جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کے لیے ایک اعزاز
مخبر صادق حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے خدا تعالیٰ سے خبر پاکر آخری زمانے میں ظاہر ہونےوالے مسیحؑ کے بارے میں ارشاد فرمایا تھا کہ یکسر الصلیب کہ وہ آکر صلیب کو پارہ پارہ کرے گا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپﷺ کے غلام صادق حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے جہاں مسلمانوں کی غلطیوں کی اصلاح فرمائی وہاں عیسائیت کو مردہ مذہب ثابت کر کے صلیب کو ہمیشہ کے لیے دفنا دیا۔
کونگو برازاویل میں تقریباً 97 فیصد عیسائی آبادی ہے جن کے مختلف فرقے ہیں لیکن زیادہ تر کیتھولک ہیں۔ ان کے علاوہ لوکل مذاہب بھی ہیں۔جو اسلام اور عیسائیت کے خلاف ہیں۔
چھ سال پہلے نیشنل ٹی وی کونگو کے ایک جرنلسٹ مسٹر ایڈ شیوری جاز نے ایک پروگرام شروع کیا جس میں کونگو میں مختلف کلچر اور مذاہب کو پیش کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں جماعت کو مولویوں، پادریوں اور لوکل مذاہب کے سرکردہ افراد سےکئی کامیاب مناظرے کرنے کی توفیق ملی ہے۔ اس کے نتیجے میں لوگوں کے اندر اسلام کے خلاف شکوک و شبہات دور ہو رہے ہیں اور اب لوگ برملا اظہار کر رہے ہیں کہ ہمیں اسلام احمدیت سے کوئی خطرہ نہیں ہے بلکہ ایک جرنلسٹ مسٹر الیکسی بونگو نے کہا تھا کہ اگر میں کوئی مذہب اختیار کروں گا تو وہ اسلام احمدیت ہوگا۔ ایک کرنل نے کہا کہ میں اندرسے احمدی ہوں لیکن اوپر صرف عیسائیت کا لیبل لگا ہوا ہے۔ الحمدللہ لوگوں میں شعور پیدار ہو رہاہے۔
ایک وقت ایسا بھی آیا کہ مولویوں کی طرف سے دھمکیاں ملنی شروع ہوگئیں اور جر نلسٹ پر پریشر ڈالنا شروع کر دیا کہ لوگ مسلمان نہیں ہیں ان کو پروگرام میں نہ لیا جائے۔ پادریوں نے بھی اتھارٹیز کے دروازے بجائے کہ انہیں پروگرام کرنے سے روکا جائے۔ خدا تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں کے سبب ان کے تمام حربے ناکام ہوئے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہدایت فرمائی تھی کہ ڈرنے کی ضرورت نہیں اپنا کام کرتے جائیں اور اتھارٹیز سے رابطہ میں رہیں۔
الحمدللہ حضور انور کی ہدایت کے بعد بغیر کسی خوف کے پہلے سے بڑھ کر مولویوں اور پادریوں کے اعتراضات کے جوابات دیے جا رہے ہیں۔
2016ء سے اس پروگرام کی ہر سال سالگرہ منائی جاتی ہے۔ جس میں اچھے پروگرامز پیش کرنے اور کونگو کے کلچر کی ڈویلپمنٹ میں حصہ لینے پر ایوارڈ دیے جاتے ہیں۔ مورخہ 14 جنوری 2022ء کو پانچویں تقریب تقسیم ایوارڈ منعقد کی گئی۔
امسال جرنلسٹ نے عوام کی رائے پر ایوارڈ دیا اور بفضلہ تعالیٰ عوام کی اکثریت نے خاکسار (مبلغ سلسلہ) کے حق میں ووٹ دیا۔ اس طرح خاکسار اس سال کا بہترین مناظر قرار پایا اور ٹرافی سے نوازا گیا۔ بفضلہ تعالیٰ پانچ ایوارڈز میں سے تین اب تک جماعت کو مل چکے ہیں۔ الحمد للہ
خاکسار پروگرامز میں کئی مرتبہ حکومت کونگو اور ٹی وی کونگو کی ٹیم کا شکریہ ادا کر چکا ہے کہ انہوں نے تمام مذاہب سےتعلق رکھنے والوںکو اجازت دے رکھی ہے کہ وہ آزادی کے ساتھ اپنا مؤقف بیان کر سکیں۔ ہماری جماعت کو بھی احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی اصل تعلیم پیش کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔
تمام دوستوں کی خدمت میں خصوصی دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسی طرح اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے اور اس آخری جنگ میں جو دجال کے خلاف لڑی جا رہی ہے اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