خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(25؍نومبر ۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 259,786,356
صحت یاب ہونے والے: 234,918,821
وفات یافتگان: 5,193,470
٭…امریکی صدر بائیڈن نے جمہوریت پر بات کرنے کے لیے 110ممالک کو ورچوئل کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔ 9 اور 10؍دسمبر کو ہونے والی کانفرنس میں چین کی بجائے تائیوان کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے، نیز روس، ترکی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن اور قطر کو بھی دعوت نہیں دی گئی۔ کانفرنس سے متعلق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آمریت، کرپشن کے خلاف جنگ اور انسانی حقوق کا احترام جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
٭…روسی ترجمان کریملن کا کہنا ہے کہ امریکہ کی میزبانی میں ہونے والی جمہوریت کانفرنس سے امریکہ اپنی رائے کے حساب سے اچھے ممالک اور برے ممالک کی تقسیم چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنی ترجیح کے مطابق تقسیم کی نئی لائنیں بنانا چاہتا ہے اور جمہوریت کی اصطلاح کو اپنی مرضی کے معنی دینا چاہ رہا ہے جو ہو نہیں سکتا اور ہونا بھی نہیں چاہیے۔
٭…اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کی امداد کے لیے اس کی حالیہ اپیل کا 600 ملین ڈالر کا ہدف مکمل ہوگیا ہے۔ افغانستان کے لیے ادارے کی تازہ اپیل اب 100 فیصد فنڈڈ ہے۔اس امداد کے مرکزی ڈونرز امریکہ، یورپی ممالک اور جاپان ہیں۔ فنڈز سے افغانستان میں 11 ملین افراد کی مدد کی جانی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان ایک انسانی تباہی کے دہانے پر ہے، جس کی نصف سے زائد آبادی کو موسم سرما کے دوران خوراک کی قلت کا خطرہ ہے۔
٭…افغانستان کے لیے چین کے سفیر وانگ یو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے لیے ایک ہزارٹن انسانی امداد جس میں خوراک، کپڑے،کمبل اور دیگر اشیاءشامل ہیں ایک ٹرین چین کے ریجن سنکیانگ سے افغانستان کے لیے روانہ کی گئی ہے۔ وانگ یو کا کہنا ہے کہ چین نے جولائی 2021ء سے اب تک افغانستان کے لیے 2600 ٹن سے زائد انسانی امداد کے لیے اشیاءفراہم کی ہیں۔ سنکیانگ سے 20 نومبر کو روانہ ہونے والی ٹرین کے 12 دنوں میں مزار شریف پہنچنے کا امکان ہے۔
٭…بھارتی صدر رام ناتھ کوونڈ کی جانب سے بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کو فروری 2019ء میں پاکستان کا F-16 طیارہ مار گرانے پر ’ویر چکرا‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابھینندن مِگ 21 طیارے کا پہلا پائلٹ ہے جس نے F-16کو مار گرایا تھا۔
واضح رہے کہ ہندوستانی ایوارڈ ’ویر چکرا‘ جنگ کے دوران دشمن کے سامنے فوجی کی بہادری کو دیکھتے ہوئے اُسے دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے مطابق 27؍فروری 2019ء کو پاکستان ایئر فورس کے جوانوں کی جانب سے بغیر کسی نقصان کے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیارے مِگ21کو تباہ کر کے ونگ کمانڈر ابھینندن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ بعدازاں کمانڈر کو انسانی بنیادوں پر واپس کر دیا گیا تھا۔
٭…ٹوئٹر پر پاکستان میں ابھینندن کو بھارتی حکومت کی جانب سے ’ویر چکرا‘ ایوارڈ ملنے کے بعد سے ہیش ٹیگ ابھینندن ورتھمان(AbhinandanVarthaman#)ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ابھینندن کا ٹوئٹر پر مذاق بن گیا۔ صارفین کی جانب سے ابھینندن کو ایوارڈ سے نوازے جانے پر دلچسپ تبصرے کیے گئے۔
