اجتماعی و انفرادی نمازِ تہجد حسبِ ارشاد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ (31.12.21)کے بعد بینن کے طول و عرض میں بھی زیادہ شوق،جوش اور ولولے سے اکثر لوکل جماعتوں نے اجتماعی اور بامر مجبوری انفرادی نمازِ تہجد کا انعقاد کیا۔ ملک بھر میں 216جماعتوں کے سینکڑوں احباب نے اجتماعی طور پر نمازِ تہجد ادا کی۔ بعض ریجنز کی مساجد میں ایسے بادیہ نشین احباب بھی تھے جومسافت کی دوری کے باعث 31دسمبرکو ہی مغرب کے بعد اپنے علاقے کی جماعتی مساجد میں پہنچ گئےتاکہ باجماعت دعاؤں میں شامل ہو سکیں۔ ایسے احباب جو کسی جماعتی نماز سنٹر سے زیادہ دور تھے انہوں نے اپنے گھروں میں باجماعت اور انفرادی نماز کا انتظام کیا اور نئے سال کا آغاز کیا۔ بعد نمازفجر دروس میں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ارشاد فرمودہ دعاؤں کا ورد کیاگیا۔ اپنی شبانہ دعاؤں میں مخلصین جماعت نے اپنے پیارے امام کی صحت اور تندرستی کے لیے دعاؤں کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی، دنیا بھر میں بسنے والے احمدیوں اور عمومی طور پر تمام امتِ مسلمہ اورخلقِ خدا کی ہدایت کے لیے دعائیں کیں۔
اللہ تعالیٰ ان عاجزانہ تضرعات کو قبولیت کاشرف عطا فرماتے ہوئے بینن کے احمدی احباب کو بھی اپنے امام کی آواز پر لبیک کہنے والوں میں شمار فرمائے اور سال نوکا ہر دن ایسی ہی متضرعانہ دعاؤں سے سجانے والا بنائے۔ آمین اللھم آمین
(رپورٹ: منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)