے مقامی امام صاحب و گاؤں کے چیف بیعت کر کے نہ صرف جماعت احمدیہ میں شامل ہوئےبلکہ گاؤں کی واحد مسجد بھی جماعت کے حوالے کردی جہاں مکرم طورے ادریس صاحب کو بطور مقامی معلم تعینات کیا گیا۔ تاہم امام صاحب کی وفات کے بعد گاؤں کے مقامی افراد نے گاؤں کے چیف کو اس بات پر اکسایا کہ احمدی معلم کو گاؤں سے نکالا جائے تاہم گاؤں کے چیف اس بات پر آمادہ نہ ہوئے اور ایک الگ جگہ جماعت کو دی جہاں تبلیغ و تربیت کا سلسلہ جاری رکھا جاسکے۔ چیف صاحب کے انتقال کے بعد مقامی لوگوں نے گراں لاہو شہر کی جامع مسجد کےغیر احمدی امام کو بلایا اور میٹنگ کے ذریعے دباؤ ڈالا گیا کہ جماعتی معلم سلسلہ کو اس گاؤں سے نکالا جائے جس پر مقامی احمدی صدر صاحب نے اس بات سے صاف انکار کیا چنانچہ بعد ازاں مخالفت کے سبب پہلے سے موجود جماعتی جگہ پرجہاں معلم ہاؤس تعمیر ہوچکا تھا چوبارہ سا بنا کر الگ طور پر نمازوں کا آغاز کیا گیا۔ 2018ء میں باقاعدہ طور پر یہاں جماعتی مسجد بنام مسجد بیت السلام کا سنگ بنیاد رکھا گیاجس کی تکمیل کے بعد مورخہ 26 ستمبر 2021ء کو مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب نے مسجد کا باقاعدہ افتتاح دعا کے ساتھ کیا۔
افتتاحی تقریب میں مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جن کے ساتھ تینوں ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدور و نیشنل عاملہ کے دیگر ممبران کرام نے بھی شرکت کی۔ جبکہ بطور سرکاری نمائندہ خصوصی ڈپٹی گورنر، چار گاؤں کے چیف صاحبان و 13 غیر احمدی امام صاحبان و متعدد مقامی عمائدین کرام کے ساتھ ساتھ 244 افراد نے شرکت کی۔ اس بابرکت تقریب میں مکرم صدیق جیالو صاحب معلم سلسلہ و ریجنل مشنری نے جماعتی عقائد دربارہ وفات مسیح ؑو آمد مسیح ثانیؑ و ختم نبوتﷺ کےحوالے سے جماعتی تعارف کراوایا جس کے بعد ذیلی تنظیموں کے صدران نے اپنی اپنی تنظیموں کا مختصر تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں مقامی امام صاحبان و ڈپٹی گورنر صاحبان نے تقریر کی جبکہ تقریب کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے تقریر کی جس میں مساجد کی تعمیر کی اہمیت اور انہیں ایمانی دولت کے ساتھ آباد رکھنے کی طرف حاضرین کو توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی اس حقیر مساعی کو قبول فرمائے نیز آئندہ بھی مسجد کی حقیقی روح کو سمجھتے ہوئے جماعت آئیوری کوسٹ کو مزید مساجد کی تعمیر کی توفیق عطا کرتا جائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)