نائیجر کے شہر نیامے میں جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کو ملک کے مختلف ریجنز کے شہروںو دیہات میں جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ کے انعقاد کی توفیق حاصل ہوئی۔ ان بابرکت جلسوں میں احمدی و غیر احمدی احباب نے ایک کثیر تعداد میں شرکت کی اور نبی کریمؐ کی پاکیزہ سیرت کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر سنیں۔
نائیجر ایک مسلمان اکثریتی آبادی والا ملک ہے اور ہر سال ربیع الاول کے مہینے میں آنحضورؐ کی مدح میں میلاد وغیرہ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ایسے میں آنحضورؐ کے وعدوں کے موافق آخرین کی جماعت حضرت مسیح موعود و مہدی معہود علیہ االسلام کی تعلیمات کی روشنی میں آنحضرتﷺ سے محبت کے اظہار کے حقیقی اور درست طریق تمام عالمِ اسلام کوسکھلانے میں کوشاں ہے اور اسی کو بنیاد بناتے ہوئے نائیجر میں جلسوں کے انعقاد کے دوران اس بات کو ملحوظ رکھا گیا کہ آنحضورﷺ پر درود و سلام اور آپؐ کی کامل اطاعت و فرمانبرداری کی اہمیت نیز زندگی کے مختلف پہلوؤں میں آنحضورﷺ کے اسوہ کو سامنے رکھ کر چلنا ہی درحقیقت ایک مسلمان کا اپنے نبی کریمؐ سے محبت کا حقیقی اظہار ہے۔
انہی جلسوں کے تسلسل میں جماعت احمدیہ نائیجر کو اپنا سب سے بڑا جلسہ سیرت النبیﷺ ملک کے دار الحکومت نیامے میں منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ اِس جلسہ کے انعقاد سے قبل تمام احمدیوں، نومبائعین اور غیر احمدی زیرِ تبلیغ مہمانوں سے رابطہ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو اِس بابرکت جلسہ کا حصہ بننے کے لیے مدعو کیا گیا۔
مورخہ 30؍اکتوبر 2021ء بعد نمازِ مغرب جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد مسجد ناصر نیامے میں کیا گی۔ نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے اس پروگرام کا آغاز ہوا۔ مکرم سعدو حمدو صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی اور اس کے بعد مکرم سلیمان موسی صاحب معلم سلسلہ نے قصیدہ پڑھ کر سنایا اور سامعین کے لیے ترجمہ بھی کیا۔ اِس کے بعد مکرم ممن سلیمان صاحب معلم سلسلہ نے آنحضورﷺ کا عورتوں سے حسنِ سلوک کے موضوع پر ایک سیر حاصل تقریر کی۔ بعد ازاں ریجن نیامے کے مرکزی مبلغ صاحب نے آنحضورﷺ کے یومِ ولادت کو منانے کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات و حضرت مسیحِ موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں صحیح طریق بیان کیے نیز اطاعت رسول ﷺ اور اطاعتِ خلافت کے حوالے سےاحباب و خواتین کو یاد دہانی کروائی۔
آخر پر مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج نائیجر نے سیرت النبیﷺ کے حوالہ سے کی گئی تقاریر سے استفادہ کرنے اور اُن پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرنے کے حوالہ سے شاملین کو تلقین کی۔ اس کے بعدجلسہ سیرت النبیﷺ دعا کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا ۔
اس جلسہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے شہر کے ایک سو سے زائد احمدی افراد کے علاوہ 12نومبائعین اور 20 سے زائد غیر احمدی مہمانوں نے شرکت کی۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک
(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل، نائیجر)