احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیاء کے زیر اہتمام ملائیشیا میں وقف نو ہیلتھ سیمینار کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیاء نے مورخہ 20 و 21؍ نومبر 2021ء کو جماعت ملائیشیاء میں دو روزہ ہیلتھ سیمینار منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ یہ سیمینار انتہائی کامیاب رہا۔ آسٹریلیاء سے 13ڈاکٹرز نے بذریعہ زوم شمولیت اختیار کی جبکہ ملائیشیاء سے 48وقف نو بچے اس میں شامل ہوئے ۔
مکرم سریپ الدین بیجنگ صاحب امیر جماعت احمدیہ ملائیشیاء نے اس ہیلتھ سیمینار کا افتتاح کیا۔ تلاوت اور نظم کے بعد محترم امیر صاحب نے رفیوجی بہنوں اور بھائیوں کے متعلق بتایا کہ ان کو کونسی بیماریا لاحق ہیں اور احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیاکی کاوشوں کو سراہا۔ امیر صاحب نے بتایا کہ احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا نےروزانہ کی بنیاد پر پانچ فری میڈیکل ڈسپنسریاں ٹیلی کانفرنس قائم کی ہیں اور حال میں ہی ایک انتہائی خوبصورت میڈیکل کیئر سینٹربھی بنایا ہے۔ اس کے علاوہ اللہ کے فضل سے پندرہ سے زیادہ انتہائی پیچیدہ نوعیت کی سرجریاں کامیابی سے مکمل کی ہیں۔
محترم امیر صاحب کی تقریر کے بعد خاکسار (صدر احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا) نے حضور انور کا خطبہ جمعہ فرمودہ 28؍اکتوبر 2016ء کا یک حصہ پڑھ کر سنایا، جس میں حضور انور نے وقف نو بچوں کو اپنے کیریئر کے متعلق نصائح کی ہیں اور میڈیکل کے شعبہ سے منسلک ہونے کی نصیحت فرمائی ہے۔ اس کے بعد آسٹریلیا سے ڈاکٹر سلیمان احمد صاحب اور ڈاکٹر نعمان احمد صاحب نے آنکھوں اور دانتوں کی دیکھ بھال کے متعلق بتایا۔
ڈاکٹرنعیم صاحب آف ملائیشیا زوم کے ذریعے آسٹریلیا کے ڈاکٹروں سے براہ راست راہنمائی لیتے رہے۔ ڈاکٹر عمران ظفر اللہ صاحب ،ڈاکٹر محمود صاحب اور ڈاکٹر احمد زکریا صاحب نے بچوں کا معائنہ کیا۔
اسی طرح اتوار کو بچیوں کا معائنہ کیا گیا جو کہ ڈاکٹر عائشہ مصطفیٰ صاحبہ، ڈاکٹر بشریٰ مبارک صاحبہ، ڈاکٹر صادقہ علوی صاحبہ اور ڈاکٹر تہمینہ منصور صاحبہ نے کیا۔ انہوں نے مفید مشورے اور راہنمائی بھی دی۔ آخر پر تمام بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ 8بچوں نے ڈاکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیاہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی خواہشات کو پورا کرے۔ آمین۔ احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا ان شاء اللہ ان کی مستقل راہنمائی کرتی رہے گی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں احسن رنگ میں امام وقت کی راہنمائی میں مقبول خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: ڈاکٹر عطاالرحمان۔ صدر احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا)