سیرالیون کے لُنگے ریجن میں تقریبِ آمین
مکرم میر وسیم الرشید صاحب ریجنل مبلغ لُنگے ریجن تحریر کرتے ہیںکہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 27؍دسمبر 2021ء کو Bailor Warf کی جماعت میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں کی تقریبِ آمین ہوئی۔ الحمد للہ
تقریب کا باقاعدہ آغاز دن گیارہ بجے مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم محمد یِلا صاحب نے تلاوت و ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم حسن کمارا صاحب نے اردو نظم پیش کی۔ بعد ازاں بچوں کے ایک گروپ نے کورس میں نماز باترجمہ سنائی۔ مہمانوں کے تعارف کے بعد مکرم امیر صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآنِ کریم سُنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں، قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں میں تین انصار، دو خدام اور تین اطفال شامل تھے۔ لوکل مشنری مکرم سعیدو کوروما صاحب کو ان کو قرآن پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء۔
مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں بتایا کہ حضرت مسیح موعود و مہدی معہودؑ کی بعثت کا مقصد لوگوں کو قرآنِ کریم کی صحیح تعلیمات سے آگاہ کرنا تھا اور جماعتِ احمدیہ یہ کام دنیا بھر میں کررہی ہے۔ آپ نے کہا کہ قرآنِ کریم سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہے اور ہر کسی کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ قرآنِ کریم پڑھنا جانتا ہو۔
دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا جس کے بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی اور نماز کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس پروگرام میں 14 جماعتوں سے احباب جماعت نے شرکت کی۔ 17 غیر از جماعت اماموں، علاقہ کے 19 سرکردہ احباب، 4 عیسائیوں اور 8 طلباء سمیت کل 234 افراد نے شرکت کی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت کے ہر فرد کو قرآن کریم کے نور سے منور کردے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)