سیرالیون کے لُنسر ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح
مکرم رانا بابر شہزاد صاحب ریجنل مبلغ لُنسر ریجن تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 25؍نومبر 2021ء کو سیرالیون جماعت کو لُنسر ریجن کی جماعت مشتلے (Mashtle) میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ مسجد کا سنگِ بنیاد خاکسار ( رانا بابر شہزاد، مبلغ سلسلہ )نے 15؍نومبر 2020ء کو ایک سادہ تقریب میں رکھا تھا اور اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت بھی خاکسار کو حاصل ہوئی۔ یہ مسجد ایک سال کے عرصے میں مکمل ہوئی۔
اس مسجد کا مسقف حصہ 30*40 فٹ ہے اور اس میں 200 نمازیوں کی گنجائش ہے۔
مورخہ 25؍نومبر 2021ء افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیر ومشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس موقع پر اطفال و ناصرات نے الگ الگ حضرت مسیح موعودؑ کا قصیدہ یاعین فیض اللّٰہ والعرفانِ ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ جبکہ ایک اور طفل نے نعت بدر گاہِ ذیشان خیرالانام پیش کی۔
مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں سیرۃ النبی ﷺ کی روشنی میں نماز باجماعت کی اہمیت بیان کی اور بتایا کہ مساجد کی اصل خوبصورتی اس کے نمازیوں سے ہے۔ اس کے علاوہ آپ نے گزشتہ سو سالوں میں سیرالیون میں کی جانے والی خدمات کو مختصر طور پر بیان کیا۔ خطاب کے بعد مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی جس کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔
نماز کی ادائیگی کے بعد حاضرین کے لیے ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
اس مسجد میں پہلی اذان دینے کا شرف خاکسار کے بیٹے عزیزم بشیر احمد کو حاصل ہوا۔
اس بابرکت تقریب میں ایک پیراماؤنٹ چیف، دو ریجنٹ چیفس، نائب ڈسٹرکٹ چیف امام ، ایک کونسلر، متعدد غیر احمدی امام و دیگر احباب اور اردگرد کی 22 جماعتوں سے احمدی احباب سمیت ایک ہزار کے لگ بھگ احباب و خواتین نے شرکت کی۔ الحمد للہ، کہ مسجد کے افتتاح کی یہ تقریب بہت سے غیر از جماعت احباب کے لیے کامیاب تبلیغ کا باعث بنی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہمیشہ نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین