خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(03؍فروری ۔ 09:00 GMT)
کل مریض: 385,671,605
صحت یاب ہونے والے: 305,624,913
وفات یافتگان: 5,720,117
٭…برطانیہ، پولینڈ اور یوکرین کے سہ فریقی سیکیورٹی معاہدے کے حوالے سے یوکرینی وزیراعظم نے کہا ہے کہ برطانیہ، پولینڈ اور یوکرین علاقائی سلامتی کی مضبوطی کیلئے معاہدے کی تیاری کر رہے ہیں۔ باضابطہ طور پر تعاون کا ایک نیا علاقائی فارمیٹ جلد شروع کریں گے۔ دوسری جانب پولینڈ اور برطانیہ نے یوکرین کو حالیہ کشیدہ صورتحال پر سیکیورٹی امداد کی پیشکش کی ہے۔
٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن روس۔ یوکرین کشیدہ صورتحال میں یوکرین سے اظہار یکجہتی کے لیے یوکرین پہنچ گئے۔ بورس جانسن دارالحکومت کیف میں یوکرین کے صدر ولودو میر زیلینسکی سے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔یوکرین پہنچنے سے پہلے سوشل میڈیا پر دیے گئے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایک دوست اور جمہوری شراکت دار کے طور پر برطانیہ یوکرین کی خودمختاری کو ان لوگوں کے سامنے برقرار رکھے گا جو اسے تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
٭…امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے فون پر رابطہ میں روس سے کشیدگی میں فوری کمی اور یوکرین کی سرحدوں سے فوج اور ساز و سامان کے انخلا پر زور دیا۔بلنکن نے باہمی سلامتی کے خدشات پر تبادلہ خیال جاری رکھنے کیلئے امریکی آمادگی کا عندیہ دیا۔دوسری جانب روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے اپنے بیان میں کہا کہ واشنگٹن، ماسکو کے سیکیورٹی خدشات پر بات کرنے کیلئے تیار ہے۔ انٹونی بلنکن کو بتایا ہے کہ روس اپنے مطالبات پر اصرار جاری رکھے گا۔ روسی مطالبات میں مغرب کا اپنی سیکیورٹی ذمہ داریوں پرقائم رہنا بھی شامل ہے۔
٭…امریکا میں قائم روسی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر امریکی پابندیوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ امریکی پابندیوں کی دھمکیوں پر توجہ نہیں دے رہے ہیں، کشیدگی روس نہیں بلکہ امریکا پھیلا رہا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر اناج کی منڈیوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں کیونکہ دونوں ہی دنیا میں اناج پیدا کرنے والے بڑے ممالک ہیں۔
٭…روس کے ساتھ تنازع کے پیشِ نظر توانائی کے متبادل کے لیے یورپین یونین اور قطر کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے جس میں یورپین یونین کی توانائی کی فوری ضرورت کو پورا کرنے کے لیے روس کی بجائے قطر کی جانب سے متبادل ذرائع کے حصول پر تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔ یہ مذاکرات یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین اور امیر قطر کے درمیان گذشتہ ہفتے ہونے والی ملاقات کا تسلسل ہیں۔ یورپین یونین کو یہ تجویز امریکہ کی جانب سے دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ قطر دنیا میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے بڑے ذخائر رکھنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر نے جہاں یورپ کو توانائی کی ضرورت کا متبادل دینے کی پیشکش کی ہے وہیں قطر سے بھی کہا ہے کہ ایمرجنسی سپلائی دینے کی صورت میں اسے نیٹو میں نان نیٹو اتحادی کا درجہ دلوا دیا جائے گا۔ بعض ذرائع کے مطابق قطر نے یورپ کے سامنے اپنی شرائط بھی رکھی ہیں، جن میں سے ایک شرط یہ ہے کہ اگر قطر یورپ کو سپلائی فراہم کرتا ہے تو وہ اسے یورپ سے باہر اپنے اتحادیوں کو نہیں دے گا۔
٭…یکم فروری کو میانمار میں حکومت پر فوج کے تسلط کا ایک سال مکمل ہوگیا۔ اس موقع پر یورپی یونین، امریکہ، برطانیہ سمیت کئی ممالک نے اس کی مذمت کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ ایک مشترکہ بیان میں فوجی حکومت کی جانب سے تشدد کے فوری خاتمے اور بحران کو پر امن طریقے سے حل کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے فوجی حکومت سے ہنگامی حالت کو فوری طور پر ختم کرنے، بلاروک ٹوک انسانی ہمدردی کی رسائی کی اجازت دینے، غیر ملکیوں سمیت تمام زیر حراست افراد کو رہا کرنے اور ملک کو جمہوری عمل کی طرف تیزی سے واپس لانے کے مطالبات کا اعادہ کیا گیا ہے۔ جبکہ خواتین، بچوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور پر امن مظاہرین سمیت جان گنوانے والے تمام افراد کو یاد کرتے ہوئے مذہبی اقلیتوں سمیت پورے ملک پر فوجی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔مشترکہ بیان میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ ملک میں بغاوت کے بعد سے ابتک 4 لاکھ لوگ اپنے گھروں سے غائب ہوئے ہیں۔ بیان میں آنگ سان سوچی اور دیگر سیاسی نظر بندوں کو سزا سنائے جانے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
