گیانا میں جلسہ سیرة النبیﷺ
گیا نا میں مختلف مذاہب کے مذہبی تہوار کو منایا جاتا ہے۔ جن میں یوم النبیؐ (میلاد النبیؐ)بھی ایک ایسا دن ہے جب پورے ملک میں تعطیل کی جاتی ہے۔ اگرچہ جماعت احمدیہ یوم النبیؐ یا میلاد النبیؐ نہیں مناتی مگر اس تعطیل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیانا جماعت نے ملکی سطح پر19؍اکتوبر 2021ء کو جلسہ سیرةالنبیؐ منعقد کرنے کا پروگرام بنایا جو محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کامیاب رہا۔
اس پروگرام کی مختلف ذرائع سے تشہیر کی گئی۔ جن میں سوشل میڈیا کے علاوہ نیشنل میڈیا سے بھی رابطہ کیا گیا۔ اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نیشنل ٹی وی NCN نے اپنے صبح کے لائیو پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ جہاں جلسہ سیرةالنبیؐ کے بارے میںلوگوں کو بتایا گیا اور دعوتِ عام دی گئی۔
جلسہ پر آنحضورﷺ کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر کی گئیں اور آپﷺ کے خوبصورت چہرے کو دنیا کے سامنے آشکار کرنےکی کوشش کی گئی۔ ان میں آنحضورﷺ کے عورتوں کے ساتھ حسنِ سلوک، آنحضورﷺ بطور رحمة للعالمین، آنحضورﷺ نسلی تعصب ختم کرنے والے اور آنحضورﷺ کا مقام غیر مسلمانوں اور حضرت مسیح موعودؑ کی نظر میں، جیسے موضوعات شامل تھے۔
اس جلسہ میں شرکت کے لیے مختلف شہروں سے احمدی، غیر احمدی مسلمان اور غیر مسلم افراد شامل ہوئے۔ جن کی کل تعداد 80 تھی۔ مہمانانِ خصوصی میں دو پولیس اہلکار، NCNٹی وی کے ہوسٹ کے علاوہ ریٹائرڈ پولیس کمانڈر اوئن ٹراٹزOwen Trotz جو اس وقت پورے ملک کے سپیشل پولیس کانسٹبلری کے انچارج ہیں شامل ہوئے۔ جلسہ کے آخر پر موصوف نے ایک مختصر تقریر بھی کی جس میں انہوں نے ذکر کیا کہ وہ جماعت احمدیہ کے کاموں کو سراہتے ہیں اور ان کی جماعت کے ساتھ دوستی کافی پرانی ہے۔ اسی طرح کہا کہ انہوں نےآنحضورﷺ کی سیرت کے بارے بہت کچھ سیکھا۔
جلسہ کے اختتام پر تمام احباب کے لیے ظہرانہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ جس کے بعد نمازِ ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائی گئیں۔ دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جلسہ سیرة النبیﷺ کے دور رس نتائج پیدا فرمائے اور ہم لوگوں کےدلوں میں آنحضورﷺ کی حقیقی اور سچی محبت پیدا کرنے والے ہوں۔ آمین اللہم آمین
(رپورٹ: مقصود احمد منصور۔ مبلغ انچارج گیاناؔ )