اطلاعات و اعلانات
درخواستِ دعا
٭… ذیشان محمود صاحب مربی سلسلہ سیرالیون اعلان کرواتے ہیں کہ ڈاکٹر عبد الحنان صاحب (ابن مکرم عبدالمنان صاحب مرحوم سابق امیر ضلع مظفرآباد، پاکستان) حال جماعت کوپن ہیگن، ڈنمارک دماغ میں تیسری بار رسولی بن جانے کے سبب علیل ہیں۔ اس سے قبل آپ کے دو آپریشن ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب موصوف مجلس نصرت جہاں کے تحت سیرالیون اور گھانا میں خدمات بجا لاچکے ہیں۔ڈاکٹرز نے ریڈیو تھیراپی تجویز کی ہے جو 21 دسمبر کو متوقع ہے۔ ڈاکٹرز نے یادداشت متاثر ہونے کے ساتھ خطرناک پیچیدگیوں سے بھی آگاہ کیا ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی خصوصی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جلد معجزانہ طور پر صحت کاملہ سے نوازے اور ہر قسم کی پیچیدگی سے بچائے۔ آمین
سانحہ ارتحال
٭… سیّد ندیم احمد صاحب آف برمنگھم یوکے اطلاع دیتے ہیں کہ خاکسار کی پیاری والدہ محترمہ سیّدہ سلیمہ یونس صاحبہ اہلیہ مکرم سیّد محمد یونس صاحب مرحوم آف دارالرحمت وسطی ربوہ بقضائے الٰہی مورخہ 17؍نومبر 2021ء بروز بدھ قریباً 94سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت ڈاکٹر سیّد غلام غوث رضی اللہ عنہ صحابی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بہو تھیں۔ مرحومہ نہایت اعلیٰ اوصاف کی مالک تھیں۔ نہایت ملنسار، غریب پرور، مہمان نواز، پابند صوم و صلوٰۃ تھیں۔ مالی قربانیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہتیں اور آٹھویں حصے کی موصیہ تھیں۔ حضور انور کے خطبات نہایت اہتمام سے سنتیں اور سب بچوں کو سننے اور عمل کرنے کی نصیحت کرتیں۔ نہایت صابر و شاکر تھیں۔ بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے 1950ء میں لاہور سے ربوہ منتقل ہوئیں اور تقریباً چھ دہائیوں تک دارالرحمت وسطی میں قیام پذیر رہیں۔ آپ کی نماز جنازہ مسجد نصرت دارالرحمت وسطی میں ادا کی گئی اور بہشتی مقبرہ ربوہ (دارالفضل) میں تدفین عمل میں آئی۔ آپ نے پسماندگان میں چھ بیٹے، تین بیٹیاں اور متعدّد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یادگار چھوڑے ہیں۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام سے نوازے نیز لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور خود حافظ و ناصر ہو۔ آمین
………٭………٭………٭………