خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(09؍دسمبر ۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 268,189,593
صحت یاب ہونے والے: 241,404,253
وفات یافتگان: 5,297,434
٭…امریکہ اور روس کے صدور کے درمیان 2 گھنٹے 5 منٹ ورچوئل مذاکرات میں یوکرین کے مسئلے سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی ہم منصب کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یوکرین کےقریب روسی فوج کے اضافے پرتشویش ہے، کشیدگی کی صورت میں امریکہ روس پر سخت پابندیاں عائد کرے گا۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن نے واضح کیا کہ کشیدگی کی صورت میں امریکہ اور اتحادی اقتصادی اور دیگر اقدامات سے جواب دیں گے۔
٭…افغان نائب وزیراعظم مولوی عبدالسلام حنفی نے افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ڈیبورا لیونز سے ملاقات کی۔ ڈیبورا لیونز نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ اور عالمی بینک کے حکام سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں انہیں آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ امدادی ایجنسیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر مولوی عبدالسلام حنفی کا کہنا تھا کہ امارات اسلامی امداد دینے والے اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور افغانستان میں قومی سلامتی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ عالمی برادری سے نصف تکمیل شدہ منصوبوں کو مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
٭… واشنگٹن میں قائم بین الاقوامی تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسز گروپ (آئی سی جی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ موسم سرما میں 10 لاکھ افغان بچوں کے بھوک سے مرنے کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغانستان میں ریاست کی ناکامی اور بڑے پیمانے پر بھوک سے بچنے کے لیے بین الاقوامی طاقتوں کو پابندیوں میں نرمی کرنی چاہیے۔ رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہےکہ طالبان کے قبضے کے نتیجے میں بھوک اور بدحالی گزشتہ دو دہائیوں کے تمام بموں اور گولیوں سے زیادہ لوگوں کو مار سکتی ہے۔
٭…فروری میں ہونے والے بیجنگ کے ونٹر اولمپکس 2022ء کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ چین میں انسانی حقوق کے خدشات کی وجہ سے کسی سرکاری وفد کو ان کھیلوں میں نہیں بھیجا جائے گا تاہم امریکی کھلاڑی ان مقابلوں میں شرکت کر سکتے ہیں۔
٭…سوشل ڈیموکریٹ جرمن رہنما اولاف شولز کے جرمنی کے نویں چانسلر کے طور پر حلف اٹھانے سے سابق چانسلر انجیلا میرکل کے 16 سالہ اقتدار کا خاتمہ ہوگیا۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے اولاف شولز نے 707 ووٹوں میں سے 395 ووٹ حاصل کیے۔ ایوان چانسلر کے مطابق جرمنی کے نئے چانسلر پہلے سرکاری دورے پر جمعہ کو پیرس اور برسلز جائیں گے جہاں وہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکروں اور یورپین کمیشن کی سربراہ سے ملاقات کریں گے۔
٭…روسی صدر پیوٹن کے دورہ بھارت کے موقع پر بھارت اور روس کے درمیان 28 سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔روسی صدر پیوٹن کے دورہ بھارت کے حوالہ سے بھارتی سیکرٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کےدرمیان اسٹیل، جہاز سازی، کوئلے اور توانائی سے متعلق 28 سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ بھارت کو رواں ماہ میں روسی میزائل سسٹم ایس 400کی ترسیل بھی شروع ہوجائے گی۔ بھارت میں کلاشنکوف اسالٹ رائفلز بنانے کے لیے ایک الگ معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت بھارت 6 لاکھ سے زائد اے کے 203 اسالٹ رائفلز بنائے گا۔ امریکی دباؤ کے باوجود بھارت نے روس کے ساتھ 2018ء میں پانچ دفاعی میزائل سسٹم کی خریداری کا 5.5 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔
٭…امریکہ اور برطانیہ میں مقیم روہنگیا مہاجرین نے سان فرانسسکو میں فیس بک پر روہنگیا کے خلاف نفرت انگیز پوسٹس کو فروغ دینے کے الزام پر 150 ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ کرتے ہوئے کہا کہ فیس بک نے روہنگیا کے خلاف نفرت انگیز پوسٹوں کو اپنے پلیٹ فارم سے نہیں ہٹایا۔ یاد رہے کہ فیس بک نے 2018ء میں قبول کیا تھا کہ میانمار میں روہنگیا کے خلاف نفرت انگیز پوسٹس کو روکنے کے لیے مناسب قدم نہیں اُٹھائے تھے۔
٭…پاکستان کے ضلع سیالکوٹ میں پُرتشدد ہجوم کے ہاتھوں قتل کیے گئے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میت سری لنکن ایئرلائن کی پرواز یو ایل 186 کے ذریعے کولمبو پہنچادی گئی ہے۔
