امریکہ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ و جماعت احمدیہ بریڈ فورڈ کے زیر اہتمام بریڈ فورڈ (اونٹاریو، کینیڈا) کی پبلک لائبریری میں قرآن حکیم کی نمائش

29؍اکتوبر 2021ء بروز جمعۃ المبارک صبح 10بجے تا شام چھ بجے لجنہ اماء اللہ بریڈ فورڈ کے تعاون سے پبلک لائبریری بریڈ فورڈ (اونٹاریو، کینیڈا) میں قرآن کریم کی ایک شاندار نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔

یاد رہے کہ یہ کینیڈا میں سرکاری سطح پراکتوبر کے مہینہ کو اسلامی ورثہ (Islamic Heritage) کے طور پر منایا گیا تھا۔ قرآن حکیم کی یہ نمائش، اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔

محترمہ صدف شاہ صاحبہ سیکرٹری تبلیغ بریڈ فورڈ نے بتایا کہ اس نمائش کا بنیادی مقصد قرآن حکیم و اسلام کے متعلق پھیلائی جانے والی ان غلط فہمیوں، شکوک و شبہات اور غلط عقائد کا رفع کرنا تھا، جو عامۃ الناس میں بالعموم پائی جاتی ہیں۔ تا لوگ اپنی آنکھوں سے دیکھ کر ان غلط فہمیوں کا ازالہ کر سکیں ۔

ہم اکثر و بیشتر سنتے ہیں کہ بعض مخصوص دہشت گردوں کے عمومی رویے کے پیش نظر، اسلام جیسے سلامتی و امن و آشتی والے مذہب سے وابستہ ہونے کی مناسبت سے، اسلام پر بھی دہشت گردی کو پروموٹ کرنے والے مذہب کا ٹھپہ لگا دیا جاتا ہے۔

چنانچہ مقامی پبلک کو یہ موقع فراہم کیا گیا کہ وہ از خود آکر قرآن حکیم کی حقیقی و پاکیزہ تعلیمات کا اپنی آنکھوں سے جائزہ لیں کہ اس کے صفحات پر فی الحقیقت کیا لکھا ہوا ہے۔

مزید برآں مسلم لٹریچر، بینرز، مسلم سائنسدانوں، ریاضی و جغرافیہ دانوں اور اسکالرز وغیرہ کی تصاویر کے ساتھ نمائش گاہ کے ہال کو سجایا گیا تھا۔ ناصرات الاحمدیہ نے بڑی تعداد میں مسلمان دانشوروں جیسے پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام وغیرہ کی تصاویر کے پلے کارڈ بھی تیار کر رکھے تھے۔ والنٹیرز کی ایک بڑی تعداد آنے والے شائقین کی ہر طرح کی راہ نمائی کرنے کے لیے ہمہ تن موجود و مصروف کار رہی۔

اس موقع پر علاقے کے میئر مع اپنے کونسلرز، فائرفائیٹرز کے چیف، پولیس افسران ’’Innisfill‘‘ کے کونسلر اور ’’Simco‘‘ کاؤنٹی کے ممبر آف پارلیمنٹ مسٹر سکاٹ ڈیوڈسن نے نمائش کا دورہ کیا۔ تمام مہمانان کو قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ والا نسخہ، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ایک کتاب اور اسلامی پمفلٹس پر مشتمل ایک خوبصورت گفٹ پیک کا تحفہ بھی دیا گیا۔

ایک پولیس افسر نے قرآن پاک کا گور مکھی ترجمہ والا نسخہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ چنانچہ اسے گورمکھی ترجمہ والا قرآن پاک کا نسخہ تحفۃً پیش کیا گیا۔

صبح کے اوقات میں لجنہ اماء اللہ کی والنٹیرز نے نمائش کو تیار کرنے کی ڈیوٹی خوش اسلوبی سے نبھائی جبکہ نماز جمعہ کے بعد خدام و انصار نے اس ڈیوٹی کو عمدہ طریق سے نبھایا۔ اس طرح بریڈ فورڈ کے سبھی ارکان کو اس خدمت میں حصہ لینے کا زریں موقع میسر آیا۔ الحمد للہ

اس مووقع پرCovid-19 کی وجہ سے خصوصی احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئی تھیں۔ چنانچہ دوران نمائش 20 افراد کو ایک ہی وقت میں نمائش ہال میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ اس کے علاوہ ماسک پہننے کی بھی خصوصی پابندی کروائی گئی۔

(رپورٹ: ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button