٭…انسانی حقوق کی یورپی عدالت نے ترکی میں بغاوت کے الزام میں 400سے زائد ججوں کی گرفتاری کوغیر قانونی قرار دیتے ہوئے گرفتار ججوں اور دیگر افراد کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
ترکی میں 2016ء کی ناکام بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار 427ارکان نے گرفتاریوں کے خلاف یورپی عدالت میں درخواست دی تھی۔
٭…یورپی ملک بلغاریہ کی تاریخ کے سب سے بڑے حادثے میں ترکی سے شمالی مقدونیہ جانے والی بس ہائی وے کے بیریئر سے ٹکرا نے کے نتیجے میں 45افراد جان کی بازی ہار گئے۔ بس پر 12 بچے بھی سوار تھے جبکہ 7مسافروں کو بچا لیا گیا۔ یہ حادثہ بلغاریہ کے دارالحکومت ’صوفیہ‘ سے 26میل کی دوری پر پیش آیا۔ حادثے کی شکار ہونے والی بس شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔
٭… شام کے وسطی علاقے پر اسرائیلی طیاروں کے حملے میں 2شہری جاں بحق جبکہ 6 فوجیوں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔ شامی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے متعدد اسرائیلی حملہ آور میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسرائیل خطے میں واقع مسلم ممالک شام اور فلسطین پر اکثروبیشتر حملے کر کے علاقائی امن کو خطرے میں ڈالنے کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
٭… پولیس کا کہنا ہے امریکی ریاست وسکونسن میں کرسمس پریڈ میں لوگوں کو گاڑی سے کچلنے والا شخص گھر میں جھگڑا کرکے نکلا تھاکہ واقعہ کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 34 سال کے سیاہ فام Darrell Brooksکو جان بوجھ کر قتل کرنے کے الزامات کا سامنا کرنا ہوگا۔ واقعہ میں 4 خواتین سمیت 5 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوئے تھے۔
٭…امریکہ، چین، بھارت، جنوبی کوریا، جاپان اور برطانیہ نے اپنے اسٹریٹجک ذخائر میں سے لاکھوں بیرل خام تیل جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں کمی لانا اور ’اوپیک ‘کو پیداوار بڑھانے پر مجبور کرنا ہے۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک کے گروپ ’اوپیک پلس‘ نے خام تیل کی پیداوار بڑھانے کے مطالبے کو نظر انداز کردیا تھا جس کے بعد امریکہ نے دیگر ممالک کو ساتھ ملا کر مذکورہ اقدام اٹھایا ہے۔
امریکہ نے اپنے اسٹریٹجک ذخائر میں سے 5کروڑ بیرل تیل، بھارت نے 50 لاکھ بیرل تیل جبکہ برطانیہ نے رضاکارانہ طور پر ایک کروڑ 50 لاکھ بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اوپیک کے رکن ممالک کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان ممالک کی جانب سے اپنے ذخائر سے تیل استعمال کرنے کا اقدام ٹھیک نہیں۔
تنظیم کے رکن ممالک نے خبردار کیا ہے کہ تنظیم کے 2؍دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں پیداوار کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 80 ڈالر سے تجاوز کرگئی تاہم اس کی قیمت گزشتہ 3 ماہ کی کم ترین سطح پر ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 81.53 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی تیل کی قیمت 78.10 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