٭…افغانستان سےغیرملکیوں کےانخلا کے لیے قطر اور طالبان کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جس کے بعد کابل ایئرپورٹ سے قطر ایئرویز کی ہفتے میں دو چارٹرڈ پروازیں چلائی جائیں گی۔ ان پروازوں کے ذریعے امریکا سمیت دیگر ممالک اپنے شہریوں کو افغانستان سے نکالیں گے۔ چارٹرڈ پروازوں سے جان کے خطرے سے دوچار افغانوں کا بھی انخلا کرایا جائے گا۔
٭…برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کا پارلیمنٹ میں کہنا تھا کہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں پارٹی کے معاملے پر معذرت خواہ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ وہ سُوگرے رپورٹ کے نتائج کو تسلیم کرتے ہیں، ہمیں ان سے سبق سیکھنا ہوگا۔ لوگوں کے غم و غصہ کا احساس ہے۔ ڈاؤئنگ اسٹریٹ اور کیبنٹ آفس کو چلانے کیلئے تبدیلیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ سول سروس کے کوڈ آف کنڈکٹ پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سرکئیر اسٹارمر نے وزیرِ اعظم کے بیان پر تنقید کی۔
٭…امارت اسلامی افغانستان کے ترجمان کے مطابق وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مولوی عبدالباقی حقانی نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان بھر میں سرکاری یونیورسٹیز اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی سلسلے کے آغاز کا اعلان کیا۔ا فغانستان کے گرم موسم رکھنے والے صوبوں کی سرکاری یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل کا آغاز 2 فروری سے ہوگا جبکہ سرد علاقوں میں سرکاری یونیورسٹیاں 26 فروری سے کھلیں گی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 15 اگست کو طالبان کے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے سرکاری یونیورسٹیز بند ہیں۔
٭…جاپان نے شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربے کے بعد اپنی افواج کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کی نگرانی کو تیز کردیا ہے۔ شمالی کوریا نے معمول سے تیز عمودی زاویے پر میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ اس میزائل نے بحیرۂ جاپان میں جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرنے سے پہلے 800 کلومیٹر تک پرواز کی اور تقریباً 2 ہزار کلومیٹر کی بلندی تک پہنچا۔ جاپان کے وزیر اعظم کِشیدا فُومیو نے میزائل تجربہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے پیانگ یانگ سے سخت احتجاج کیا ہے۔
٭…تہران میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب نے کہا کہ ایران پر پابندیوں سے متعلق اہم مسائل ابھی باقی ہیں۔ مسائل کی وجہ سے ابھی تک جوہری معاہدہ بحال نہیں ہوسکا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کی ضمانت درکار ہے کہ امریکا دوبارہ معاہدے سے باہر نہیں نکلے گا۔ فریقین بات چیت میں واپس آئیں تاکہ معاہدے کو حتمی شکل دی جاسکے۔ واضح رہے کہ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے ایران اور دیگر فریقوں میں اب تک بات چیت کے 8 دور ہوچکے ہیں۔
٭…جسٹس عمر عطا بندیال نے بطور 28 ویں چیف جسٹس آف پاکستان اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ حلف برداری تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جہاں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ وفاقی وزراء اور سپریم کورٹ کے ججز کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کے سربراہان اور وکلاء سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔موصوف ایک سال 6 ماہ 25 دن تک اعلیٰ ترین عدالت کے چیف جسٹس رہنے کے بعد 17؍ستمبر 2023ء کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔
