افریقہ (رپورٹس)

اجتماع و تقریب آمین میامبا ریجن، سیرالیون

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

اللہ تعالیٰ نے مورخہ 21 دسمبر 2021ء بروز منگل ہمیں سیمبےہوںمیں ریجنل اجتماع و تقریب آمین کروانے کی توفیق عطا فرمائی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک

پروگرام کی تیاری ایک مہینہ پہلے سے شروع کی گئی۔ حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے گئے اور ہفتہ وار نماز تہجد باجماعت ادا کی جاتی رہی۔ تمام جماعتوں میں اطلاع بذریعہ خط بھیجی گئی مزید برآں سیمبےہوں میں ہر جمعہ لگنے والے بازار میں بک سٹال لگا کر جماعت کے تعارف کے ساتھ اس پروگرام کی اطلاع بھی کی گئی۔

اس پروگرام میں مہمان خصوصی محترم فؤاد لولے صاحب سیکرٹری تعلیم سیرالیون تھے۔ پروگرام کاباقاعدہ آغاز صبح 8:30 بجے تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول سے کیا گیا۔ اس کے بعد بچوں نے قصائد پیش کیے اور نماز باترجمہ و احادیث پیش کیں۔ دوران سال قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں کی آمین بھی اس پروگرام کا حصہ تھی۔ محترم مہمان نے بچوں سے قرآن سنا اور نصائح کے ساتھ ساتھ اسناد سے نوازا۔

اس پروگرام میں ریجن کی تمام سرکردہ شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔ چند ایک نے اپنے مثبت خیالات کا اظہار بھی تقاریر میں فرمایا۔

اس پروگرام میں ریجن کی24 جماعتوں کی نمائندگی تھی۔ کُل حاضری 700 سے زیادہ تھی۔ جس میں 18 امام بھی شامل ہیں ۔

پروگرام کے اختتام پر تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے مثبت نتائج پیدا فرمائے اور ایمان و ایقان میں ترقی کا باعث بنائے۔آمین

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button