٭…مدھیہ پردیش کے رہائشی نے آگرہ میں موجود اصلی تاج محل جیسا گھر اپنی بیوی کو تحفے میں دیا ہے۔ اس گھر کی تیاری میں 3 سال لگے جبکہ یہ برہان پور میں بنایا گیا ہے جہاں شاہجہاں کی پسندیدہ بیوی ممتاز کی وفات ہوئی تھی۔ گھر بنوانے والے آنند چوکسے کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی حیران تھے کہ تاج محل برہان پور میں کیوں نہیں بنایا گیا تھا جبکہ شاہجہاں کی بیوی ممتاز کی وفات اسی شہر میں ہوئی تھی۔
تاج محل کی ریپلیکا (نقل بمطابق اصل) بنانے والے انجینئر کے مطابق اس گھر کو بنانے میں انہیں متعدد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اس گھر کی تعمیر سے قبل تاج محل کا بغور جائزہ لیا اور بینگال اور اندور کے کاریگروں سے بھی مدد لی۔ تاج محل جیسا گھر بنانے میں 3 سال لگے جبکہ اس میں 4کمرے ہیں، دو کمرے اوپرکی منزل جبکہ دو نچلے پورشن میں ہیں، اس گھر کا گنبد 29 فُٹ اونچا ہے۔ اس میں ایک بہت بڑا ہال، لائبریری اور جم بھی موجود ہے۔ گھر کو نہ صرف اندر بلکہ باہر سے بھی ایسی روشنیوں سے آراستہ کیا گیا ہے کہ گھر اندھیرے میں بھی اصلی تاج محل کی طرح روشن رہے۔
٭…معروف امریکی موبائل و کمپیوٹر کمپنی ایپل نے اپنے صارفین کی جاسوسی پر اسرائیلی اسپائی ویئر بنانے والی کمپنی NSOپر مقدمہ دائر کر دیاہے۔ ایپل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فرم کو پیگاسس سرویلنس اسکینڈل کے معاملے میں جواب دینا ہو گا۔ سلیکون ویلی جائنٹ کی جانب سے مقدمے نے این ایس او کے لیے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ کچھ ہفتے قبل امریکی حکام نے بھی این ایس او اور امریکی گروپس میں تعلقات محدود کر دیے تھے۔ اسرائیلی کمپنی اس وقت عالمی تنقید کی زد میں آئی تھی جب یہ رپورٹس منظرِ عام پر آئی تھیں کہ این ایس او کی جانب سے دنیا بھر میں ہزاروں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں، صحافیوں، سیاست دانوں اور اہم شخصیات کو جاسوسی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
٭…اسکاٹ لینڈ کے علاقے لانکشائر کے ایک کیئر ہوم میں رہائش پذیر11بزرگ افراد کو کورونا ویکسین کے بجائے نمکین پانی کا انجکشن لگا دیا گیا جس کا انکشاف طبی معائنے کے دوران ہوا۔ مقامی سرکاری اسپتال کے حکام نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ غلطی سے لگنے والے انجکشن صحت کے لیے نقصان دہ نہیں۔ ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
٭…56سالہ فرانسیسی وزیراعظم جین کاسٹیکس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ جس سے قبل انہوں نے اپنے بیلجیم ہم منصب الیگزینڈر ڈی کرو سے ملاقات کی تھی جو ملاقات کے بعد سے قرنطینہ میں ہیں۔ فرانسیسی وزیر اعظم کے ہمراہ گزشتہ دنوں فرانسیسی وزیر برائے دفاع، وزیر داخلہ، وزیر برائے انصاف اور سیکرٹری آف اسٹیٹ فار یورپ بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ فرانسیسی وزیر اعظم کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین بھی لگوا چکے ہیں۔
٭…جرمن وزیر صحت جینز اسپاہن نے کہا ہے کہ ملک میں بڑی تیزی سے کورونا وائرس کی وبا پھیل رہی ہے اور امکان ہے کہ جس کسی نے بھی ویکسینیشن نہیں کروائی وہ اس موسم سرما کے اختتام تک وبا سے متاثر ہو سکتا ہے۔ کورونا کا ڈیلٹا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے اسی وجہ سے لوگوں کو جلد از جلد ویکسین لگوانے کی ہدایت کی جارہی ہے۔ جرمنی میں اب تک 68 فیصد آبادی نے مکمل ویکسینیشن کرائی ہے۔ جرمنی میں حالیہ ہفتوں میں کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