آئیوری کوسٹ کے شہر تاندا، بندوکو ریجن میں یوم تبلیغ اور تبلیغی بک سٹال
مورخہ یکم اکتوبر بروز جمعۃ المبارک آئیوری کوسٹ کے شہرتاندا، ریجن بندوکو میں یوم تبلیغ منایا گیا جو کہ خدا کے فضل سے کامیاب رہا۔ اس شہر کی اکثر آبادی مسلم ہے اور یہاں زیادہ تر کولنگو قبیلے کے لوگ آباد ہیں۔ یوم تبلیغ کی تیاری کے لیے چند روز قبل ایک ٹیم تیار کی گئی جس نے کتب اور لٹریچر برائے تقسیم وفروخت مہیا کیں اور دیگر تیاریاں مکمل کیں۔
یوم تبلیغ کا آغاز صبح 9 بجے دعا کے ساتھ کیا گیا اس کے بعد لیف لیٹس تقسیم کئے گئے۔ خدام نے مختلف سڑکوں اور بازاروں میں لیف لیٹ تقسیم کئے۔ 12 بجے دوپہر تمام دوست احمدیہ مسجد میں اکٹھے ہوئے اور حضورانور کا خطبہ سنا اور جمعہ کی نماز ادا کی۔
یوم تبلیغ کے دوسرے حصّہ میں بک سٹال لگانا تھا جو کہ شہر کی معروف سڑک کےکنارےپہ لگایا گیا جس میں قرآن کریم سادہ اور فرنچ ترجمہ اور دیگر لٹریچر فروخت اور نمائش کے لئے رکھے گئے۔ جمعہ کے دن کی گہما گہمی کی وجہ سے بہت افراد ہمارے سٹال پر آئے اور اسلامی کتب کی نمائش میں کافی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ خاکسار بھی وہاں موجود رہا اور آنے والے زائرین کے سوالات کے جوابات مقامی خادم کے ذریعہ لوکل زبان میں دیے گئے۔ سٹال پر آنے والے تمام احباب کو لیف لیٹس بھی دیے گئے۔ فرنچ زبان میں نماز کی کتاب اور یسرناالقرآن لوگوں کی خریداری میں خاص دلچسپی کا مرکز رہے، بک سٹال کے ذریعہ25000 فرانک سیفا کا لٹریچر فروخت کیا گیا۔
تبلیغی بک سٹال کا سلسلہ چار بجے تک جاری رہا۔ اس کے بعددوبارہ لیف لیٹ کی تقسیم کا کام مختلف سڑکوں اور گلیوں میں خدام و انصار نے انجام دیا۔ 800سے زائد افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچایا۔ خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ الله اس حقیر قربانی کو قبول فرمائےاور نیک اور سعید روحوں کو جماعت احمدیہ میں داخل ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
(رپورٹ: شاہد احمدمسعود۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)