پریانتھا کمارا کی یاد میں منگل کو وزیراعظم آفس پاکستان میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس اور پریانتھا کمارا کی جان بچانے کے لیے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ملک عدنان کو توصیفی سند عطا کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں مذہب کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے اور آئندہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ خود کو عاشق رسول ﷺ ثابت کرنے کے لیے حضورﷺ کی سیرت پر چلنا ہوگا۔ یہاں اسلام اور نبی کریم ﷺ کے نام پر لوگوں کو جلایا اور مارا جا رہا ہے۔ توہین کا الزام لگا کر لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہیں بغیر مقدمہ چلائے جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ کوئی وکیل ملزم کا کیس لڑنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ جج بھی مقدمہ سننے سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سے جنہوں نے دین کو استعمال کیا، خاص طور پر رحمۃ للعالمین ﷺ کے نام پر ظلم کیا ان کو نہیں چھوڑنا۔ جب تک زندہ ہوں سانحہ سیالکوٹ جیسا واقعہ دوبارہ ہونے نہیں دوں گا۔ ملک عدنان اس ہجوم میں ایک ایسا شخص تھا جو راہ حق پر اور حیوانوں کے سامنے کھڑا تھا، مجھے امید ہے کہ نوجوان ان کو اپنا رول ماڈل بنائیں گے۔اخلاقی طاقت جسمانی قوت سے زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔
٭…متحدہ عرب امارات میں ہفتہ وار تعطیل میں تبدیلی کرتے ہوئے جمعے اور ہفتے کی بجائے اب ہفتے اور اتوار کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی طرح حکومتی دفاتر کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب دفاتر میں پیر سے جمعرات صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 3 بجے تک کام ہوگا جبکہ جمعہ کو اوقات دن 12 بجے تک ہوں گے۔
٭…انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں ماؤنٹ سیمیرو کا آتش فشاں پھٹنے سے 34 افراد ہلاک اور 17 افراد لاپتہ جبکہ 3 ہزار 700 افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ آتش فشاں سے ہفتے کو شروع ہونے والے راکھ اور دھویں کے بادل 40 ہزار فٹ تک بلند ہوئے تھے۔
٭…بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت بھارتی ریاست تامل ناڈوکے ہل اسٹیشن کونور کے جنگل میں بھارتی فضائیہ کے ایم آئی 17وی 5 ہیلی کاپٹر کو پیش آئے حادثے میں ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہلاکت کی تصدیق کے بعد کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔ ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، ان کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز، فضائیہ کے پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 14 افراد سوار تھے۔
٭…یورپی دارالحکومت برسلز میں منعقد ہونے والی Ocean Energy Europe 2021 کانفرنس یعنی سمندر سے حاصل کی جانے والی توانائی کے موضوع پر منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں سمندر سے 300/GW قابل تجدید توانائی حاصل کی جا سکتی ہے جس سے ساڑھے تین کروڑ گھروں کو روشن کیا جاسکتا ہے۔
کانفرنس کے مختلف سیشنز میں مقررین نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یورپ اور اس کے ادارے سمندر سے حاصل ہونے والی توانائی اور اس میں مسلسل آنے والی جدت کا مرکز ہے۔ یورپ کے سمندروں سے 2050ء تک 100 گیگا واٹ توانائی حاصل ہو سکتی ہے جو یورپ میں 76 ملین گھروں کے لیے کافی ہوگی جویورپ کی کل انرجی کا 10 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ اس سے ایک بالکل نیا انڈسٹریل سیکٹر وجود میں لاکر 4 لاکھ نئے روزگار بھی پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ ماہرین نے مزید اندازہ لگایا کہ 2050ء تک میرین انرجی کی ساری سپلائی چین کی اکنامک ویلیو 100 ارب یورو ہو جائے گی جس کے ساتھ 650000 نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔ یاد رہے کہ سمندر سے توانائی حاصل کرنے کے اب تک جو مختلف طریقے سامنے آئے ہیں، ان میں ویوو انرجی، ٹائیڈل انرجی، اوشین تھرمل انرجی کنورژن، سیلینیٹی گریڈئینٹ اور مختلف فلوٹنگ سسٹمز شامل ہیں۔
٭…روس کے شمالی دارالحکومت سینٹ پیٹرز برگ میں درجہ حرارت منفی 20.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جو کہ 1893ء میں اسی دن کے مقابلے میں 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔ جس سے شدید سردی کا 128 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ روس کے محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق سینٹ پیٹرز برگ میں 21ویں صدی میں دو مرتبہ 14؍جولائی 2015ء اور 3؍ جنوری 2002ء کو سرد موسم کے ریکارڈ ٹوٹے تھے۔
٭…عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی جائزے کے مطابق کورونا وائرس کا اومی کرون ویرینٹ، ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ خطرناک نہیں، اومی کرون کے خلاف موجودہ ویکسین کے ناکام ہونے کا امکان نہیں۔ تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ اومی کرون سے متعلق یہ انتہائی ابتدائی جائزہ ہے، اس لیے ہمیں بہت محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔
٭…جنوبی افریقہ کے ہیلتھ ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے اومی کرون ویرینٹ سے متعلق تحقیق میں فائزر کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کو شامل کیا۔ فائزر کورونا ویکسین اومی کرون ویرینٹ کے خلاف جزوی طور پر مؤثر ہے۔ جبکہ فائزر ویکسین کی بوسٹر خوراک کورونا کے نئے ویرینٹ کو روکنے میں مدد کر سکتی ہے۔
٭…٭…٭