٭…افغان طالبان کے ترجمان ذبیح ﷲ مجاہد کا کہنا ہے کہ طالبان جنگجوؤں کو تفریحی پارکوں میں اسلحہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تفریحی پارکوں میں فوجی یونیفارم اور فوجی گاڑیاں لے جانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ طالبان جنگجو تفریحی پارکوں کے تمام اصول قوانین پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
٭… مغربی جاپان کے کویاسان میں بدھ مت کے راہبوں اور ان کے پیروکاروں نے پاکیزگی حاصل کرنے کی ایک رسم میں دریا کے یخ بستہ پانی میں عبادت کی۔ جس میں غسل کے بعد انہوں نے کورونا وائرس کی وباء کے خاتمے کی دعا بھی کی۔
کویاسان یا کوہِ کویا، بدھ مت کے شِنگون فرقے کے مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے، وہاں پر اس کے ایک سو سے زائد مندر ہیں۔ یہ سالانہ رسم، اوکُونواِن نامی مندر سے گزرنے والے دریا میں اتوار کے روز منعقد ہوئی، شِنگون بدھ مت فرقے کے بانی کا مزار بھی اسی مندر میں ہے۔ سفید لباس پہنے ہوئے اور اپنے ہاتھوں میں مالائیں لیے 8 افراد نے غسل کی رسم میں حصہ لیا، کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے طور پر وہ ایک دوسرے سے فاصلہ رکھتے ہوئے،لکڑی کے گٹکے بجاتے ہوئے سُترا منتر گاتے ہوئے دریا میں داخل ہوئے۔ رسم کے وقت صبح 10 بجے، فضا اور پانی دونوں کا درجۂ حرارت صفر درجہ، سینٹی گریڈ تھا۔
٭…امریکی ریاست منی سوٹا کے سکول اور کالج میں فائرنگ کے واقعات میں 2 سیکیورٹی گارڈز اور ایک طالبعلم سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ ایک طالب علم شدید زخمی ہوگیا، پولیس نےفرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ ورجینیا کے کالج میں پیش آیا جہاں مسلح حملہ آور نے فائرنگ کرکےکالج کے 2 سیفٹی آفیسرز کو ہلاک کر دیا ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مسلح شخص کو گرفتار کر لیا۔
٭…پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے تھانہ گلبہار کی حدود میں رنگ روڈ پر مدینہ مارکیٹ کے نزدیک نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے واقعے میں ایک مسیحی پادری ہلاک جب کہ دوسرے زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں پادری پھندو کے علاقے میں قائم ایک چرچ میں عبادت کے بعد گاڑی پر جا رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی۔ ویلیم سراج علاقہ تھانہ چمکنی کی حدود میں واقع چرچ میں اسسٹنٹ پادری تھے۔ اس واقعے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس کا آغاز ہوتے ہی پاکستان کے بڑے شہروں کو دہشتگردی کی ایک لہر کا سامنا ہے۔ دارالحکومت اسلام آباد میں ایسے واقعات میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ لاہور کے مصروف انارکلی بازار میں ایک بم دھماکے میں ہلاکتیں بھی ہوئیں۔
٭…عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈبلیو ایچ او ٹیڈروس ایڈہانوم نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ملک کے لیے کورونا کے آگے ہتھیار ڈالنا یا فتح کا اعلان کرنا قبل از وقت ہے۔ یہ وائرس خطرناک ہے اور ہماری آنکھوں کے سامنے اس کا ارتقائی عمل ہو رہا ہے، کچھ ممالک کی طرف سے کورونا پابندیوں کو ختم کرنا تشویشناک ہے۔ان کے مطابق کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کا مطلب زیادہ اموات ہیں، اومی کرون کے اثرات زیادہ خطرناک نہیں لیکن دنیا کے بہت سے علاقوں میں اب اموات میں انتہائی تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک 9 کروڑ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو سال 2020ء کے کورونا کے مجموعی کیسز بھی زیادہ ہیں۔سربراہ ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ ہم ممالک سے لاک ڈاؤن کی صورتحال میں واپس جانے کو نہیں کہہ رہے البتہ تمام ممالک اپنے لوگوں کی حفاظت کے لیے ویکسین کے ساتھ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ وائرس شکلیں بدل رہا ہے، تمام ممالک ٹیسٹنگ اور نگرانی کا عمل جاری رکھیں، ہم وائرس سے نہیں لڑسکتے جب تک یہ نہ جان جائیں کہ یہ وائرس کیا کر رہا ہے۔واضح رہے کہ ڈنمارک کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود آج سے ملک میں تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کورونا پابندیاں ختم کرنے والا یورپی یونین کا پہلا ملک بن گیا ہے۔