سیرالیون کے واٹرلو ریجن میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ
مکرم افتخار احمد گوندل صاحب ریجنل مبلغ واٹر لو ریجن تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 6؍نومبر کو لجنہ اماء اللہ واٹر لو ریجن کو جو ٹاؤن میں جلسہ سیرۃ النبی ﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن گیارہ بجے جو ٹاؤن کی احمدیہ مسجد میں تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت مکرمہ Humu Kargbo صاحبہ کو حاصل ہوئی۔ جس کے بعد مکرمہ عائشہ جاہ صاحبہ نے لجنہ کا عہد دہرایا۔ مکرمہ ماریہ کمارا نے نظم پیش کی۔ مکرمہ عائشہ کمارا صاحبہ صدر لجنہ واٹر لو ریجن نے استقبالی کلمات پیش کیے۔
اس پروگرام میں مکرمہ زینب گرانٹ صاحبہ نے آنحضرت ﷺ کی دعویٰ نبوت سے قبل کی زندگی کے حالات و واقعات، مکرمہ حوا کاربو صاحبہ نے رحمۃً للعالمینﷺ، مکرمہ علیمہ مومو صاحبہ نے آنحضرت ﷺ کا جانوروں اور پرندوں سے سلوک اور اس بارے میں تعلیم، مکرمہ آدما بنگورا صاحبہ نے آنحضرت ﷺ کا غلاموں سے حسنِ سلوک، مکرمہ زینب کونٹے صاحبہ نے اسلام میں رواداری اور انسانیت کی تعلیم، مکرمہ عائشہ جاہ صاحبہ نے آنحضرت ﷺ کا ازواجِ مطہرات سے برتاؤ اور مکرمہ فاطمہ کروما صاحبہ نے آنحضرت ﷺ کا حجۃ الوداع کے موقع پر خطاب پیش کیا۔
دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ نمازِ ظہر کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔ اس بابرکت پروگرام میں لجنہ و ناصرات کی کل حاضری 182رہی اور 24غیر ازجماعت خواتین نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