حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(16؍دسمبر ۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 272,551,186

صحت یاب ہونے والے: 244,958,527

وفات یافتگان: 5,347,695

٭…امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ اگر متحدہ عرب امارات چاہے تو امریکہ اسے ایف 35 طیارے فروخت کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم یو اے ای سمیت خطے کے دیگر ممالک کو فروخت کرنے والی ٹیکنالوجیز کے مکمل جائزے کو یقینی بنائیں گے۔واضح رہے کہ یو اے ای نے امریکہ سے ایف 35 طیاروں کی خریداری پر بات چیت معطل کر کے امریکہ کو بتا دیا ہے کہ ایف 35 طیارے خریدنے سے متعلق بات چیت نہیں کی جائے گی۔ اماراتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ مستقبل میں تکنیکی ضروریات، آپریشنل پابندیوں، لاگت اور دیگر امور کے سبب بات چیت پر نظرثانی کی جائے گی۔

٭…چینی صدر شی جن پنگ نے روس کے صدر ولادیمر پیوٹن سے ویڈیوکال پر گفتگو کے دوران کہا کہ کچھ طاقتیں جمہوریت کی آڑ میں چین اور روس کےاندرونی معاملات میں مداخلت کررہی ہیں۔ ہمیں باہم سیکیورٹی مفادات کے تحفظ کے لیے مزید کوششیں کرنی چاہئیں۔ مداخلت سے یہ طاقتیں بین الاقوامی تسلیم شدہ اصولوں اور قوانین کو نقصان پہنچارہی ہیں۔

٭…امریکہ کے 8 سابق سفیروں اور 3 فوجی جنرلز نے افغانستان پر ایک تھنک ٹینک کے لیے لکھے مشترکہ اداریہ میں خبردار کیا گیا ہے کہ افغانستان معاشی طور پر ڈوب رہا ہے۔ اداریہ لکھنے والے ان سابق فوجی عہدے داروں میں نیٹو کے امریکی کمانڈر جان کیمبل بھی شامل ہیں جبکہ 8 سابق امریکی سفیر افغانستان میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

٭…اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ اپنے پہلے سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی پہنچے۔ ابوظبی میں انہوں نے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جنہوں نے مشرق وسطیٰ میں استحکام کی امید کا اظہار کرتے ہوئے دونوں قوموں اور خطے کے عوام کے مفادات میں مزید مثبت اقدامات کی طرف تعاون پر مبنی تعلقات آگے بڑھانے پر بات کی۔ دونوں راہنماؤں کی ملاقات کو اسرائیلی حکام نے تاریخی قرار دیا ہے۔ اسرائیل اوریو اے ای کی دوطرفہ تجارت صرف 2021ء میں اب تک تقریباً 500 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ کسی بھی اسرائیلی وزیراعظم کا امارات کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

٭… افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی جانب سے منجمد اثاثے جاری کرنے کے مطالبے پر ترجمان وائٹ ہاؤس نے افغان وزیر خارجہ کےمطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افغان منجمد اثاثوں کے بارے میں اتحادیوں، شراکت داروں کے ساتھ مل کر جائزہ لے رہے ہیں۔ افغانستان کے منجمد اثاثوں کے ناقابل رسائی رہنے کی کئی وجوہات ہیں، افغان منجمد اثاثوں کے حوالے سے نائن الیون متاثرین نے مقدمہ کیا ہوا ہے، طالبان امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں اور طالبان کو فائدہ پہنچائے بغیر افغان عوام تک منجمد اثاثوں کی رسائی بھی بنیادی سوال ہے۔

٭…امریکی ایوان نمائندگان نے اسلاموفوبیا کے خلاف بل منظور کر لیا۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کی مسلمان ڈیموکریٹ رکن الہان عمر نے اسلاموفوبیا کے خلاف بل پیش کیا۔ بل پر بحث میں ریپبلکن رکن اسکاٹ پیری نے الہان عمر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دہشتگرد تنظیم سے تعلق کا الزام لگایا۔ بل کے حق میں 219 جبکہ مخالفت میں 212 ووٹ آئے جبکہ بل منظور ہونے کے بعد اسکاٹ پیری کے الفاظ ایوان کی کارروائی سے حذف کردیےگئے۔ بل کا مقصد دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کے واقعات کو امریکی محکمہ خارجہ کے علم میں لانا ہے۔ بل کی منظوری کے بعد امریکی محکمہ خارجہ میں خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے گا۔ خصوصی نمائندہ محکمہ خارجہ کو اسلاموفوبیا سے متعلق واقعات رپورٹ کرے گا۔

٭…امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون سے ترجمان پینٹاگون جان کربی نے کہا ہے کہ کابل میں امریکی ڈرون حملے پر کسی امریکی فوجی یا عہدیدار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ وزیر دفاع کو کابل ڈرون حملے سے متعلق رپورٹ ملی جس میں احتساب کی تجویز نہیں تھی۔ یاد رہے کہ افغانستان میں 29 اگست کو امریکی ڈرون حملے سے 7 بچوں سمیت 10 معصوم شہری مارے گئے تھے۔

٭…ہیٹی میں گیس ٹینکر میں دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 20گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہیٹی کی حکومت نے ہیٹی میں تین روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

٭…ہانگ کانگ کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی پہلی منزل میں آگ لگنے سے درجنوں افراد عمارت میں محصور ہوگئے ہیں۔ سیکیورٹی حکام کی جانب سے فائر الارم کے بعد عمارت کے اطراف ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور فائر ٹینڈرز کو فوری طلب کیا گیا، فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہوں نے عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔

٭…برازیل میں کئی دہائیوں بعد ہونے والی شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی قصبے اور دیہی علاقے مکمل طور پر کٹ گئے ہیں جبکہ ریسکیو ٹیموں کو متاثرین تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گورنر نے ریاست میں ہنگامی حالت کا نفاذ کرتے ہوئے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ خطرے والے علاقوں سے منتقل ہوجائیں۔

٭… انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں 7.7 شدت کے زلزلہ کے بعد پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ زلزلہ فلوریس کے سمندر میں 76 کلو میٹر گہرائی میں آیا ہے۔

٭…ترکی کے صوبے رائز کا 29 سالہ نوجوان حسن عنان 140 بار خودکشی کی کوشش کرچکا ہے لیکن ایک بار بھی کامیاب نہیں ہوسکا۔ وہ ہر بار لوگوں کے قائل کرنے پر ارادہ ترک کر کے گھر واپس چلا جاتا ہے۔ رواں ہفتے حسن چھ منزلہ عمارت پر خودکشی کی غرض سے چڑھا لیکن پولیس کے بروقت دیکھنے اور نوجوان کو بحفاظت نیچے لانے کے لیے اقدامات کر لیے گئے۔

٭… ملائیشیا کی میری ٹائم انفورسمنٹ ایجنسی (ایم ایم ای اے) کے مطابق ملائیشیا کی جوہر ریاست میں غیرقانونی تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی ڈوبنے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ادارے کے ڈائریکٹر فرسٹ میرین ایڈمرل نور ل حیزام زکریا نے ایک بیان میں بتایا کہ کشتی میں متعدد بچوں سمیت 60 افراد سوار تھے،21 افراد کو بچالیا گیا ہے جبکہ 10 افراد ہلاک ہوئے اور 29 لاپتہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کشتی خراب سمندری حالت کی وجہ سے صبح 4 بج کر 30 منٹ پر ڈوبی تھی۔ ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے بحری اور فضائی مدد بھیجی گئی ہے۔

٭…یورپین یونین میں فلامش پیس انسٹیٹیوٹ کے مرتب کردہ ‘پراجیکٹ ٹارگٹ’ نامی مطالعہ میں اسلحے کی موجودگی سے منشیات کے گروپوں میں باہمی لڑائی اور اس کے نتیجے میں سوسائٹی میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے جو اپنی نوعیت کی پہلی رپورٹ ہے۔ اس مطالعہ میں بتایا گیا ہے کہ یورپ میں دیگر کے علاوہ رائٹ ونگ دہشت گرد اسلحے کی قانونی خریداری میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔ رپورٹ میں یورپین یونین کے 27 رکن ممالک، برطانیہ اور مغربی بلقان کے 6 ممبر ملکوں کے سرسری مطالعے سمیت بیلجیم، اسٹونیا، ہالینڈ، پولینڈ، سربیا، اسپین اور سویڈن کا زیادہ گہرائی سے جائزہ لیا گیا ہے۔

٭… برطانوی وزیرِ صحت نے تمام 11 ممالک کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اومی کرون کا خطرہ کم کرنے کے لیے سفری پابندیاں اب مؤثر نہیں۔ اس اعلان کے بعد اب انگلولا، بوٹسوانا، ایسواٹینی، لیسوتھو، ملاوی، موزمبیق، نمیبیا، نائیجیریا، جنوبی افریقا، زیمبیا اور زمبابوے سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو ہوٹل میں قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا۔

٭…15؍دسمبر2021ء کو برطانیہ میں عالمی وبا کووڈ۔19کے آغاز سے اب تک ایک روز میں کورونا کیسز کی تعداد کا نیا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں 15 دسمبر تک کورونا وائرس کے 11,010,286کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، عالمی وبا سے اموات کی مجموعی تعداد 146,791 ہے جبکہ9,617,941 افراد عالمی وبا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

٭… اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کے لیے برطانوی پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے بعد خصوصی بل منظورہو گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں ماسک لازمی پہننے کے اقدامات کے حق میں 441، مخالفت میں 41 ووٹ پڑے،سینما، تھیٹرز اور میوزیم میں بھی ماسک پہننا، نائٹ کلب اور بعض دیگر مقامات پر داخلے کے لیے ویکسینشن کا ثبوت یا کورونا کا منفی نتیجہ دکھانا لازمی ہو گا۔

٭…چین کے صوبے زی جیانگ میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر 5 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد قرنطینہ کر دیے گئے۔ متعدد اضلاع میں متعدد کمپنیوں نے پروڈکشن اور بزنس آپریشنز معطل کر دیے ہیں۔ چینی اسٹریٹیجسٹ کا کہنا ہے کہ زی جیانگ میں فیکٹریز کے شٹ ڈاؤن سے متعدد شعبوں میں سپلائی چَین (supply chain)متاثر ہوگی۔ دوسری جانب چین میں اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا ہے،متاثرہ شخص 9 دسمبر کو بیرون ملک سے آیا تھا۔جسے ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button